بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 8 of 8 hadith
حضرت براءؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ جب اپنے بستر پر سونے کے لئے جاتے تو اپنے دائیں پہلو پر لیٹ کر یہ دعا مانگتے۔ اے میرے اللہ! میں اپنے آپ کو تیرے حوالے کرتا ہوں، اپنی آبرو تیرے سپرد کرتا ہوں، اپنے سب معاملات تیرے حوالے کرتا ہوں اور تجھے اپنا سہارا بناتا ہوں۔ تیری طرف رغبت رکھتا ہوں اور تجھی سے ڈرتا ہوں۔ تیرے سوا کوئی جائے پناہ نہیں اور نہ ہی کوئی جائے نجات۔ میں تیری اس کتاب پر ایمان لاتا ہوں جو تو نے اتاری ہے اور تیرے اس نبی پر بھی ایمان لاتا ہوں جو تو نے بھیجا ہے۔
حضرت حذیفہؓ نے بیان کیا کہ نبی ﷺ جب رات کو اُٹھتے تو اپنے منہ کو مسواک سے اوپر نیچے مل کر صاف کرتے۔
حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے ایسی چھت پر سونے سے منع فرمایا ہے جس پر پردہ کی دیوار نہ ہو۔
حضرت حذیفہؓ بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ رات کے وقت سونے کے لئے جب بستر پر آتے تو اپنا ہاتھ رخسار کے نیچے رکھ لیتے اور پھر یہ دعا مانگتے۔ اے اللہ! میں تیرے نام کی مدد سے مرتا ہوں اور زندہ ہوتا ہوں یعنی سوتا ہوں اور جاگتا ہوں۔ جب آپﷺ بیدار ہوتے تو یہ دعا مانگتے: سب تعریفیں اللہ تعالیٰ کے لئے ہیں جس نے ہمیں مرنے کے بعد زندہ کیا اور اس کے پاس ہی سب نے جا اکٹھے ہونا ہے۔
حضرت ابو ذرؓ بیان کرتے ہیں کہ جب نبی ﷺ سونے کے لئے بستر پر تشریف لے جاتے تو اس طرح دعا کرتے اے میرے اللہ! میں تیرے نام کی برکت سے زندہ ہوتا ہوں اور مرتا ہوں یعنی بیدار ہوتا ہوں اور سوتا ہوں۔ اور جب آپ ﷺ بیدار ہوتے تو یہ دعا مانگتے۔ اس اللہ کی میں حمد و ثناء کرتا ہوں جس نے ہمیں مارنے کے بعد زندہ کیا اور اسی کی طرف سب نے لوٹ کر جانا ہے۔
حضرت براء بن عازبؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا اے میاں! جب تم اپنے بستر پر آرام کرنے کے لئے آؤ تو یہ دعا کرو۔ اے میرے اللہ! میں نے اپنی جان تیرے سپرد کی، میں نے اپنا رخ تیری طرف پھیر لیا، میں نے اپنا سب کچھ تیرے سپرد کر دیا، میری پشت پناہ تو ہی ہے، تیری طرف رغبت رکھتا ہوں اور تجھ سے ڈرتا ہوں، نہ کوئی جائے پناہ ہے نہ کوئی جائے نجات مگر تو ہی۔ میں تیری اس کتاب پر ایمان لایا جو تو نے نازل کی اور تیرے اس نبی کو مانا جس کو تو نے بھیجا۔ یہ دعا سکھانے کے بعد حضورﷺ نے فرمایا اگر تو یہ دعا پڑھ کر سویا اور اسی رات فوت ہو گیا تو فطرت صحیحہ پر تیری وفات ہو گی اور اگر صبح زندہ اٹھا تو نیکی اور بھلائی تیرے مقدر میں ہو گی۔ ایک روایت یہ بھی ہے کہ حضورﷺ نے فرمایا جب تو بستر پر لیٹنے لگے تو پہلے وضو کر جس طرح نماز کے لئے وضو کیا جاتا ہے پھر دائیں پہلو پر لیٹ جا اور پھر یہ دعا پڑھ یہ سب سے آخر میں ہو اس کے بعد کوئی بات چیت نہ کی جائے۔