بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 473 hadith
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسو ل اللہﷺ نے فرمایا پانچ (جانور) ہیں جن میں سے ہر ایک ضرر رساں ہے وہ حرم میں (بھی) ماردیئے جائیں گے، کوا اور، چیل، اور کاٹنے والا کتا اور بچھو، اور چوہیا۔
زید بن جبیر سے روایت ہے کہ ایک شخص نے حضرت عبد اللہ بن عمر ؓ سے پوچھامُحرِم شخص جانوروں میں سے کسے مار سکتا ہے؟ انہوں نے کہا مجھے رسول اللہﷺ کی ازواج مطہرات میں سے ایک نے بتایا تھا کہ آپؐ نے حکم دیا تھا یا آپؐ کو حکم دیا گیا تھا کہ آپؐ چوہیا، بچھو، چیل کاٹنے والا کتا اور کوا مار دیں۔
زید بن جبیر سے روایت ہے کہ ایک شخص نے حضرت(عبد اللہ) بن عمرؓ سے پوچھا ایک مُحرِم جانوروں میں سے کسے مار سکتا ہے؟ انہوں نے کہا مجھے نبیﷺ کی ازواج مطہرات میں سے ایک نے بتایا تھا کہ کاٹنے والا کتا، چوہیا، بچھو، چیل اور سانپ کے مارنے کا آپؐ حکم دیا کرتے تھے۔ انہوں (حضرت ابن عمرؓ ) نے کہا اور نمازکے دوران میں بھی۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ جانوروں میں سے پانچ جانور مارنے پر محرم کو کوئی گناہ نہیں کوا اور چیل اور بچھو اور چوہیااور کاٹنے والا کتا۔
سالم اپنے والدرضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے فرمایا پانچ جانور ایسے ہیں جن کو حرم میں یا احرام کی حالت میں کوئی ماردے تو اس پر کوئی گناہ نہیں چوہیا، بچھو، کوا، چیل، اور کاٹنے والا کتا۔ ایک اور روایت میں (فِی الحَرَمِ وَالْاِحْرَامِ کی بجائے) فِی الْحُرُ مِ وَالْاِحْرَامِ کے الفاظ ہیں۔
حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبیﷺ کی زوجہ مطہرہ حضرت حفصہؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا پانچ جانور ہیں جن میں ہر ایک ضرر رساں ہے جو انہیں ماردے اس پر کوئی ہرج نہیں ہے۔ بچھو اور کوا اور چیل اور چوہیااور کاٹنے والا کتا۔
ابن جریج کہتے ہیں میں نے نافع سے پوچھا آپ نے حضرت ابن عمرؓ سے اس بارہ میں کیا سنا ہے کہ مُحرِم کے لئے کونسے جانوروں کو مارنا جائز ہے۔ نافع نے مجھے کہا کہ حضرت عبد اللہؓ نے بتایا میں نے نبیﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ جانوروں میں سے پانچ کو جوکوئی بھی مارے تو ان کے مارنے پر کوئی گناہ نہیں کوا اور چیل اور بچھو اور چوہیااور کاٹنے والا کتا۔ ایک اور روایت میں (خَمْسٌ مِنَ الدَّوابِ لَا جُنَاحَ عَلَی مَنْ قَتَلَہُنَّ فِی قَتْلِھِنَّ کی بجائے) خَمْسٌ لَا جُنَاحَ فِی قَتْلِ مَا قُتِلَ مِنْہُنَّ فِی الْحَرَمِ کے الفاظ ہیں۔
حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا پانچ جانور ایسے ہیں جس نے انہیں مُحْرِم ہونے کی حالت میں مار دیا اس پر ان کی وجہ سے کوئی گناہ نہیں، بچھو اور چوہیااور کاٹنے والا کتا، کوا اور چیل۔
حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ حدیبیہ کے موقعہ پر میرے پاس تشریف لائے اور میں اپنی ہنڈیا کے نیچے آگ جلا رہا تھا __راوی قواریری نے ہنڈیا کیلئے قِدر کا لفظ استعمال کیا ہے اور راوی ابو الربیع نے بُرمۃ کا لفظ استعمال کیا ہے__ اور جوئیں میرے چہرے پر گر رہی تھیں۔ آپؐ نے فرمایا کیا تمہارے سر کی جوئیں تمہیں تکلیف دیتی ہیں؟ وہ کہتے ہیں میں نے عرض کی جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا تو سر منڈوالو اور تین روزے رکھو یا چھ مسکینوں کو کھانا کھلاؤ یا ایک(جانور کی) قربانی کرو۔ راوی ایوب کہتے ہیں مجھے معلوم نہیں کہ (ان تینوں میں سے) ابتداء کس سے کی تھی۔
حضرت کعب بن عجرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں یہ آیت میرے بارہ میں اتری فَمَنْ کَانَ مِنْکُمْ مَرِیْضًا۔ ۔ ۔ ترجمہ: پس اگر تم میں سے کوئی بیمار ہو یا اس کے سر میں کوئی تکلیف ہو تو کچھ روزوں کی صورت میں یا صدقہ دے کر یا قربانی پیش کر کے فدیہ دینا ہوگا۔ (البقرۃ: 197) وہ کہتے ہیں میں آپؐ کے پا س آیا۔ آپؐ نے فرمایا قریب ہو تو میں قریب ہوا۔ آپؐ نے فرمایاقریب ہو۔ میں اور قریب ہوا۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا کیا تمہیں تمہاری جوئیں تکلیف دیتی ہیں؟(راوی) ابن عون کہتے ہیں میرا خیا ل ہے انہوں (کعبؓ ) نے کہاجی ہاں۔ توانہوں (کعبؓ )نے کہاآپؐ نے مجھے روزوں یا صدقہ یا قربانی میں سے جو بھی میسر ہو فدیہ دینے کا ارشادفرمایا۔