بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 257 hadith
اسحاق بن نصر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زُہری سے، زہری نے ابن مسیب سے، ابن مسیب نے اپنے باپ سے روایت کی کہ ان کا باپ نبیﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ نے پوچھا: تمہارا نام کیا ہے؟ اُس نے کہا: حَزن۔ آپؐ نے فرمایا: تم سہل ہو۔ اُس نے کہا: میں وہ نام نہیں بدلتا جو میرا نام میرے باپ نے رکھا۔ (سعید) ابن مسیب کہتے تھے: تو پھر اس کے بعد ہم میں سختی اور مصیبت ہمیشہ رہی۔ علی بن عبداللہ اور محمود نے ہم سے بیان کیا اور وہ غیلان کے بیٹے تھے۔ ان دونوں نے کہا: عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے زُہری سے، زہری نے ابن مسیب سے، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ان کے دادا سے روایت کرتے ہوئے یہی بتایا۔
سعید ابن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ ابوغسان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ابوحازم نے مجھ سے بیان کیا۔ ابوحازم نے حضرت سہلؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے کہ منذر بن ابی اسیدؓ کو جب وہ پیدا ہوا نبی ﷺ کے پاس لایا گیا۔ آپؐ نے اُس کو اپنی ران پر بٹھایا۔ اس وقت حضرت ابواسیدؓ بیٹھے ہوئے تھے۔ اتنے میں نبی ﷺ کسی کام میں مشغول ہوئے جو آپؐ کر رہے تھے۔ یہ دیکھ کر حضرت ابواسیدؓ نے اپنے بیٹے کے متعلق کہا (کہ اسے اُٹھا لیا جائے۔) تو اسے نبی ﷺ کی ران سے اُٹھا لیا گیا۔ پھر جب نبی ﷺ فارغ ہوئے آپؐ نے فرمایا: بچہ کہاں ہے؟ حضرت ابواسیدؓ کہنے لگے: یا رسول اللہ! ہم نے اس کو واپس بھیج دیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کا نام کیا ہے؟ انہوں نے کہا: فلاں۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں، بلکہ اس کا نام منذر رکھو تو انہوں نے اسی دن اس کا نام منذر رکھا۔
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے عطاء بن ابی میمونہ سے، عطاء نے ابورافع سے، ابورافع نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ حضرت زینب (بنت ابی سلمہؓ) کا نام بَرّہ تھا۔ (ان سے) کسی نے کہا: اپنے آپ کو پاک سمجھتی ہیں۔ یہ سن کر رسول اللہ ﷺ نے ان کا نام زینب رکھ دیا۔
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے انہیں خبر دی۔ کہا: عبدالحمید بن جبیر بن شیبہ نے مجھے بتایا۔ کہا: میں سعید بن مسیب کے پاس بیٹھا۔ انہوں نے مجھ سے بیان کیا کہ اُن کا دادا حزن نبی ﷺ کے پاس آیا۔ آپؐ نے پوچھا: تمہارا نام کیا ہے؟ انہوں نے کہا: میرا نام حزن ہے۔ آپؐ نے فرمایا: نہیں، تم سہل ہو۔ کہنے لگا: میں تو نام بدلنے کا نہیں جو نام میرے باپ نے میرا رکھا۔ ابن مسیب کہتے تھے: پھر اس کے بعد ہم میں ہمیشہ ہی مصیبت اور سختی رہی۔
(محمد بن عبداللہ) ابن نمیر نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن بشر نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل (بن ابی خالد بجلی) نے ہم سے بیان کیا۔ (وہ کہتے تھے:) میں نے حضرت ابن ابی اوفیٰؓ سے پوچھا: کیا آپؓ نے نبی ﷺ کے بیٹے ابراہیمؓ کو دیکھا ؟ انہوں نے کہا: وہ چھوٹے ہی فوت ہوگئے تھے۔ اور اگر یہ مقدر ہوتا کہ حضرت محمد ﷺ کے بعد کوئی نبی ہو تو آپؐ کا بیٹا زندہ رہتا۔ مگر آپؐ کے بعد کوئی نبی نہیں۔
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عدی بن ثابت سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت براءؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: جب (صاحبزادہ) ابراہیم علیہ السلام فوت ہوئے تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جنت میں اس کی ایک دودھ پلانے والی بھی ہے۔
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین بن عبدالرحمٰن سے، حصین نے سالم بن ابی الجعد سے، سالم نے حضرت جابر بن عبداللہ انصاریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرے نام پر نام رکھو اور میری کنیت پر اپنی کنیت نہ رکھو کیونکہ میں ہی قاسم ہوں جو تم میں تقسیم کرتا ہوں۔ حضرت انسؓ نے بھی نبی ﷺ سے اس حدیث کو روایت کیا۔
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ ابوحصین نے ہم سے بیان کیا۔ ابوحصین نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابو ہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میرے نام پر نام رکھو اور میری کنیت پر تم اپنی کنیت نہ رکھو اور جس نے خواب میں مجھے دیکھا تو اُس نے مجھے دیکھا کیونکہ شیطان میری صورت پر متمثل نہیں ہوتا۔ اور جس نے مجھ پر عمداً جھوٹ بولا تو پھر وہ آگ ہی میں اپنا ٹھکانہ بنائے۔
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے برید بن عبداللہ بن ابی بُردہ سے، برید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے ہاں ایک لڑکا پیدا ہوا۔ میں اس کو نبی ﷺ کے پاس لایا اور آپؐ نے اس کا نام ابراہیم رکھا اور ایک کھجور سے گھٹی دی اور اس کے لئے برکت کی دعا کی اور پھر مجھے دیا۔ اور وہ حضرت ابوموسیٰؓ کے بیٹوں میں سے سب سے بڑا تھا۔
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ زائدہ نے ہمیں بتایا۔ زیاد بن علاقہ نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت مغیرہ بن شعبہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: جس دن (صاحبزادہ) ابراہیمؓ فوت ہوئے سورج گرہن ہوا۔ اس حدیث کو حضرت ابوبکرہؓ نے نبیؐ سے روایت کیا۔