بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 182 hadith
(امام بخاریؒ نے) کہا:اور اسحاق بن ابراہیم نے کہا: ہمیں مغیرہ بن سلمہ نے بتایا کہ ہم سے وہیب (بن خالد) نے بیان کیا۔ اُنہوں نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعدؓ سے، حضرت سہل نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جنت میں ایک ایسا درخت ہے کہ سوار اس کے سایہ میں سو برس تک بھی چلتا رہے وہ اس کو طے نہیں کرے گا۔
ابوحازم نے (اسی سند سے) کہا: میں نے نعمان بن ابی عیاش سے یہ بیان کیا تو اُنہوں نے کہا: مجھے حضرت ابوسعیدؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ آپؐ نے فرمایا: جنت میں ایک ایسا درخت ہے کہ گھوڑ دوڑ کے لئے تیار کئے ہوئے اعلیٰ قسم کے نہایت ہی تیز گھوڑے کا سوار سو سال تک بھی چلتا رہے تو اس کوطے نہیں کرے گا۔
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز (بن ابی حازم) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے اپنے باپ سے، اُن کے باپ نےحضرت سہلؓ سے، حضرت سہلؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جنت والے جنت میں اپنے بالا خانوں کو اس طرح دیکھیں گے۔ جیسے تم آسمان میں ستاروں کو دیکھتے ہو۔
میرے باپ نے کہا: میں نے نعمان بن ابی عیاش سے یہ بیان کیا۔ اُنہوں نے کہا: میں بھی گواہی دیتا ہوں کہ میں نے حضرت ابوسعیدؓ کو بھی اِسی طرح بیان کرتے ہوئے سنا اور وہ اس میں اتنا بڑھاتے تھے جیسا کہ تم آسمان کے شرقی اور غربی کنارے میں ڈوبتے ہوئے ستارے کو دیکھتے ہو۔
ہدبہ بن خالد نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا کہ قتادہ سے مروی ہےکہ حضرت انس بن مالکؓ نے ہم سے بیان کیا، حضرت انسؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔آپؐ نے فرمایا: آگ سے کچھ لوگ جبکہ وہ اس سے جل کر کالے پیلے ہوجائیں گے نکلیں گے اور جنت میں داخل ہوں گے تو جنتی اُن کے نام جہنمی رکھیں گے۔
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سےبیان کیا، شعبہ نے کہا: میں نے ابواسحاق(سبیعی) سے سنا۔ اُنہوں نے کہا: میں نے حضرت نعمان (بن بشیرؓ) سے سنا۔ (حضرت نعمانؓ نے کہا) میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: دوزخیوں میں سے جسے قیامت کے دن سب سے ہلکا عذاب ہو گا وہ وہ شخص ہوگا جس کے تلوں میں انگارہ رکھا جائے گا جس سے اس کا دماغ اُبلے گا۔
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سےبیان کیا۔ اُنہوں نے ابوعمران (جونی) سے روایت کی۔ اُنہوں نے کہا:میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ حضرت انسؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ تعالیٰ فرمائے گا دوزخیوں میں سے جس کو قیامت کے روز بہت ہلکی سزا ہوگی (اس سے پوچھا جائے گا) جو کچھ بھی زمین میں ہے اگر تمہارے لئے ہو تو کیا تم اس کو دے کر اپنے آپ کو چھڑواؤ گے؟ وہ کہے گا: ہاں۔ اللہ تعالیٰ فرمائے گا: میں نے تجھ سے اس سے بھی آسان بات چاہی تھی جبکہ تو آدم کی پشت میں تھا اور وہ یہ کہ کسی چیز کو بھی میرا شریک نہ ٹھہراؤ مگر تم نے نہ مانا میرے شریک ہی ٹھہرائے۔
ابونعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد (بن زید) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: شفاعت سے جو آگ سے نکلیں گے وہ ایسے ہوں گے جیسے ثعاریر۔ (حماد کہتے تھے)میں نے پوچھا: یہ ثعاریر کیا چیزہے؟اُنہوں نے کہا: چھوٹی ککڑیاں۔ اور اُن کے دانت گر گئے تھے۔ میں نے عمرو بن دینار ابو محمد سے پوچھا: کیا آپ نے حضرت جابر بن عبداللہؓ سے سنا کہ وہ یہ کہتے تھے کہ میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: شفاعت پر آگ سے نکلیں گے؟ اُنہوں نے کہا ہاں۔
موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ وہیب نے ہمیں بتایا۔ عمرو بن یحيٰ نے ہم سےبیان کیا، عمر و نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب جنتی جنت میں اور دوزخی آگ میں داخل ہوجائیں گے تو اللہ فرمائے گا۔ جو شخص ایسا ہو کہ اس کے دل میں ایک رائی کے دانے برابر بھی ایمان ہو اس کو نکال لو اور وہ نکلیں گے جل کر کوئلہ ہوچکے ہوں گے اور اُنہیں آب حیات میں ڈالا جائے گا پھر وہ اُسی طرح نشوونما پائیں گے جیسے دانہ سیلاب کے کوڑا کرکٹ میں اُ گتا ہے یا کہا سیلاب کے کچرے میں اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:کیا تم نے دیکھا نہیں کہ وہ زرد لپٹا ہوا اُگتا ہے؟