بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 309 hadith
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے حضرت جابر (بن عبداللہ انصاریؓ) سے، حضرت جابرؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: کعب بن اشرف سے کون نپٹے گا؟ محمد بن مسلمہؓ نے کہا: آپؐ چاہتے ہیں کہ میں اس کو مار ڈالوں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ انہوں نے کہا: تو کیا پھر مجھے اجازت ہے کہ میں کوئی بات بنائوں؟ آپؐ نے فرمایا: میری طرف سے اجازت ہے۔
محمد بن عبداللہ بن نُمَیر نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن ادریس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے قیس (بن ابی حازم) سے، قیس نے حضرت جریر (بن عبداللہ) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب سے میں مسلمان ہوا ہوں نبی ﷺ
اورمیں نے آپؐ سے شکایت کی کہ میں گھوڑے پر جم کر نہیں بیٹھ سکتا۔ آپؐ نے میرے سینے پر ہاتھ مارا اور فرمایا: اے اللہ! اسے گھوڑے پر جم کر بیٹھنے کی توفیق دے اور اس کو راہِ راست کا رہبر بنا اور راہِ راست دِکھا۔
(تشریح)لیث نے کہا عُقَیل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم بن عبداللہ سے، سالم نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اُبی بن کعب کو ساتھ لے کر ابن صیاد کی طرف روانہ ہوئے۔ آپؐ کو بتایا گیا کہ وہ نخلستان میں ہے۔ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نخلستان میں اس کے پاس پہنچے تو آپؐ کھجوروں کی آڑ لیتے ہوئے احتیاط سے چلنے لگے اور ابن صیاد اپنی ایک چادر اوڑھے ہوئے تھا۔ اس میں سے روں روں کی آواز آرہی تھی۔ }ابن٭{ صیاد کی ماں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھ لیا اور بولی: ارے صاف! یہ محمدآگئے ہیں۔ یہ سن کر ابن صیاد جلدی سے اُٹھ کھڑا ہو۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر وہ اسے رہنے دیتی تو اس کا حال کھل جاتا۔
(تشریح)مسدد نے ہمیں بتایا کہ ابوالاحوص نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسحق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوںنے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جنگ خندق میں دیکھا۔ آپؐ مٹی ڈھو رہے تھے۔ حالت یہ تھی کہ مٹی نے آپؐ کے سینے کے بالوں کو چھپا رکھا تھا اور آپؐ کے جسم پر بال بہت تھے اور آپؐ عبداللہ (بن رواحہؓ) کے یہ رجزیہ اشعار پڑھتے جاتے تھے: اے اللہ! اگرتو ہدایت نہ دیتا تو ہم کبھی ہدایت نہ پاتے۔ اور نہ ہم صدقہ دیتے اور نہ نماز پڑھتے۔ سوہم پر سکینت نازل فرما۔ اور ہمارے قدموں کو مضبوط رکھ، اگر ہماری مٹھ بھیڑ ہو۔ ان دشمنوں نے ہی ہم پر ظلم کئے ہیں جب بھی انہوں نے کوئی فتنہ اُٹھاناچاہا ہم انکار کرتے رہے۔ آپؐ ان شعروں کو پڑھتے وقت اپنی آواز بلند فرماتے۔
(تشریح)علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ ابوحازم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: لوگوں نے حضرت سہل بن سعد ساعدی رضی اللہ عنہ سے پوچھا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زخم کا علاج کس چیز سے کیا گیا تھا؟ حضرت سہلؓ نے کہا: لوگوں میں سے اب کوئی باقی نہیں رہا جو اس بارہ میں مجھ سے بڑھ کر جانتا ہو۔ حضرت علیؓ اپنی ڈھال میں پانی لاتے تھے اور وہ یعنی حضرت فاطمہؓ آپؐ کے چہرے سے خون دھوتی تھیں اور ایک چٹائی لی گئی اور اس کو جلایا گیا۔ پھر اس سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا زخم بھر دیا گیا۔
(تشریح)عمروبن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ زُہَیر نے ہمیں بتایا۔ ابواسحق نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما کو بیان کرتے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے جنگ احد کے دن پیادہ فوج پر حضرت عبداللہ بن جبیرؓ کو مقرر فرمایا اور یہ پچاس آدمی تھے اور ان سے فرمایا: اپنی اس جگہ سے نہ ہٹنا خواہ دیکھو کہ پرندے ہم پر جھپٹ رہے ہیں۔ اپنی جگہ پر رہنا، تاوقتیکہ میں تمہیں نہ بلا بھیجوں اور اگر تم ہمیں اس حالت میں بھی دیکھو کہ لوگوں کو ہم نے شکست دے دی ہے اور انہیں ہم نے روند ڈالا ہے۔ تب بھی یہاں سے نہ سِرکنا، جب تک کہ میں تمہیں نہ کہلا بھیجوں۔ چنانچہ مسلمانوں نے ان کو شکست دے کر بھگادیا۔ حضرت برائؓ کہتے تھے: بخدا میں نے (مشرک) عورتوں کو دیکھا کہ وہ بھاگ رہی تھیں اور وہ اپنے کپڑے اُٹھائے ہوئے تھیں۔ ان کی پازیبیں اور پنڈلیاں ننگی ہو رہی تھیں۔ (حضرت عبداللہ) بن جبیرؓ کے ساتھیوں نے یہ دیکھ کر کہا: لوگو! چلو، غنیمت حاصل کریں۔ تمہارے ساتھی غالب ہوگئے۔ تم کیا انتظار کر رہے ہو؟ حضرت عبداللہ بن جبیرؓ نے کہا: کیا تم وہ بات بھول گئے ہو جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تم سے فرمائی تھی؟ انہوں نے کہا: بخدا ضرور ہم بھی لوگوں کے پاس پہنچیں گے اور غنیمت کا مال لیں گے۔ جب وہ وہاں پہنچے تو ان کے منہ پھیر دئیے گئے اور شکست کھا کر بھاگتے ہوئے لوٹے۔ یہی وہ واقعہ ہے جس کے متعلق اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: جبکہ رسول تمہاری سب سے پچھلی جماعت میں (کھڑا) تمہیں بلا رہا تھا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس بارہ آدمیوں کے سوا اور کوئی نہ رہا اور کافروں نے ہم میں سے ستر آدمی شہید کئے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپؐ کے صحابہ نے جنگ بدر میں مشرکوں کے ایک سو چالیس آدمیوں کو نقصان پہنچایا تھا۔ ستر قیدی اور ستر مقتول۔ ابوسفیان نے تین بار پکار کر کہا: کیا ان لوگوں میں محمد ہے؟ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے صحابہ کو اسے جواب دینے سے روک دیا۔ پھر اس نے تین بار پکار کر پوچھا: کیا لوگوں میں ابوقحافہ کا بیٹا ہے؟ پھر تین بار پوچھا: کیا ان لوگوں میں ابن خطاب ہے؟ پھر وہ اپنے ساتھیوں کی طرف لوٹ گیا اور کہنے لگا: یہ جو تھے وہ تو مارے گئے۔ یہ سن کر حضرت عمرؓ اپنے آپ کو قابو میں نہ رکھ سکے اور بولے: اے اللہ کے دشمن! بخدا تم نے جھوٹ کہا ہے۔ جن کا تونے نام لیا ہے وہ سب زندہ ہیں۔ جو بات ناگوار ہے اس میں سے ابھی تیرے لئے بہت کچھ باقی ہے۔ ابوسفیان بولا: یہ معرکہ بدر کے معرکے کا بدلہ ہے اور لڑائی تو ڈول کی طرح ہے۔ (کبھی اس کی فتح اور کبھی اس کی۔) تم ان لوگوں میں کچھ ایسے مردے پائوگے جن کے ناک کان کٹے ہوئے ہیں۔ میں نے اس کا حکم نہیں دیا اور میں نے اسے برا بھی نہیں سمجھا۔ پھر اس کے بعد وہ یہ رجزیہ فقرہ پڑھنے لگا: ہبل کی جَے۔ ہبل کی جے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: کیا اسے جواب نہیں دوگے؟ صحابہ نے کہا: یارسول اللہ! ہم کیاکہیں؟ آپؐ نے فرمایا: تم کہو۔ اللہ ہی سب سے بلند اور بڑی شان والا ہے۔ پھر ابوسفیان نے کہا: عُزّٰی نامی بت ہمارا ہے اور تمہارا کوئی عُزّٰی نہیں۔ نبی ﷺ نے یہ سن کر فرمایا: کیا تم اسے جواب نہیں دو گے؟ حضرت براء بن عازبؓ کہتے تھے: صحابہ نے کہا: یا رسول اللہ! ہم کیا کہیں؟ آپؐ نے فرمایا: کہو۔ اللہ ہمارا مددگار ہے اور تمہارا کوئی مددگار نہیں۔
(تشریح)قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔انہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سب لوگوں سے زیادہ خوبصورت، سب لوگوں سے زیادہ سخی اور سب لوگوں سے زیادہ بہادر تھے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: ایک رات مدینہ والے یکایک گھبرا گئے۔ انہوں نے کوئی آواز سنی تھی۔ کہتے تھے: وہ باہرگئے تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم ان کو سامنے سے آتے ہوئے ملے۔ آپؐ حضرت ابوطلحہؓ کے گھوڑے کی ننگی پیٹھ پر سوار تھے اور تلوار لٹکائی ہوئی تھی۔ آپؐ نے فرمایا: ڈرو نہیں۔ ڈرو نہیں۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں نے اس گھوڑے کو دریا پایا ہے۔
مکی بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن ابی عبید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت سلمہ (بن اکوعؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے ان کو خبردی۔ وہ کہتے تھے کہ میں مدینہ سے نکل کر غابہ کی طرف جا رہا تھا۔ جب میں غابہ کی پہاڑی کے موڑ پر پہنچا تو عبدالرحمن بن عوفؓ کا ایک غلام مجھ سے ملا۔ میں نے کہا: ارے تم یہاں کیسے، اس نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی دودھیل اونٹنیاں پکڑ کرلے گئے ہیں۔ میں نے کہا: کون لے گئے ہیں؟ کہنے لگا: غطفان اور فزارہ کے لوگ۔ میں نے تین دفعہ یا صباحاہ، یا صباحاہ للکارا۔ مدینہ کے دونوں پتھریلے کناروں کے درمیان جتنے لوگ تھے سبھی کو سنائی دیا۔ پھر میں سرپٹ دوڑا۔ یہاں تک کہ ان سے جاملا اور انہوں نے اونٹوں کو پکڑا ہوا تھا۔ میں ان پر تیر پھینکنے لگا اور یہ کہتا جاتا تھا: میں اکوع کا بیٹا ہوں اور آج وہ دن ہے کہ جب کمینے لوگوں کی ہلاکت ہوگی۔ آخر میں نے ان اونٹنیوں کو ان لوگوں سے چھڑا لیا۔ پیشتر اس کے کہ وہ پانی پیتے۔ پھر میں }انہیں ہانک کر واپس لے٭{ آیا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم مجھ سے ملے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! یہ لوگ پیاسے تھے اور پانی پینے سے پہلے ہی میں نے ان کو جا لیا۔ آپؐ ان کے پیچھے فوج بھیجیں۔ آپؐ نے فرمایا: اکوع کے بیٹے! تم غالب آگئے ہو درگزر کرو۔ ان لوگوں کی قوم مہمان نواز ہی رہی ہے۔ طرفہُ: ۴۱۹۴۔
(تشریح)