بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 105 hadith
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابواحمد (محمد بن عبداللہ) زبیری نے ہمیں بتایا۔ کہ عمر بن سعید بن ابی حسین نے ہمیں بتایا، انہوں نے کہا ہم سے عطاء بن ابی رباح نے بیان کیا ۔ عطاء نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے،حضرت ابوہریرہؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی آپؐ نے فرمایا: اللہ نے کوئی بھی بیماری نہیں اتاری مگر ضرور اس کا علاج بھی اُتارا ہے۔
(تشریح)قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ بشر بن مفضل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے خالد بن ذکوان سے، خالد نے حضرت ربیع بنت معوذ بن عفراءؓ سے روایت کی وہ کہتی تھیں: ہم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جنگ میں جایا کرتی تھیں لوگوں کو پانی پلاتیں اور ان کی خدمت کرتی تھیں اور مقتولوں اور زخمیوں کو مدینہ واپس لے جاتیں۔
(تشریح)علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا کہ ابواسامہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا ہشام (بن عروہ) نے مجھے بتایا۔ ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ آپ فرماتی تھیں: نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو میٹھا اور شہدپسند تھا۔
حسین (بن محمد بن زیاد) نے مجھ سے بیان کیا کہ احمد بن منیع نے ہمیں بتایا کہ مروان بن شجاع نے ہم سے بیان کیا۔ سالم افطس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: شفاء تین چیزوں میں ہے۔ شہد کے شربت میں اور پچھنہ لگانے میں اور آگ سے داغ دینے میں اور میں اپنی امت کو داغنے سے منع کرتا ہوں۔( حضرت ابن عباسؓ نے) اس حدیث کو مرفوعاً بیان کیا اور (یعقوب بن عبداللہ) قمی نے اس کو لیث سے، لیث نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت ابن عباسؓ سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے نقل کیا۔ اس میں صرف شہد اور پچھنے لگانے کا ہی ذکر ہے۔
محمد بن عبدالرحیم نے مجھ سے بیان کیا کہ سُریج بن یونس ابوالحارث نے ہمیں خبردی کہ مروان بن شجاع نے ہمیں بتایا ۔ مروان نے سالم افطس سے، سالم نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے،حضرت ابن عباسؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تین چیزوں میں شفا ہے۔ پچھنے لگانے میں یا شہد کے شربت میں یا آگ سے داغ دینے میں اور میں اپنی امت کو داغنے سے منع کرتا ہوں۔
(تشریح)عباس بن ولید نے ہمیں بتایا کہ عبدالاعلیٰ نے ہم سے بیان کیا۔سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ سعید نے قتادہ سے، قتادہ نے ابو متوکل (ناجی) سے، ابو متوکل نےحضرت ابو سعید (خدریؓ)سے روایت کی کہ ایک شخص نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا کہنے لگا میرے بھائی کو پیٹ کی شکایت ہے آپؐ نے فرمایا اس کو شہد پلاؤ پھر وہ آپ کے پاس دوسری بار آیا آپؐ نے فرمایا اُس کو شہد پلاؤ پھر وہ تیسری مرتبہ آیا آپؐ نے فرمایا اس کو شہد پلاؤ پھر وہ آیا اور کہنے لگا میں نے پلا دیا ہے، (مگر اس کو افاقہ نہیں ہوا۔)آپؐ نے فرمایا اللہ نے سچ فرمایا ہے اور تمہارے بھائی کے پیٹ نے جھوٹ کہا ہے۔ اس کو شہد پلاؤ تو اس نے اسے شہد پلایا تو اس کو شفا ہوئی۔
(تشریح)مسلم بن ابراہیم نے ہمیں بتایاکہ سلام بن مسکین ابو نوح بصری نے ہم سے بیان کیاکہ ثابت نے ہمیں بتایا۔ ثابت نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ کچھ لوگوں کو کوئی بیماری ہو گئی۔ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ ! ہمارے قیام و طعام کا انتظام فرما دیں۔ جب وہ تندرست ہوگئے تو کہنے لگے: مدینہ کی آب و ہوا خراب ہے۔ آپؐ نے ان کو حرہ میں اپنے کچھ اونٹوں میں ٹھہرایا اور فرمایا کہ ان کا دودھ پیو۔ جب وہ تندرست ہوگئے تو انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے چرواہے کو مار ڈالا اور آپؐ کے اونٹ ہانک کر لے گئے تو آپؐ نے ان کے پیچھے آدمی بھیجے اور پھر (اُن کے جرم کے بدلے) اُن کے ہاتھ اور پاؤں کٹوا ڈالے اور ان کی آنکھوں میں گرم سلائیاں پھروائیں۔ میں نے ان میں سے ایک شخص کو دیکھا کہ وہ اپنی زبان زمین پر مارتا تھا یہاں تک کہ اسی طرح مرگیا۔ سلام (بن مسکین) کہتے تھے۔ مجھے یہ خبر پہنچی ہے کہ حجاج (بن یوسف) نےحضرت انسؓ سے کہا: مجھے سخت ترین سزا بتائیں جو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے دی ہو تو انہوں نے حجاج سے یہی سزا بیان کی۔ حسن (بصری) کو یہ خبر پہنچی تو انہوں نے کہا: کاش وہ حجاج سے یہ بیان نہ کرتے۔
(تشریح)موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن یحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ (بن دعامہ) سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ کچھ لوگوں نے مدینہ میں آب و ہوا کو ناموافق پایا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو حکم دیا کہ وہ آپؐ کے چرواہے یعنی اونٹوں سے جاملیں اور وہاں ان کے دودھ اور ان کے پیشاب پئیں۔ چنانچہ وہ آپؐ کے چرواہے سے جا ملے اور وہاں ان کے دودھ اور پیشاب پئے۔ یہاں تک کہ ان کے جسم اچھے بھلے ہوگئے۔ تو انہوں نے چرواہے کو مار ڈالا اور اونٹ ہانک کر لے گئے۔ یہ خبر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو پہنچی تو ان کے تعاقب میں آدمی بھیجے۔ ان کو لایا گیا اور آپؐ نے (اُن کے جرم کے بدلے) اُن کے ہاتھ اور پاؤں کٹوا ڈالے اور ان کی آنکھوں میں گرم سلائیاں پھروائیں۔ قتادہ نے کہا: مجھے محمد بن سیرین نے بتایا کہ یہ واقعہ شرعی سزائیں نازل ہونے سے پہلے ہوا تھا۔
(تشریح)عبداللہ بن ابی شیبہ نے مجھے بتایا کہ عبیداللہ (بن موسیٰ کوفی) نے ہم سے بیان کیا۔ اسرائیل (بن یونس) نے ہمیں بتایا۔ اسرائیل نے منصور( بن معتمر) سے، منصور نے خالد بن سعد سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم سفر میں نکلے اور ہمارے ساتھ غالب بن ابجر بھی تھے تو وہ راستے میں بیمار ہوگئے۔ ہم مدینہ پہنچے تو وہ ابھی بیمار ہی تھے (عبداللہ) بن ابی عتیق ان کی عیادت کو آئے۔ تو انہوں نے ہم سے کہا: تم یہ کلونجی استعمال کرو۔ یہ پانچ یا سات (دانے)لے کر ان کو پیس لو۔ پھر زیتون کے تیل کے چند قطروں میں ملا کر اس کے ناک میں ٹپکاؤ اس طرف بھی اور اس طرف بھی۔ کیونکہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپؐ فرماتے تھے: یہ کالا دانہ (کلونجی) ہر بیماری سے شفا دیتا ہے سوائے سام کے۔ میں نے پوچھا سام کیا ہوتا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: موت۔