بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 17 hadith
ابن شہاب سے روایت ہے کہ انہیں سہل بن سعد ساعدی نے بتایا کہ حضرت عویمر عجلانیؓ ،حضرت عاصمؓ بن عدی انصاری کے پاس آئے اور انہوں نے ان سے کہا اے عاصم ! تمہارا کیا خیا ل ہے اگر کوئی شخص اپنی بیوی کے ساتھ کسی غیر مرد کو پائے کیا وہ اسے قتل کردے؟پھر تم لوگ اسے قتل کر دو گے یا وہ کیا کرے ؟ اے عاصم! تم میرے لئے رسول اللہ ﷺ سے پوچھو۔ عاصم نے رسول اللہ ﷺسے پوچھا تو رسول اللہ ﷺ نے ایسے سوالات کو ناپسند فرمایا اور ان کو بُرا قرار دیایہانتک کہ عاصم پر وہ بات جو اس نے رسول اللہ ﷺ سے سنی گراں گذری۔جب عاصم اپنے گھر والوں کی طرف واپس آئے تو ان کے پاس عویمر آئے اور انہوںنے کہا اے عاصم!رسول اللہ ﷺنے تمہیں کیافرمایا؟ عاصم نے عویمر سے کہا تم میرے پاس کوئی بھلائی نہیں لائے۔ رسول اللہ ﷺنے اس سوال کو جو میں نے آپؐسے پوچھا ناپسند فرمایا ہے ۔ عویمر نے کہا اللہ کی قسم! میں نہیں رُکوں گا یہانتک کہ آپؐ سے اس کے بارہ میں پوچھ نہ لوں۔ پس عویمر آئے اور لوگوں کے درمیان رسول اللہ ﷺکے پاس پہنچے اور انہوںنے کہا یا رسولؐ اللہ! آپؐ اس شخص کے بارہ میں فرمائیے جو اپنی عورت کے پاس کسی اور شخص کو پاتا ہے کیا وہ اسے قتل کردے؟ اور پھرآپ لوگ اسے قتل کردیں یا وہ کیا کرے؟ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تیرے اور تیری بیوی کے بارہ میں(حکم) نازل ہوا ہے جاؤ اور اسے لے آؤ۔ سہل کہتے ہیں پھر ان دونوں نے لعان کیا اور میں لوگوں کے ساتھ رسول اللہ ﷺکے پاس تھا۔ پس جب دونوں فارغ ہوئے ۔ عویمر نے کہا یا رسولؐ اللہ! اگر میں اسے روک رکھوں تو گویا میں نے اس پر جھوٹ بولا۔ پھر قبل اس کے کہ رسول اللہ ﷺ اسے حکم دیں اس نے اسے تین طلاقیں دے دیں۔ ابن شہاب کہتے ہیں تو پھر دو لعان کرنے والوں کے لئے سنت ہوگئی۔ ایک اور روایت میں (جَائَ کی بجائے) اَتَی کے الفاظ ہیں اور(اَلْعَجْلَانِیَّ کی بجائے) مِنْ بَنِیْ الْعَجْلَانِ کے الفاظ ہیں۔ باقی روایت سابقہ روایت کی طرح ہے مگر اس میں راوی نے یہ بات شامل کردی ہے کہ پھر مرد کی عورت سے جدائی لعان کرنے والوں کے لئے سنت ٹھہری اور اس میں مزید یہ بھی ہے کہ سہل کہتے ہیں وہ حاملہ تھی اور اس کے بیٹے کو اس کی ماں کی نسبت سے پکارا جاتا تھا پھر یہ سنت جاری ہوئی کہ وہ اپنی ماں کا وارث ہوگا اور وہ اس کی وارث ہوگی اس میںجو اللہ نے اس کے لئے مقرر کیا ہے ۔ ابن جریج بیان کرتے ہیں کہ مجھے ابن شہاب نے دو لعان کرنے والوں کے بارہ میںجوسنت ہے حضرت سہل بن سعد ؓجو بنی ساعدہ میں سے تھے کی (بیان کردہ) حدیث کی بنا پر بتایاکہ انصار کا ایک شخص نبی ﷺکے پاس آیا اور اس نے کہایا رسولؐ اللہ! آپؐ کا اس شخص کے بارہ میں کیا ارشاد ہے جو اپنی بیوی کے پاس ایک شخص کو پاتا ہے اور راوی نے ساراقصہ بیان کیا اور اس میں یہ مزید بیان کیا کہ انہوں نے مسجد میں لعان کیا تھا اور میں موجود تھا اور روایت میں ہے کہ اس نے اس (عورت) کو تین طلاقیں قبل اس کے کہ رسول اللہ
سعید بن جبیر سے روایت ہے وہ کہتے ہیں مجھ سے مصعب کے زمانہ میں لعان کرنے والوں کا مسئلہ پوچھا گیا کیا ان دونوں کے درمیان جدائی ڈالی جائے گی؟ انہوں نے کہا میں نہیں جانتا کہ کیا کہوں؟ تو میں مکّہ میں حضرت ابن عمرؓ کے مکان پر گیا اور خادم سے کہا میرے لئے اجازت لو۔ اس نے کہا وہ قیلولہ کررہے ہیں۔ انہوں نے میری آواز سنی۔ انہوں نے کہا ابن جبیر؟ میں نے کہا ہاں۔ انہوں نے کہا اندرآجاؤ، اللہ کی قسم! تم اس وقت صرف کسی ضرورت کے لئے ہی آئے ہو۔ میں داخل ہوا وہ ایک کمبل بچھائے تکیہ لگائے ہوئے تھے ۔ جس میں کھجورکی چھال بھری ہوئی تھی ۔ میں نے کہا اے عبدالرحمان! کیا لعان کرنے والوںکے د رمیان جدائی ڈال دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا اللہ پاک ہے ہاں، یقینا وہ پہلا شخص جس نے اس بارے میں سوال کیا وہ فلاں بن فلاں تھا۔ اس نے کہا یا رسولؐ اللہ! آپؐ کا کیا ارشاد ہے اگر ہم میں سے کوئی اپنی عورت کو بے حیائی کرتے دیکھے تو وہ کیا کرے؟ اگر وہ بات کرے تو بہت بُری بات کرتا ہے اور اگر خاموش رہے تو اس جیسی بات پر خاموش رہتا ہے۔نبی ﷺخاموش رہے اور اسے جواب نہ دیا۔ جب اس کے بعد وہ آپؐ کے پاس آیا تو اس نے کہا جس بات کے بارہ میںنبی ﷺ سے پوچھا تھا میں ہی اس میں مبتلاء ہوں تو اللہ تعالیٰ نے سورہ النور میں یہ آیات نازل فرمائیں۔ وَالَّذِیْنَ یَرْمُوْنَ اَزْوَاجَھُمْ اور وہ لوگ جو اپنی بیویوں پر تہمت لگاتے ہیں٭۔ آپؐ نے یہ آیات اس کے سامنے پڑھیں اور اس کو وعظ اور نصیحت کی اور اسے بتایا کہ دنیا کا عذاب آخرت کے عذاب سے آسان ہے ۔اس نے کہا نہیں اس ذات کی قسم ! جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے میں نے اس پر جھوٹ نہیں باندھا۔ پھر آپؐ نے اس (عورت) کو بلایا اور اسے وعظ ونصیحت کی اور اُسے بتایا کہ دنیا کا عذاب آخرت کے عذاب سے آسان ہے۔ اس نے کہا نہیں، اس ذات کی قسم جس نے آپؐ کو حق کے ساتھ بھیجا ہے یقینا وہ جھوٹا ہے۔ آپؐ نے مرد سے شروع کیا اس نے اللہ کی قسم کھا کر چار گواہیاں دیںکہ وہ سچا ہے اور پانچویں مرتبہ کہا اس پر لعنت ہو اگر وہ جھوٹوں میں سے ہے۔ پھر آپؐ نے عورت سے گواہی کے لئے ارشاد فرمایا تو اس نے اللہ کی قسم کھاکر چار گواہیاں دیں کہ یقینا وہ جھوٹا ہے اور پانچویں مرتبہ کہا کہ اس( عورت) پر اللہ کا غضب ہو اگر وہ(مرد) سچوں میں سے ہے۔ پھر آپؐ نے ان دونوں کے درمیان علیحدگی کروادی۔ ایک اور روایت میں ہے سعید بن جبیر ؓ کہتے ہیںکہ مجھ سے مصعب بن زبیر کے زمانہ میں دو لعان کرنے والوں کے بارہ میں پوچھا گیا تو میں حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے پاس آیا اورمیں نے کہا آپ کا دو لعان کرنے والوں کے بارہ میں کیا خیال ہے ؟ کیا دونوں میں علیحدگی کر دی جائے گی؟ ۔۔۔باقی روایت سابقہ روایت کے مطابق ہے ۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے دو لعان کرنے والوں سے فرمایا تم دونوں کا حساب اللہ کے ذمہ ہے ۔ تم دونوں میں سے ایک جھوٹا ہے۔(حضورؐ نے اس مرد کو فرمایا ) تیرا اس (عورت)پر کوئی حق نہیں۔ اس نے کہایا رسولؐ اللہ! میرا مال؟ آپؐ نے فرمایا تیرا کوئی مال نہیں۔ اگر تو نے اس کے بارہ میں سچ بولا ہے تو وہ مال اس کا بدلہ ہے جو تم نے اس سے ازدواجی تعلق قائم کیا اور اگر تو نے اس کے بارہ میں جھوٹ بولا ہے تو وہ مال تیرے لئے اس سے بھی زیادہ دور ہے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے بنی عجلان (قبیلہ)کے جوڑے کے درمیان جدائی کر دی تھی۔ اور فرمایا اللہ جانتا ہے کہ تم میں سے ایک جھوٹا ہے تو کیا تم میں سے کوئی توبہ کرتا ہے ؟
سعید بن جبیر سے روایت ہے وہ کہتے ہیں مصعب نے دو لعان کرنے والوں کے درمیان جدائی نہیں ڈلوائی۔ سعید کہتے ہیں یہ بات حضرت عبداللہؓ بن عمرسے بیان کی گئی تو انہوں نے کہا نبی ﷺ نے بنی عجلان کے جوڑے میں جدائی ڈلوائی تھی۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے ایک انصاری مرد اور اس کی عورت کے درمیان لعان کرایا اور ان دونوں کے درمیان جدائی ڈلوا دی۔
حضرت عبداللہ ؓسے روایت ہے وہ کہتے ہیں ہم جمعہ کی رات مسجد میں تھے کہ انصار میں سے ایک شخص آیا اور کہا اگر کوئی شخص اپنی عورت کے پاس کسی شخص کو پائے اور وہ اس بات کو بیان کرے تو تم لوگ اسے کوڑے مارو گے یا اگروہ قتل کرے تو تم اسے قتل کردو گے اور اگر وہ خاموش رہے تو غصہ کی حالت میں خاموش رہے گا۔ اللہ کی قسم! میں اس بارہ میں ضرور رسول اللہ ﷺ سے پوچھوں گا۔ جب اگلا دن ہوا تووہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے پوچھا، اس نے کہا اگر کوئی اپنی بیوی کے پاس کسی شخص کوپائے اور وہ بات کو بیان کرے تو آپ اسے کوڑے ماریں گے یا وہ قتل کرے تو آپ اسے قتل کریں گے۔ یا خاموش رہے تو غصہ کی حالت میں خاموش رہے گا۔ آپؐ نے کہا اے اللہ(مجھ پر معاملہ) کھول دے اور آپؐدعا کرنے لگے تو آیت لعان نازل ہوئی وَالَّذِیْنَ یَرْمُوْنَ اَزْوَاجَھُمْ وَلَمْ یَکُنْ لَھُمْ شُھَدَائُ اِلَّا اَنْفُسُھُم۔ترجمہ: اور وہ لوگ جو اپنی بیویوں پر تہمت لگاتے ہیں اور ان کے پاس اپنی ذات کے سوا اور کوئی گواہ نہ ہو تو۔۔۔٭اور سب لوگوںمیں یہی شخص اس آزمائش میں ڈالا گیا۔ وہ اور اس کی بیوی رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور ان دونوں نے لعان کیا۔ مرد نے اللہ تعالیٰ کی چار قسمیں کھائیں کہ وہ سچا ہے اور پھر اس نے پانچویں بار لعنت کی کہ اس پر اللہ لعنت کرے اگر وہ جھوٹا ہو۔ وہ عورت بھی لعان کرنے لگی۔ رسول اللہ ﷺ نے اسے فرمایا سوچ لو، اس نے انکار کیا اور لعنت کی۔ پس جب وہ دونوں واپس چلے گئے ،آپؐنے فرمایا شاید اس کے کالے رنگ گھنگریالے بالوں والا بچہ ہو۔ پھراس نے (واقعۃً) وہ کالا گھنگریالے بالوں والا بچہ جنا۔
محمد سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے حضرت انسؓ بن مالک سے پوچھا اور میرا خیال تھا کہ انہیں اس بارہ میں علم ہے۔ انہوں نے کہا یقینا ہلال بن امیّہ نے اپنی بیوی پر شریک بن سحماء سے بدکاری کا الزام لگایا اور وہ براء بن مالک کا ماں کی طرف سے بھائی تھا۔ اور وہ پہلا شخص تھا جس نے اسلام میں لعان کیا۔ راوی کہتے ہیں چنانچہ اس نے اس عورت سے لعان کیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اس پر نظر رکھو ۔ اگر وہ سفید رنگ، سیدھے بال اور سرخ آنکھوں والا(بچہ) جنے تو وہ ہلال بن امیّہ کا ہے اور اگر وہ سرمئی آنکھوں ، گھنگریالے بالوں پتلی پنڈلیوں والا لائے تو وہ شریک ابن سحماء کا ہے۔ راوی کہتے ہیں پھر مجھے بتایا گیا کہ اس نے سرمئی آنکھوں گھنگریالے بالوں پتلی ٹانگوں والے بچے کو جنم دیا۔
ضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ کے پاس لعان کا ذکر ہوا تو عاصم بن عدی نے اس بارہ میں کوئی بات کہہ دی۔ پھر وہ واپس گئے تو ان کے پاس ان کی قوم کا ایک شخص آیا اور ان سے شکایت کرنے لگے کہ اس نے اپنی بیوی کے پاس ایک شخص کو پایا ہے۔ عاصم نے کہا میں اس میں معاملہ میںاپنی بات کی وجہ سے ہی آزمائش میں پڑا ہوں۔ پھر وہ اسے رسول اللہ ﷺ کے پاس لے گئے اور اس نے آپؐ کو اس شخص کے بارہ میں بتایا جسے اس نے اپنی بیوی کے پاس پایا تھا وہ شخص زرد رنگ کا دبلا پتلا، سیدھے بالوں وا لاتھا اور جس کے خلاف وہ دعوٰی کرتا تھا کہ اس نے اس کو اپنی بیوی کے پاس پایا ہے وہ موٹی پنڈلیوں والا ، گندمی رنگ اور موٹاتازہ تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے دعا کی اے اللہ! (معاملہ کو) کھول دے۔ پھر اس عورت نے اس شخص سے ملتے جلتے کو جنم دیا جس کاذکر اس کے خاوند نے کیا تھا کہ اس کو اس نے اس کے پاس پایا ہے رسول اللہ ﷺنے ان دونوں کے درمیان لعان کرایا ایک شخص نے حضرت ابن عباسؓ سے ایک مجلس میں کہا کیا یہ وہی عورت ہے جس کے بارہ میں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اگر میں کسی کو بغیر دلیل کے سنگسار کرتا تو اس عورت کو سنگسار کرتا۔حضرت ابن عباسؓ نے کہا نہیں وہ تو وہ عورت تھی جو اسلام میں علانیہ برائی پھیلاتی تھی۔