بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 473 hadith
حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ ان کے پاس کھڑے ہوئے اور ان (کعبؓ )کے سر سے جوئیں گر رہی تھیں۔ آپؐ نے فرمایا کیا تمہاری جوئیں تمہیں تکلیف دیتی ہیں؟ میں نے عرض کیا جی ہاں آپؐ نے فرمایا تو اپنا سر منڈوالو۔ وہ(کعبؓ ) کہتے ہیں یہ آیت میرے بارہ میں اتری فَمَنْ کَانَ مِنْکُمْ مَرِیْضًا... (سورۃ البقرہ: 197) ترجمہ: پس اگر تم میں سے کوئی بیمار ہو یا اس کے سر میں کو ئی تکلیف ہو تو کچھ روزوں کی صورت میں یا صدقہ دے کر یا قربانی پیش کر کے فدیہ دینا ہوگا۔ اس پر رسول اللہﷺ نے مجھے فرمایا یاتین دن روزے رکھو یا ایک فَرَق ٭(کھانا) چھ مسکینوں میں صدقہ کرو یا قربانی کرو جو میسر ہو۔
حضرت ابن بُحینۃؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے مکہ کے رستہ میں اپنے سر کے درمیان سینگی لگوائی٭ جبکہ آپؐ حا لتِ احرام میں تھے۔
حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبیﷺ ان کے پاس سے گزرے اور آپ حدیبیہ میں تھے قبل اس کے کہ مکہ میں داخل ہوں اور وہ (کعبؓ )مُحرِم تھے اور ایک ہنڈیا کے نیچے آگ جلا رہے تھے اور جوئیں ان کے چہرہ پر گر رہی تھیں۔ آپؐ نے فرمایا کیا تمہاری جوئیں تمہیں تکلیف دیتی ہیں؟ انہوں نے عرض کیا جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا تو اپنا سر منڈوالو۔ ایک فَرَق کھاناچھ مسکینوں کو کھلاؤ__اور فرق تین صاع کا ہوتا ہے__ یا تین دن کے روزے رکھو یا ایک جانور کی قربانی کرو۔
حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ حدیبیہ کے ایام میں ان کے پاس سے گذرے تو آپؐ نے ان سے فرمایا کیا تمہارے سر کی جوؤں نے تمہیں تکلیف میں ڈال رکھا ہے؟ انہوں نے عرض کیا جی ہاں تو نبیﷺ نے ان سے فرمایا اپنا سر منڈوالو۔ پھر ایک بکری بطور قربانی ذبح کرو یا تین دن روزے رکھو یا تین صاع کھجوروں کے چھ مسکینوں کو کھلاؤ۔
عبد اللہ بن معقل سے روایت ہے کہ میں حضرت کعب رضی اللہ عنہ کے پا س بیٹھا تھا جبکہ وہ مسجد میں تھے اور میں نے ان سے اس آیت ’’فَفِدْیَۃٌ مِّنْ صِیَامٍ اَوْصَدَقَۃٍ اَوْ نُسُکٍ‘‘ (سورۃ البقرہ: 197) ترجمہ: توکچھ روزوں کی صورت میں یا صدقہ دے کر یا قربانی پیش کر کے فدیہ دینا ہوگا‘‘کے بارہ میں پوچھا۔ اس پرحضرت کعب رضی اللہ عنہ کہنے لگے یہ(آیت) میرے بارہ میں اتری۔ میرے سر میں تکلیف تھی مجھے اٹھا کر رسول اللہﷺ کے پاس لایا گیا اور جوئیں میرے چہرہ پر گر رہی تھیں آپؐ نے فرمایا میرا خیال نہیں تھا کہ تمہیں اتنی سخت تکلیف پہنچی ہے جو میں دیکھ رہا ہوں۔ کیا تمہیں ایک بکری کی توفیق ہے؟ میں نے عرض کیا نہیں تو یہ آیت’’فَفِدْیَۃٌ مِّنْ صِیَامٍ اَوْصَدَقَۃٍ اَوْ نُسُکٍ‘‘(سورۃ البقرہ: 197) نازل ہوئی۔ آپؐ نے فرمایا تین دن روزے رکھو یاچھ مسکینوں کو کھلاؤ۔ ہر مسکین کو نصف صاع غلّہ۔ انہوں نے کہایہ خصوصًا میرے بارہ میں نازل ہوئی اور آپ لوگوں کے لئے عمومی طور پر۔
حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ وہ نبیﷺ کے ساتھ حالتِ احرام میں نکلے۔ ان کے سر اور داڑھی میں جوئیں پڑ گئیں۔ نبیﷺ کو یہ بات پہنچی۔ آپؐ نے انہیں بلا بھیجا اور حجام کو بلوایا اور اس نے ان کا سر مونڈ دیا۔ آپؐ نے ان سے فرمایا کیا تمہارے پاس قربانی کا جانور ہے؟ انہوں نے کہا میں اس کی طاقت نہیں رکھتا۔ تو آپؐ نے انہیں حکم دیا کہ وہ تین دن کے روزے رکھیں یا چھ مسکینوں کو کھانا کھلائیں اور ہر دو مسکینوں کے لئے ایک صاع ہو۔ اللہ عزوجل نے بطور خاص ان کے لئے یہ آیت فَمَنْ کَانَ مِنْکُمْ مَرِیْضًا اَوْ بِہِ أَذًی مِّنْ رَّأْسِہِ (سورۃ البقرہ: 197) نازل فرمائی پھر یہ مسلمانوں کے لئے عام ٹھہری۔
نُبَیْہ بن وہب کہتے ہیں ہم ابان بن عثمانؓ کے ساتھ نکلے یہانتک کہ ہم مَلَل کے مقام پر تھے تو عمر بن عبید اللہ کی آنکھوں میں تکلیف ہوگئی۔ پھر جب روحاء مقام پر پہنچے تو ان کی تکلیف بہت بڑھ گئی انہوں نے ابان بن عثمانؓ کو پیغام بھیجا ان سے پوچھا تو انہوں نے جواب بھیجا کہ دونوں آنکھوں پر مُصَبّر(ایلوا) کا لیپ کریں کیونکہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے رسول اللہﷺ کے بارہ میں بیان کیا کہ ایک شخص کی آنکھیں دکھنے لگیں اور وہ مُحرِم تھاتوآپؐ نے دونوں آنکھوں پر مُصَبّر کا لیپ کرایا۔
نُبَیْہ بن وہب کہتے ہیں عمر بن عبید اللہ بن معمر کی آنکھ دکھنے لگی۔ انہوں نے سرمہ لگانا چاہا تو انہیں ابان بن عثمانؓ نے منع کیااور انہیں مُصَبّر (ایلوا) کا لیپ کرنے کو کہا اور حضرت عثمان بن عفانؓ نے نبیﷺ کے بارہ میں بیان کیا کہ آپؐ نے ایسا ہی کیا تھا۔
حضرت عبد اللہ بن عباسؓ اور مِسوَر بن مَخْرَمۃ کے بارہ میں روایت ہے کہ ان دونوں کے درمیان ابوا ء مقام پر یہ اختلاف ہوا۔ حضرت عبد اللہ بن عباسؓ نے کہا کہ مُحرِم اپنا سر دھو سکتاہے اور مِسوَر نے کہا کہ مُحرِم اپنا سر نہیں دھوسکتا۔ اس پر حضرت ابن عباسؓ نے مجھے حضرت ابوایوب انصاریؓ کے پاس یہ پوچھنے کے لئے بھیجااور میں نے انہیں دو لکڑیوں ٭ کے درمیان غسل کرتے دیکھا اور وہ کپڑے سے پردہ کئے ہوئے تھے۔ وہ کہتے ہیں میں نے انہیں سلام کہا تو انہوں نے کہا کون ہے؟ میں نے کہا میں عبد اللہ بن حنین ہوں۔ مجھے آپ کے پاس حضرت عبد اللہ بن عباسؓ نے یہ پوچھنے کے لئے بھیجا ہے کہ رسول اللہﷺ احرام کی حالت میں اپنا سر کس طرح دھوتے تھے؟ حضرت ابو ایوبؓ نے اپنا ہاتھ کپڑے پر رکھا اور اسے نیچے کیا یہانتک کہ ان کا سر مجھے نظر آنے لگا پھرایک شخص سے جو پانی ڈال رہا تھا کہا پانی ڈالو اس نے اُن کے سر پر پانی ڈالا۔ انہوں نے اپنے دونوں ہاتھوں سے اپنے سر کو ہلایا اور اپنے ہاتھوں کو آگے لائے اور پیچھے لے گئے اور پھر کہا کہ میں نے رسول اللہﷺ کو ایسا کرتے دیکھا ہے۔ ایک اور روایت میں ہے کہ حضرت ابو ایوبؓ نے اپنے دونوں ہاتھ اکٹھے اپنے سارے سر پرپھیرے انہیں آگے لائے اور پیچھے لے گئے۔ اس پر مسور نے حضرت ابن عباسؓ سے کہا میں کبھی آپ سے بحث نہیں کروں گا۔