بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 187 hadith
اسحاق بن نصر نے مجھے بتایا کہ یحيٰ بن آدم نے ہم سے بیان کیاکہ اسرائیل نے ہمیں بتایا، اسرائیل نے ابو اسحاق سے،ابواسحاق نے عبدالرحمٰن بن اسود سے، عبدالرحمٰن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نےحضرت عائشہؓ سے روایت کی، فرماتی تھیں: میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو عمدہ سے عمدہ خوشبو جو آپؐ کو مل سکتی لگایا کرتی تھی ایسی عمدہ تھی کہ میں آپؐ کے سر اور داڑھی میں اس خوشبو کی چمک کو دیکھتی تھی۔
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ ابن ابی ذئب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سہل بن سعد سے روایت کی کہ ایک شخص نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے گھر میں ایک سوراخ سے جھانک کر دیکھا اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم اپنے سر کو پشت خار سے کھجلا رہے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر مجھے علم ہوتا کہ تم دیکھ رہے ہو تو میں ضرور تمہاری آنکھ میں وہی پشت خار چبھو دیتا۔ دیکھنے کی وجہ سے ہی اجازت لینا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اشعث بن سلیم سے، اشعث نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہؓ سے، حضرت عائشہؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپؐ اپنے بالوں میں کنگھی کرنے نیز وضو کرتے وقت جہاں تک ہوسکتا دائیں طرف سے شروع کرنا پسند فرماتے۔
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا کہ وہیب نے ہم سے بیان کیاکہ ہشام (بن عروہ) نے ہمیں بتایا، ہشام نے عثمان بن عروہ سے، عثمان نے اپنے باپ سے ، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو آپؐ کے احرام باندھتے وقت عمدہ سے عمدہ خوشبو جو مجھے ملتی لگایا کرتی تھی۔
ابونعیم نے ہمیں بتایا کہ عزرہ بن ثابت انصاری نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ثمامہ بن عبداللہ نے مجھے بتایا۔ ثمامہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ وہ خوشبو کو ردّ نہیں کیا کرتے تھے اور کہتے تھے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم خوشبو کو ردّ نہیں کیا کرتے تھے۔
عبداللہ بن یوسف(تنیسی) نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سر میں اس وقت بھی کنگھی کیا کرتی تھی جب کہ میں حائضہ ہوتی۔عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کرتے ہوئے ایسا ہی بتایا۔
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف صنعانی) نے ہمیں بتایاکہ معمر نے ہمیں خبر دی، معمر نے زہری سے، زہری نے (سعید) بن مسیب سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا (کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے) بنی آدم کے تمام کام اس کے لئے ہیں سوائے روزے کے کیونکہ وہ میرے لئےہے اور میں اس کا بدلہ دوں گا اور روزے دار کے منہ کی بو اللہ کو مشک کی خوشبو سے بھی زیادہ پسند ہے۔
عثمان بن ہیثم نے ہم سے بیان کیا،یا محمد (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن جریج سے روایت کی کہ عمر بن عبداللہ بن عروہ نے مجھے بتایا۔ عمر نے عروہ اور قاسم (بن محمد) سے سنا ان دونوں نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے ہاتھ سے حجۃ الوداع میں جب کہ آپؐ نے احرام کھولا اور احرام باندھا زریرہ کی خوشبو لگائی۔
عثمان (بن ابی شیبہ) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن عبدالحمید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور (بن معتمر )سے، منصور نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہؓ (بن مسعود )سے روایت کی کہ اللہ نے گودنے والیوں اور گدوانے والیوں کو اور چہرے کے روئیں نکالنے والیوں اور خوبصورتی کے لئے دانت کشادہ کرانے والیوں کو جو اللہ تعالیٰ کی بناوٹ کو تبدیل کرنے والیاں ہیں، پر لعنت کی ہے۔ مجھے کیا ہے کہ میں ان کو لعنتی نہ ٹھہراؤں جن کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے لعنتی ٹھہرایا ہے حالانکہ یہ حکم کتاب اللہ میں ہے یعنی جو رسول نے تمہیں دیا ہے اس کو لو۔ اور جس سے تمہىں روکے اُس سے رُک جاؤ۔
اسماعیل(بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا انہوں نے کہا کہ مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حمید بن عبدالرحمٰن بن عوف سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت معاویہ بن ابی سفیانؓ سے سنا۔ جس سال انہوں نے حج کیا اور وہ منبر پر تھے اور کہہ رہے تھے اور انہوں نے بالوں کا ایک چٹلا لیا جو ان کے محافظ کے ہاتھ میں تھا تمہارے علماء کہاں ہیں؟ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپؐ اس قسم کے کام سے منع کرتے تھے اور فرماتے تھے: بنی اسرائیل تو اسی وجہ سے تباہ ہوئے کہ جب ان کی عورتوں نے یہ کام شروع کیا۔