بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 129 hadith
حضرت انس ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ غزوئہ خیبرکے لئے نکلے۔وہ کہتے ہیں ہم نے صبح کی نماز منہ اندھیرے اس(خیبر) کے قریب پڑھی۔ نبی ﷺ سوار ہوئے اور ابو طلحہؓ بھی سوار ہوئے اور میں ابو طلحہؓ کے پیچھے بیٹھا۔ اللہ کے نبی ﷺ نے خیبر کی گلیوں میں (گھوڑا) دوڑایا ، میرا گھٹنا اللہ کے نبی ﷺ کی ران کو چھوتا تھا۔ چادر نبی ﷺ کی ران سے ہٹ گئی اورمیں(اب بھی) نبی ﷺ کی ران کی سفیدی دیکھ رہا ہوں۔ جب آپؐ بستی میں داخل ہوئے تو آپؐ نے فرمایا اللہ اکبر،خیبر ویران ہو گیا۔ جب ہم کسی قوم کے صحن میں اترتے ہیں تو ڈرائے جانے والوں کی صبح بہت بری ہوتی ہے ۔ آپؐ نے یہ تین مرتبہ دہرایا ۔ راوی کہتے ہیں لوگ اپنے کاموں کے لئے نکلے تو کہنے لگے ’’ محمدؐ_ !! راوی عبد العزیز کہتے ہیں کہ ہمارے بعض ساتھیوں نے روایت کی کہ (انہوں نے کہا تھا) محمدؐ لشکر کے ساتھ!! ۔راوی کہتے ہیں ہم نے(خیبر کو) جنگ کر کے فتح کیا ۔
حضرت سہل بن سعد ؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ہمارے پاس رسول اللہ
حضرت انسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں ابو طلحہؓ کے پیچھے سواری پر بیٹھا تھا ۔ اور میرے پاؤں رسول اللہ ﷺ کے پاؤں کو چھوتے تھے ۔ راوی کہتے ہیں جب ہم ان کے پاس پہنچے تو سورج اچھی طرح نکل چکا تھا ۔ انہوں نے اپنے جانورنکال لئے تھے اورکلہاڑیاں،ٹوکریاں ، بیلچے اور کدالیں لے کر نکلے تھے ۔ انہوں نے کہا محمد(ﷺ ) لشکرکے ساتھ! وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا خیبر ویران ہو گیا۔ جب ہم کسی قوم کے صحن میں اترتے ہیں تو ڈرائے جانے والوں کی صبح بہت بری ہوتی ہے۔ راوی کہتے ہیں پھر اللہ عزّوجل نے انہیں شکست دی ۔
حضرت سلمہؓ بن اکوع سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ خیبر کی طرف نکلے تو ہم نے رات کا سفر اختیار کیا۔ لوگوں میں سے ایک شخص نے حضرت عامر بن اکوع ؓ سے کہا کیا آپ ہمیں اپنے ہلکے پھُلکے کچھ شعر نہیں سنائیں گے ؟ عامر ایک شاعر تھے وہ اترے اور قوم کے لئے حُدی خوانی کرنے لگے۔ ’’ اے اللہ اگر تو(ہمارا مدد گار)نہ ہوتا توہم ہدایت نہ پاتے٭ ۔نہ ہم صدقہ کرتے اور نہ نمازپڑھتے۔ ہم تجھ پر فداء ہیں جب تک ہم باقی ہیں پس تو ہمیں بخش دے۔ اگرہماری مڈھ بھیڑ ہو تو(ہمارے) قدموں کو ثبات بخش اور ہم پر سکینت ڈال۔ ہم تو وہ ہیں کہ جب بھی ہمیں للکارا جائے ہم آجاتے ہیںاور شور ڈالتے ہوئے وہ ہم پر چڑھ آئے ہیں۔‘‘ تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا یہ چلانے والا کون ہے ؟ انہوں نے کہا عامر ؓ۔ آپؐ نے فرمایا اللہ اس پر رحم کرے۔ لوگوںمیں سے ایک شخص نے کہا یا رسولؐ اللہ ! واجب ہوگئی ۔آپؐ نے ہمیں کیوں نہ اس سے متمتع فرمایا ! راوی کہتے ہیں ہم خیبر آئے اور ہم نے ان کا محاصرہ کیا یہانتک کہ ہمیں سخت بھوک لگی۔ پھر آپؐ نے(بشارت دیتے ہوئے) فرمایااللہ تعالیٰ نے اسے تمہارے لئے فتح کردیا ہے۔ راوی نے کہا جب وہ شام ہوئی جس سے اگلے دن فتح ہوئی تو لوگوں نے بہت سی آگیں جلائیں ۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا یہ آگیں کیسی ہیں ؟ کس چیز کے لئے یہ آگ جلائی ہے ؟ انہوں نے کہا گوشت کے لئے۔آپؐ نے فرمایا کونسا گوشت ؟ انہوں نے کہا پالتو گدھوں کا گوشت۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا انہیں گرادو اور ان(ہانڈیوں کو) توڑ دو۔ اس پر ایک شخص نے کہا یاان کو الٹا دیں اور دھو لیں۔ آپؐ نے فرمایا یا ایسے کرلو۔ راوی کہتے ہیں جب لوگ صف آراء ہوئے تو عامرؓ کی تلوار چھوٹی تھی۔انہوں نے ایک یہودی کو مارنے کے لئے اس کی پنڈلی پر تلوارچلائی اور اس کی تلوار کی دھارواپس آکرعامرؓ کے گھٹنے کو لگی اور وہ اس سے فوت ہوگئے۔راوی کہتے ہیں جب لوگ لوٹے تو سلمہؓ نے کہااور وہ میرا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا جب رسول اللہ ﷺ نے مجھے خاموش دیکھا تو فرمایا تجھے کیا ہوا ہے ؟ میں نے عرض کیا آپؐ پر میرے ماں باپ فدا ہوں۔لوگ کہتے ہیں کہ عامرؓ کے اعمال ضائع ہوگئے۔ آپؐ نے فرمایا کس نے ایسا کہا ؟ میں نے عرض کیا فلاں فلاں اور اسید بن حضیر انصاری ؓ نے۔ آپؐ نے فرمایا جس نے ایسی بات کہی اس نے غلط کہا ۔اس کے لئے تو دو اجر ہیں اور آپؐ نے اپنی دو انگلیاں ملائیں (پھر فرمایا ) وہ تو جہاد کرنے والا مجاہد ہے اس جیسا عرب اس (زمین) پر کم ہی چلاہوگا ۔ قتیبہ نے محمد سے روایت میں دو لفظوں میں اختلاف کیا ہے اور ابن عباد کی روایت میں ہے وَاَلْقِ سَکِیْنَۃً عَلَینَا کہ ہم پر سکینت ڈال۔
حضرت سلمہ بن اکو ع ؓ کہتے ہیں جب خیبر کے دن میرے بھائی نے رسول اللہ ﷺ کی معیت میںخوب جنگ کی۔ اس کی اپنی تلوار اس کی طرف پلٹی اور اسے مار ڈالا۔ تورسول اللہ ﷺ کے صحابہؓ نے اس بارہ میںکچھ بات کی اور اس پر کچھ شک کیا _ ایک آدمی جواپنے ہتھیار سے ہی مر جائے۔اور اس پر کسی امر میں شک کیا_ سلمہ ؓ کہتے ہیںرسول اللہ ﷺ خیبر سے لوٹے تو میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! مجھے اجازت دیں کہ میں آپؐ کے سامنے رجزیہ اشعار پڑھوں۔ رسول اللہ ﷺ نے انہیں اجازت دی ۔ حضرت عمر بن خطاب ؓ نے کہا میں جانتا ہوں جو تم کہنے والے ہو۔ وہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا :اللہ کی قسم ! اگر اللہ(کا فضل )نہ ہوتا تو ہم ہدایت نہ پاتے اور نہ ہم صدقہ کرتے اور نہ نمازپڑھتے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تم نے بالکل درست بات کہی ۔اور ہم پر سکینت نازل فرمااور جب (دشمن)سے مڈھ بھیڑ ہو تو ہمارے قدموں کو ثبات بخش اور مشرکوں نے ہم پرزیادتی کی ہے ۔جب میں نے اپنے رجزیہ اشعار ختم کئے۔ تورسول اللہ ﷺنے فرمایایہ کس نے کہے ہیں۔ میں نے عرض کیا میرے بھائی نے کہے ہیں۔ اس پر رسول اللہ ﷺنے فرمایااللہ اس پر رحم فرمائے۔ راوی کہتے ہیں میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! بعض لوگ اس پر دعا کرتے ہوئے ڈرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں یہ شخص تو اپنے ہتھیار سے مرا ہے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا وہ جہاد کرتے ہوئے مجاہد ہوتے ہوئے مرا ہے۔ ابن شہاب کہتے ہیں کہ میں نے حضرت سلمہؓ بن اکوع کے ایک بیٹے سے پوچھا۔انہوں نے اپنے والد سے ایسی ہی روایت مجھے بتائی۔ مگر انہوں نے یہ بھی کہا (سلمہؓ بن اکوع کہتے ہیں)جب میں نے کہا کچھ لوگ ان کے لئے دعا کرتے ہوئے جھجکتے ہیں تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایاوہ غلط سمجھتے ہیں۔ وہ جہاد کرتے ہوئے مجاہدہ کرتے ہوئے فوت ہوا۔ اس کے لئے دو بار اجر ہے اور آپؐ نے اپنی دو انگلیوں سے اشارہ فرمایا۔
ابو اسحاق سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے حضرت براءؓ سے سنا انہوں نے کہارسول اللہ ﷺ احزاب والے دن ہمارے ساتھ مٹی اٹھاتے تھے اور مٹی نے آپ کے پیٹ کی سفیدی کو چھپادیاتھا۔ آپؐ فرمارہے تھے اللہ کی قسم ! اگرتو (یعنی تیرا فضل) نہ ہوتا تو ہم ہدایت نہ پاتے ،نہ صدقہ کرتے اور نہ ہم نماز پڑھتے۔ تو ہم پر سکینت نازل فرما۔ یقینا یہ لوگ ہمارے (راستہ میں) روک بنے۔یہ بڑے لوگ ہمارے (راستہ میں) روک بنے۔جب انہوں نے ہمارے متعلق فتنہ کا ارادہ کیا تو ہم نے انکار کیا۔ راوی کہتے ہیں اس کو آپؐ آواز بلند سے کہتے تھے ۔ ایک اور روایت میں( اِنَّ الاُلَی قَدْ اَبَوْا عَلَینَا کی بجائے) اِنَّ الاُلَی قَدْ بَغَوا عَلَینَا کے الفاظ ہیںیعنی ان لوگوں نے ہم پر زیادتی کی ہے ۔
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ فرماتے تھے ’’ اصل زندگی تو آخرت کی زندگی ہے۔راوی شعبہ نے کہا( اصل زندگی تو آخرت کی زندگی ہے کی بجائے آپؐ نے فرمایا) ’’ اے اللہ! نہیں کوئی زندگی مگر آخرت کی زندگی پس اے اللہ! انصار اور مہاجروں کو عزت عطا فرما‘‘