بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 520 hadith
عبداللہ بن مسلمہ (قعنبی) نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا۔انہوں نے یزید بن ابی عُبَید سے، انہوں نے حضرت سلمہ (بن اکوَع) ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت علی ؓ غزوۂ خیبر میں نبی ﷺ سے پیچھے رہ گئے تھے کیونکہ ان کی آنکھیں دُکھ رہی تھیں۔ کہنے لگے:میں نبی ﷺ کے پیچھے رہ جاؤں؟ (یہ کیسے ہوسکتا ہے) آخر وہ آنحضرتﷺ سے آملے۔ جب ہم نے وہ رات گزاری جس کی صبح کو خیبر فتح ہوا تو آپؐ نے (اس رات) فرمایا: میں کل عَلَم اس شخص کو دوں گا یا (فرمایا:) جھنڈا وہ شخص سنبھالے گا جس سے اللہ اور اس کا رسول محبت رکھتے ہیں۔ اس کے ہاتھ پر خیبر فتح ہوگا۔ (یہ سن کر) ہم سب اس کی امید رکھنے لگے۔ لوگوں نے آپؐ سے کہا: یہ علیؓ آپہنچے ہیں۔ تب آپؐ نے جھنڈا اُن کو دیا اور اُن کے ہاتھ پر خیبر فتح ہوا۔
اسماعیل (بن ابی اویس) نے ہم سے بیان کیا، کہا: میرے بھائی (عبدالحمید) نے مجھے بتایا، انہوں نے سلیمان (بن بلال) سے، سلیمان نے یحيٰ (بن سعید انصاری) سے، یحيٰ نے حمید طویل سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم خیبر کے راستے میں (مدینہ اور خیبر کے درمیان) تین دن ٹھہرے جن میں حضرت صفیہ بنت حيؓ کی خاطرداری منظورتھی اور اس کے بعد ان سے شادی کی اور وہ بھی ان عورتوں میں سے تھیں جن کے لئے (الگ) پردہ کا انتظام کیا گیا تھا۔
محمد بن مقاتل نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبردی کہ عبیداللہ بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے (حضرت عبداللہ) بن عمرؓسے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوۂ خیبر کے اثناء پالتو گدھوں کا گوشت کھانے کی ممانعت فرمادی۔
اسحاق بن نصر نے مجھے بتایا کہ محمد بن عبید نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع اور سالم سے، دونوں نے (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے پالتو گدھوں کا گوشت کھانے سے روک دیا۔
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبدالرحمٰن نے ہمیں بتایا۔انہوں نے ابوحازم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ نے مجھے بتایا کہ جس دن خیبر کی جنگ ہوئی، (اس دن) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں یہ عَلَم کل ایسے شخص کو دوں گا جس کے ہاتھ پر اللہ فتح کردے گا، وہ اللہ اور اس کے رسولؐ سے محبت رکھتا ہے اور اللہ اور اس کا رسولؐ بھی اس سے محبت رکھتے ہیں۔ لوگ رات بھر باتیں کرتے رہے کہ (دیکھیں) ان میں سے کس کو عَلَم دیا جائے گا۔ جب لوگ صبح اُٹھے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس گئے۔ ان میں سے ہر شخص یہی امید رکھتا تھا کہ جھنڈا اُسے دیا جائے گا۔ آپؐ نے پوچھا: علی بن ابی طالب ؓ کہاں ہیں؟ آپؐ سے کہا گیا:یارسول اللہ! وہ آشوبِ چشم سے بیمار ہیں۔ حضرت سہلؓ کہتے تھے: آپؐ نے ان کو بلوا بھیجا۔ وہ آگئے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کی آنکھوں میں لعاب لگایا اور ان کے لئے دعا کی۔ وہ ایسے تندرست ہوگئے کہ گویا انہیں درد تھا ہی نہیں۔ آپؐ نے ان کو عَلَم دیا۔ حضرت علی ؓ کہنے لگے: یارسول اللہ! کیا میں ان سے اس وقت تک جنگ کرتا رہوں کہ وہ ہمارے جیسے ہوجائیں؟ آپؐ نے فرمایا: آہستگی سے سنبھل کر چلے جائیں یہاں تک کہ جب ان کے آنگن میں ڈیرہ لگائیں تو پھر ان کو اسلام کی دعوت دیں اور انہیں بتائیں اللہ کے جو حقوق ان پر واجب ہیں۔ اللہ کی قسم! آپؓ کے ذریعہ اللہ ایک شخص کو بھی راہ راست پر لے آئے تو یہ امر آپؓ کے لئے اس سے بہتر ہے کہ آپؓ کو (بہت سے) سرخ اونٹ مل جائیں۔
عبدالغفار بن داؤد نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب بن عبدالرحمٰن نے ہمیں بتایا۔ ا ور احمد بن عیسیٰ نے بھی مجھے بتایا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہم سے بیان کیا،کہا: یعقوب بن عبدالرحمٰن زُہری نے مجھے بتایا۔ زُہری نے مطلب (بن عبداللہ) کے غلام عمرو سے، انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم خیبر میں آئے جب اللہ نے آپؐ کے لئے قلعہ فتح کرا دیا تو آپؐ سے حضرت صفیہ بنت حي بن اخطبؓ کی خوبصورتی کا ذکر کیا گیا۔ ان کا خاوند مارا گیا تھا اور وہ ابھی دلہن تھیں۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو اپنے لئے پسند کیا اور ان کو اپنے ساتھ لے کر (خیبر سے) نکلے۔ جب ہم سدصہباء پہنچے وہ حیض سے پاک ہوئیں اور وہاں رسول اللہ ﷺ نے ان سے شادی کی اور ایک چھوٹے سے دسترخوان پر حیس (کھجور اور ستو کا ملیدہ) تیار کروا کر رکھوایا۔ پھر آپؐ نے مجھے فرمایا: جو تمہارے آس پاس ہوں انہیں اطلاع دو۔ چنانچہ حضرت صفیہؓ کی شادی میں آپؐ کا یہی ولیمہ تھا۔ پھر ہم مدینہ کی طرف روانہ ہوئے اور میں نے نبی ﷺ کو دیکھا۔ آپؐ حضرت صفیہؓ کے لئے اپنے پیچھے عباء کو لپیٹ کر گدا بناتے۔ پھر اپنے اونٹ کے قریب بیٹھ جاتے اور اپنے گھٹنے کو آگے جھکا دیتے اور حضرت صفیہؓ اپنا پاؤں آپ کے گھٹنے پر رکھ کر سوار ہوجاتیں۔
سعید بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر بن ابی کثیر نے ہمیں خبردی۔ انہوں نے کہا: حُمَید نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے:نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے خیبر اور مدینہ کے درمیان تین رات قیام فرمایا جس میں حضرت صفیہؓ کا رُخصتانہ ہوا اور میں نے مسلمانوں کو آپؐ کے ولیمہ میں بلایا اور اس ولیمہ میں نہ روٹی تھی نہ گوشت۔ صرف یہی کہ آپؐ نے حضرت بلالؓ کو دسترخوان بچھانے کے لئے فرمایا جو بچھائے گئے۔ پھر آپؐ نے ان پر کھجوریں، پنیر اور گھی رکھ دیا۔ مسلمان کہنے لگے: آیا حضرت صفیہؓ بھی امہات المومنین میں سے ہیں یا لونڈی جو (جائز طور پر) آپؐ کے قبضہ میں آئی ہیں؟ لوگوں نے کہا: اگر آپؐ نے ان کو پردہ میں رکھا تو امہات المؤمنین میں سے ہوں گی اور اگر پردے میں نہ رکھا تو پھر وہ کنیز ہیں جو جائز طورپر آپؐ کے قبضہ میں آئی ہیں۔ جب آپؐ نے کوچ کا قصد کیا تو اپنے پیچھے (اونٹ پر) حضرت صفیہ ؓ کی نشست کے لئے نرم جگہ بنائی اور پردہ تان دیا۔
ابوالولید (ہشام بن عبدالملک) نے ہمیں بتایا کہ شعبہ (بن حجاج) نے ہم سے بیان کیا۔ اور عبداللہ بن محمد (مسندی) نے بھی مجھے بتایا کہ وہب (بن جریر) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید بن ہلال سے، حمید نے حضرت عبداللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم خیبر کا محاصرہ کئے ہوئے تھے، ایک آدمی نے ایک تھیلا پھینک دیا جس میں چربی تھی۔ میں اس کو لینے کے لئے کود کر لپکا۔ اتنے میں مڑ کر جو دیکھا تو کیا دیکھتا ہوں کہ نبی ﷺ کھڑے ہیں، میں شرمندہ ہوگیا۔
عبید بن اسماعیل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابواسامہ سے، انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع اور سالم سے، ان دونوں نے حضرت (عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہماسے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے غزوۂ خیبر میں لہسن کھانے سے اور پالتو گدھوں کا گوشت کھانے سے منع فرمایا۔ آپؐ نے لہسن کھانے سے منع فرمایا، یہ خبر صرف نافع سے مروی ہے اور پالتو گدھوں کا گوشت کھانے کی ممانعت سالم سے۔
یحيٰ بن قزعہ نے مجھ سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبداللہ اور حسن سے جو محمد بن علی کے بیٹے تھے۔ ان دونوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے خیبر کے دن عورتوں کے ساتھ متعہ کرنے اور پالتو گدھوں کا گوشت کھانے سے روک دیا۔