بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 8 of 8 hadith
حضرت ابن عمرؓ اور حضرت عائشہ صدیقہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جبریلؑ ہمیشہ مجھے پڑوسی سے حسن سلوک کی تاکید کرتا آ رہا ہے یہاں تک کہ مجھے خیال ہوا کہ کہیں وہ اسے وارث ہی نہ بنا دے۔
حضرت ابو ذرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اے ابو ذرؓ ! جب تو شوربہ بنائے تو اس میں پانی زیادہ ڈال دے اور پڑوسیوں کا خیال کر۔
حضرت ابو ذرؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا اے مسلمان عورتو! کوئی عورت اپنی پڑوسن سے حقارت آمیز سلوک نہ کرے۔ اگر بکری کا ایک پایہ بھی بھیج سکتی ہو تو اسے بھیجنا چاہئے۔
حضرت عبد اللہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ سے کسی شخص نے یہ عرض کیا کہ میرے لئے کیسے ہو سکتا ہے کہ میں جان لوں کہ جب میں نے اچھا کام کیا ہے اور جب میں نے برا کام کیا ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا جب تو پڑوسیوں کو یہ کہتا سنے کہ تم نے اچھا کام کیا ہے تو تم نے اچھا کیا ہے اور جب تم ان کو یہ کہتے سنو کہ تم نے برا کیا ہے تو تم نے برا کیا۔
حضرت عبداللہ بن عمروؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک ساتھیوں میں سے وہ ساتھی اچھا ہے جو اپنے ساتھی کے لئے اچھا ہو۔ اور پڑوسیوں میں وہ پڑوسی بہترین ہے جو اپنے پڑوسی سے اچھا سلوک کرے۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا جو شخص اللہ تعالیٰ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے (یعنی سچا مومن ہے) وہ اپنے پڑوسی کو تکلیف نہ دے۔ جو شخص اللہ تعالیٰ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے اپنے مہمان کا احترام کرے۔ جو شخص اللہ تعالیٰ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے وہ بھلائی اور نیکی کی بات کہے یا پھر خاموش رہے۔
حضرت ابو ہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا خدا تعالی کی قسم! وہ شخص مومن نہیں ہے۔ خدا تعالی کی قسم! وہ شخص مومن نہیں ہے۔ خدا تعالی کی قسم! وہ شخص مومن نہیں ہے۔ آپﷺ سے پوچھا گیا۔ یا رسول اللہ! کون مومن نہیں ہے؟ آپﷺ نے فرمایا وہ جس کا پڑوسی اس کی شرارتوں اور اس کے اچانک واروں سے محفوظ نہ ہو۔