بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 130 hadith
حضرت عثمانؓ سے روایت ہے وہ اسے نبیﷺ تک پہنچا تے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا مُحِرم نہ نکاح کرے نہ نکاح کے لئے پیغام بھجوائے۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے حضرت میمونہؓ سے احرام کی حالت میں شادی کی۔
یزید بن الاصم سے روایت ہے کہ حضرت میمونہ بنت حارثؓ نے مجھ سے بیان کیا کہ رسول اللہﷺ نے ان سے شادی کی اور وہ احرام کھول چکے تھے۔ وہ کہتے ہیں وہ میری اور ابن عباس ؓ کی خالہ تھیں۔
حضرت ابن عمرؓ نبیﷺ سے روایت کرتے ہیں آپؐ نے فرمایا تم میں سے کوئی کسی کے سودے پرسودا نہ کرے اور نہ ہی کوئی شخص کسی دوسرے شخص کے پیغام پر پیغام دے۔
نبیہ بن وہب سے روایت ہے کہ عمر بن عبیداللہ بن معمر نے ارادہ کیا کہ وہ اپنے بیٹے طلحہ کا نکاح شیبہ بن جبیر کی بیٹی سے حج کے دوران کریں۔ ابان بن عثمان اس وقت امیر حج تھے۔ انہوں نے ابان کو پیغام بھجوایا کہ میں نے ارادہ کیا ہے کہ میں طلحہ بن عمرکا نکاح کروں اور میں چاہتا ہوں کہ آپ بھی اس وقت تشریف لائیں۔ ابان نے ان سے کہا میں تمہیں محض ایک بے علم عراقی سمجھتا ہوں۔ میں نے حضرت عثمانؓ بن عفان سے سنا۔ وہ کہتے تھے رسول اللہﷺ نے فرمایا مُحِرم نکاح نہ کرے۔
ابو شعثاء سے روایت ہے کہ حضرت ابن عباسؓ نے انہیں بتایا کہ نبیﷺ نے حضرت میمونہؓ سے شادی کی اور اس وقت آپؐ حالت احرام میں تھے۔ یزید بن الاصم کہتے ہیں کہ آپؐ نے ان سے نکاح کیا اور آپؐ احرام کھول چکے تھے۔
حضرت ابن عمرؓ سے مروی ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا کوئی شخص اپنے بھائی کے سودے پر سودا نہ کرے اور نہ اپنے بھائی کے نکاح کے پیغام پر پیغام بھیجے۔ سوائے اس کے کہ وہ اس کو اس کی اجازت دے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے اس سے منع فرمایا کہ شہری بدوی کے لئے مال بیچے۔ یا لوگ ایک دوسرے سے(سودا طے کرنے کے بعد) بڑھ کر قیمت کی پیش کش کریں۔ یا ایک شخص اس کے نکاح کے پیغام پر پیغام دے یا اپنے بھائی کے سودے پر سودا کرے اور نہ ہی کوئی عورت اپنی بہن کی طلاق کا مطالبہ کرے تاکہ جو کچھ اس کے برتن میں یا اس کی پلیٹ میں ہے اسے انڈیل لے۔ اور عمرو نے اپنی روایت میں مزید کہا ہے کہ کوئی اپنے بھائی کے سودے پر سودا نہ کرے۔
حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ایک دوسرے سے بڑھ کردھوکہ دینے کے لئے زیادہ قیمت کی پیش کش نہ کرواور نہ کوئی شخص اپنے بھائی کے سودے پر سودا کرے اور نہ کوئی شہری بدوی کے لئے مال بیچے اور نہ کوئی شخص اپنے بھائی کے نکاح پر نکاح کا پیغام دے اور نہ کوئی عورت کسی دوسری عورت کی طلاق کا مطالبہ کرے تاکہ وہ جو کچھ اس کے برتن میں ہے اُسے انڈیل لے۔ معمر کی روایت میں ہے کہ کوئی شخص اپنے بھائی کے سودے پر بڑھا کرقیمت پیش نہ کرے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کوئی مسلمان اپنے بھائی کے سودے پر سودا نہ کرے اور نہ ہی اس کے پیغام پر پیغام دے۔