بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 130 hadith
علقمہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں حضرت عبداللہؓ کے ساتھ منٰی میں چل رہا تھا تو اُن سے حضرت عثمانؓ ملے اور ان کے ساتھ کھڑے ہو کران سے باتیں کرنے لگے۔ حضرت عثمانؓ نے ان سے کہا اے ابو عبدالرحمان! کیا ہم آپ کی شادی ایک نوجوان لڑکی سے نہ کرادیں شاید کہ وہ تمہیں تمہارا گزرا ہوا کچھ زمانہ یاد کرا دے۔ راوی کہتے ہیں حضرت عبداللہؓ نے کہا اگر آپ یہ کہتے ہیں تو رسول اللہﷺ نے ہمیں فرمایا تھا اے نوجوانوں کے گروہ! جو تم میں سے شادی کی طاقت رکھتا ہے اسے چاہیے کہ وہ شادی کرے کیونکہ یہ غضِ بصر کا باعث اور عصمت کی خوب حفاظت کرنے والی ہے۔ اور جسے طاقت نہ ہو تو وہ روزے رکھے کیونکہ یہ اس کے ضبطِ نفس کا ذریعہ ہے۔ علقمہ سے روایت ہے کہ میں حضرت عبداللہؓ بن مسعودکے ساتھ منٰی میں چل رہا تھا۔ جب انہیں حضرت عثمانؓ بن عفّان ملے اور کہا اے ابو عبدالرحمان! اِدھر آئیں۔ راوی کہتے ہیں پھر انہوں نے ان سے علیحدگی میں بات کی۔ جب حضرت عبداللہؓ نے دیکھا کہ انہیں اور کچھ نہیں کہنا۔ وہ (علقمہ)کہتے ہیں توانہوں نے مجھ سے کہا اے علقمہ آؤ۔ وہ کہتے ہیں میں گیا تو حضرت عثمانؓ نے انہیں کہا اے ابو عبدالرحمان! کیا ہم آپ کی شادی کنواری لڑکی سے نہ کردیں شاید آپ کے لئے جو آپ دیکھ چکے ہیں وہ واپس آجائے۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا اگر آپ یہ کہتے ہیں۔ ۔ ۔ باقی روایت ابو معاویہ جیسی ہے۔
سعیدبن مسیب سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے حضرت سعدؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے حضرت عثمانؓ بن مظعون کی تبتّل (دنیا سے انقطاع کی درخواست) کورد کر دیا گیا تھا۔ اگر انہیں اجازت دی جاتی تو ہم ضروررہبانیت اختیار کر لیتے۔
ابو زبیر سے روایت ہے وہ کہتے ہیں حضرت جابرؓ نے کہا میں نے نبیﷺ کو فرماتے سنا۔ جب تم میں سے کسی کو کوئی عورت اچھی لگے اور اس کے دل میں کوئی خیال پیدا ہو تو وہ اپنی بیوی کے پاس آئے اور اس سے تعلق قائم کرے تو یہ بات اس چیز کو زائل کردے گی جو اس کے دل میں ہے۔
حضرت عبداللہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ہمیں رسول اللہﷺ نے فرمایا اے نوجوانوں کے گروہ! جو تم میں سے شادی کی طاقت رکھتا ہوتواس کو چاہئے کہ شادی کرے کیونکہ وہ غضِ بصر کا ذریعہ اور عصمت کی حفاظت کرنے والی ہے اور جسے اس کی طاقت نہ ہو تو وہ روزے رکھے کیونکہ یہ اس کے ضبطِ نفس کاذریعہ ہے۔ ایک اور روایت عبدالرحمان بن یزید سے مروی ہے وہ کہتے ہیں میں اور میرے چچا علقمہ اور اسود حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کے پاس گئے۔ راوی کہتے ہیں میں ان دنوں جوان تھا۔ پھر انہوں نے ایک حدیث کا ذکر کیا۔ میرا خیال ہے کہ انہوں نے وہ حدیث میری وجہ سے بیان کی۔ باقی روایت پہلی روایت کی طرح ہے مگر اس میں یہ اضافہ ہے کہ اس کے تھوڑے عرصہ بعد میں نے شادی کر لی ایک اور روایت میں فَلَمْ أَلْبَثْ حَتَّی تَزَوَّجْتُ کے الفاظ نہیں ہیں۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ کے صحابہؓ میں سے بعض لوگوں نے نبیﷺ کی ازواج مطہرات سے آپؐ کے ان کاموں کے بارہ میں پوچھا جوآپؐ تنہائی میں کرتے تھے۔ اس کے بعد ان (پوچھنے والوں ) میں سے ایک نے کہا میں کبھی عورتوں سے شادی نہیں کروں گااور دوسرے نے کہا میں کبھی گوشت نہیں کھاؤں گااور تیسرے نے کہا میں بستر پر نہیں سوؤں گا۔ اس پر رسول اللہﷺ نے اللہ تعالیٰ کی حمدو ثناء کی اور فرمایالوگوں کو کیا ہو گیا ہے کہ جو اس اس طرح کہتے ہیں؟ میں تو نماز(بھی) پڑھتا ہوں اور سوتا (بھی) ہوں اور روزہ رکھتا ہوں اور روزہ چھوڑتا(بھی) ہوں اور میں عورتوں سے شادی (بھی) کرتا ہوں۔ پس جومیری سنّت سے بے رغبتی کرتا ہے وہ مجھ سے نہیں۔
حضرت سعد بن ابی وقاصؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے حضرت عثمانؓ بن مظعون کے تبتّل (دنیا سے انقطاع کی درخواست) کورد کر دیا تھا۔ اگر آپؐ ان کو اجازت دے دیتے تو ہم ضروررہبانیت اختیار کر لیتے۔
سعید بن مسیب بیان کرتے ہیں کہ انہوں نے حضرت سعد بن ابی وقاص ؓ کو کہتے ہوئے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت عثمان بن مظعو نؓ نے ترکِ دنیا کا فیصلہ کیا تو رسول اللہﷺ نے انہیں منع فرمادیا۔ اگر آپؐ ان کو اجازت دے دیتے تو ہم سب رہبانیت اختیار کر لیتے۔
ضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے ایک عورت کو دیکھا۔ آپؐ اپنی بیوی حضرت زینبؓ کے پاس آئے اور وہ اپنے چمڑے کو مل رہی تھیں۔ آپؐ نے اپنی ضرورت پوری کی۔ پھر اپنے صحابہؓ کے پاس آئے اور فرمایا یقینا عورت بہکانے والے کی صورت میں آتی ہے اور بہکانے والے کی صورت میں واپس جاتی ہے۔ اس لئے جب تم میں سے کوئی کسی عورت کو دیکھے تو وہ اپنی بیوی کے پاس آئے۔ یہ بات اس چیز کو زائل کر دے گی جو اس کے دل میں ہے۔ ایک اور روایت میں (عَنْ جَابِرٍاَنَّ رَسُوْلَ اللّٰہِﷺ کی بجائے) عَنْ جَابِرِبْنِ عَبْدِاللّٰہِ اَنَّ النَّبِیَّﷺ کے الفاظ ہیں اور اس روایت میں تُدْبِرُ فِیْ صُوْرَۃِ شَیْطَانٍ کے الفاظ نہیں ہیں۔
قیس سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے حضرت عبداللہؓ کو کہتے سنا ہم رسول اللہﷺ کے ساتھ ایک غزوہ میں تھے۔ ہمارے ساتھ عورتیں نہ تھیں۔ ہم نے کہا کیا ہم مردانہ قو ّت ختم نہ کر لیں۔ آپؐ نے ہمیں اس سے منع فرمایا۔ پھر ہمیں اجازت دی کہ ہم کسی عورت سے ایک کپڑے کے عوض ایک مقررہ مدت تک نکاح کرلیں۔ پھر حضرت عبداللہؓ نے یہ آیت پڑھی یَاَیُّھَا الَّذِیْنَ اٰ مَنُوْا لَا تُحَرِّمُوا طَیِّبٰتِ مٓا اَحَلَّ اللّٰہُ لَکُمْ: اے وہ لوگو! جو ایمان لائے ہو!اُن پاکیزہ چیزوں کو جو اللہ نے تمہارے لئے حلال کردی ہیں حرام نہ ٹھہرایا کرو اور حد سے تجاوز نہ کرو، یقینا اللہ حد سے تجاوز کرنے والوں کو پسندنہیں کرتا٭۔ ایک اور روایت میں (قَرَأَ عَبْدُ اللّٰہِکی بجائے) قَرَأَ عَلَیْنَا ھٰذِہِ ِِالْآیَۃُ کے الفاظ ہیں۔ ایک اور روایت میں ہے کہ ہم جوان تھے اور ہم نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! کیا ہم مردانہ قوت ختم نہ کر دیں مگر اس روایت میں نَغْزُوْ کا ذکر نہیں۔
حضرت جابر بن عبداللہ ؓ اور سلمہ بن اکوع ؓ سے روایت ہے وہ دونوں بیان کرتے ہیں کہ ہمارے پاس رسول اللہﷺ کا منادی آیااور اس نے کہا بے شک رسول اللہﷺ نے تمہیں اجازت دی ہے کہ تم فائدہ اٹھالو یعنی عورتوں سے متعہ کی۔