بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 158 hadith
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا:یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ یحيٰنے عبیداللہ (عمری) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے بتایا۔ حضرت (عبداللہ) بن عمررضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ عبداللہ بن اُبی ّ جب مرگیا تو اس کا بیٹا نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا۔ اس نے کہا: یارسول اللہ! آپؐ مجھے اپنی قمیص دیں تامیں اس میں اس کو کفنائوں اورآپؐ اس کی نمازِ جنازہ پڑھائیں اور اس کی مغفرت کی دعا کریں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کو اپنی قمیص دی اور فرمایا: (جب جنازہ تیارہوتو)مجھے اطلاع دینا۔ اس کا جنازہ میں پڑھوں گا۔ چنانچہ اس نے آپؐ کو اطلاع دی۔ جب آپؐ نے اس کا جنازہ پڑھنا چاہا تو حضرت عمررضی اللہ عنہ نے آپؐ کو کھینچ لیا اور کہا: کیا اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو منافقوں کا جنازہ پڑھنے سے منع نہیں کیا۔ آپؐ نے جواب دیا: مجھے دو باتوں کا اختیار دیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: ان کے لئے مغفرت کی دعا کریا نہ کر اگر ستر بار بھی ان کے لئے مغفرت کی دعا کرے گا۔ اللہ تعالیٰ انہیں ہرگز نہیں بخشے گا۔ چنانچہ آپؐ نے اس کا جنازہ پڑھا تو یہ آیت نازل ہوئی:٭ یعنی ان میں سے جو کوئی مرجائے تو اس کا جنازہ کبھی نہ پڑھ اور اس کی قبر پر کھڑا بھی نہ ہو۔
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:سفیان) بن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت جابررضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی صلی اللہ علیہ وسلم عبداللہ بن ابی کے پاس اس کے دفن کئے جانے کے بعد آئے۔ آپؐ نے اس کو باہر نکلوایا اور اپنا لعاب دہن اس پر ڈالا اور اپنا کُرتہ اس کو پہنایا۔
(تشریح)ابونعیم نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام(بن عروہ) سے، ہشام نے عروہ سے ، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو تین سفید دُھلے ہوئے سوتی کپڑوں میں دفنایا گیا۔ ان میں نہ قمیص تھی نہ دستار۔
مسدد نے ہم سے بیان کیا،(کہا:) یحيٰ (ابن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) مجھے میرے باپ عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کرتے ہوئے بتایاکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تین کپڑوں میں دفنائے گئے۔ ان میں نہ قمیص تھی نہ دستار ۔} ابوعبداللہ نے کہا: ابونعیم نے تین کا لفظ روایت نہیں کیا اور عبداللہ بن ولید نے سفیان سے تین کا لفظ نقل کیا ہے۔ {
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہاسے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تین دھلے ہوئے سفید کپڑوں میں کفنایا گیا۔ ان میں نہ قمیص تھی نہ دستار۔
(تشریح)قبیصہ بن عقبہ نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سفیان (ثوری)نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد (حذائ)سے، خالد نے ام ہذیل (حفصہ بنت سیرین) سے، امّ ہذیل نے حضرت امّ عطیہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ کہتی تھیں: جنازوں کے ساتھ جانے سے ہم روکی گئی تھیں مگر ہمیں تاکیدی حکم نہیں دیا گیا تھا۔
(تشریح)احمدبن محمد مکی نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعد سے اور سعد نے اپنے باپ (ابراہیم بن عبدالرحمن) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ کے سامنے ایک دن کھانا لایا گیا تو انہوں نے کہا: مصعب بن عمیرؓ شہید ہوئے اور وہ مجھ سے بہتر تھے۔ ان کے لئے سوائے ایک چادر کے کچھ نہیں ملا جس میں انہیں کفنایا جاتا۔ اور حمزہؓ بھی شہید ہوئے یا کہا: کوئی دوسرا شخص جو مجھ سے بہتر تھا، اس کے لئے بھی سوائے ایک چادرکے کچھ نہیں ملا جس میں انہیں کفنایا جاتا۔ مجھے ڈر ہے کہ کہیں ہمارے آرام کے سامان ہمیں اس دنیا میں ہی نہ دے دیئے گئے ہوں۔ (یہ کہہ کر ) پھر آپؓ رونے لگے۔
(تشریح)محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) شعبہ نے ہمیں خبردی کہ انہوں نے سعد بن ابراہیم سے، سعد نے اپنے باپ ابراہیم سے روایت کی کہ حضرت عبدالرحمن بن عوف رضی اللہ عنہ کے سامنے (بوقت افطار) کھانا لایا گیا اور وہ روزہ دار تھے۔ وہ کہنے لگے: مصعب بن عمیرؓ شہید ہوئے اور وہ مجھ سے بہتر تھے۔ وہ ایک ہی چادر میں کفنائے گئے ۔ اگر ان کا سر ڈھانپا جاتا تو ان کے پائوں کھل جاتے۔ اگر پائوں ڈھانپے جاتے تو ان کا سر کھل جاتا۔ میں سمجھتا ہوں، یہ بھی کہا: حمزہ ؓ شہید ہوئے اور وہ مجھ سے بہتر تھے۔ پھر(ان کے بعد) ہمیں دنیا کی وہ کشائش ہوئی جو ہوئی یا یوں کہا: ہمیں دنیا سے وہ کچھ دیا گیا جو دیا گیا اور ہمیں تو ڈر ہے کہیں ہماری نیکیوں کا بدلہ جلدی ہی نہ مل گیا ہو۔ پھر وہ رونے لگے یہاں تک کہ کھاناچھوڑدیا۔
(تشریح)عمر بن حفص بن غیاث نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) میرے باپ نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) اعمش نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شقیق نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) حضرت خباب (بن ارت) رضی اللہ عنہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ہم نے نبی ﷺکے ساتھ وطن چھوڑا۔ اللہ تعالیٰ ہی کی رضامندی ہم چاہتے تھے اور ہمارا بدلہ اللہ کے ذمہ ہوگیا۔ ہم میں سے ایسے بھی ہیں جو مرگئے اور انہوں نے اپنے بدلہ سے کچھ نہیں کھایا۔ انہیں میں سے حضرت مصعب بن عمیرؓ بھی ہیں اور ہم میں ایسے بھی ہیں جن کا میوہ پک گیا اور وہ اس میوہ کو چن رہے ہیں۔حضرت مصعبؓ احد کے دن شہید ہوئے تھے اور ہمیں صرف ایک ہی چادر ملی تھی کہ جس سے ہم ان کو کفناتے۔ جب ہم اس سے ان کا سرڈھانپتے تو ان کے پائوں کھل جاتے اور اگر ان کے پائوں ڈھانپتے تو ان کا سر کھل جاتا تو نبی ﷺ نے ہمیں فرمایا: ہم ان کا سرڈھانپ دیں اور ان کے پائوں پر اذخر (خوشبودار گھاس)ڈال دیں۔
(تشریح)عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہم سے بیان کیا، (کہا:عبدالعزیز) بن ابی حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت سہل رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ ایک عورت نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک بُنی ہوئی چادر لائی جس میں حاشیہ تھا۔ تم جانتے ہو بردہ کیا ہوتی ہے ؟ لوگوں نے کہا: بُردار چادر۔ انہوں نے کہا: ہاں۔ کہتی تھیں: میں اس کو اپنے ہاتھ سے بُن کر اس لئے لائی ہوں کہ میں آپؐ کو یہ پہننے کے لئے دوں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے وہ لے لی۔ آپؐ کو اس کی ضرورت تھی۔ آپؐ باہر نکلے اور وہ چادر آپؐ کا تہ بند تھی۔ ایک شخص نے اس کی تعریف کی اور کہا: مجھے پہننے کے لئے دے دیجئے۔ یہ کیا ہی عمدہ ہے۔ لوگوں نے کہا: تم نے اچھا نہیں کیا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ پہنی ہے۔ ایسی حالت میں کہ آ پؐ کو اس کی ضرورت تھی۔ پھر باوجود اس کے تم نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے مانگی ہے اورتمہیں علم ہے کہ آپؐ سوال ردّ نہیں کیاکرتے۔ اس نے جواب دیا: میں نے اللہ کی قسم اس لئے نہیں مانگی کہ اسے پہنوں بلکہ اس لئے مانگی ہے کہ تا وہ میرا کفن ہو۔ حضرت سہلؓ نے کہا: چنانچہ وہ (چادر) اُن کا کفن ہوئی۔
(تشریح)