بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 209 hadith
حضرت ابو بکرہؓ سے روایت ہے کہ اللہ کے نبیﷺ نے فرمایاعید کے دو مہینے ناقص نہیں ہوتے۔ خالد کی روایت میں ہے عید کے دو مہینے رمضان اور ذوالحجۃ۔
حضرت سمرہ بن جندبؓ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت محمدﷺ کو فرماتے ہوئے سنا سحری کھانے کے متعلقتم میں سے کسی کو بلالؓ کی اذان غلط فہمی میں نہ ڈالے اور نہ یہ سفیدی یہاں تک کہ وہ پھیل جائے۔
(تشریح)حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تم میں سے کسی کو بلالؓ کی اذان غلط فہمی میں نہ ڈالے اور نہ یہ سفیدی _ صبح کے ستون کی_ یہاں تک اس طرح پھیل جائے۔
حضرت عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں جب (یہ آیت) اتری حَتَّی یَتَبَیَّنَ۔ ۔ ۔ (ترجمہ): یہاں تک کہ تمہارے لئے سفید دھاگا سیاہ دھاگے سے فجرکے وقت ممتازہو جائے٭ (البقرہ: 188) تو عدی بن حاتم ؓ نے آپؐ کی خدمت میں عرض کیا کہ یا رسولؐ اللہ! میں اپنے تکیہ کے نیچے دو رسیاں رکھ لیتا ہوں ایک سفید رسی اور ایک سیاہ رسی اور میں (اس طرح) رات کو دن سے پہچان لیتا ہوں۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا تمہارا تکیہ بڑاچوڑا ہے۔ وہ تو صرف رات کی سیاہی اور دن کی سفیدی ہے۔
حضرت سہل بن سعدؓ بیان کرتے ہیں جب یہ آیت نازل ہوئی وَکُلُوْا وَاشْرَبُوْا۔ ۔ ۔ (البقرہ: 188) ترجمہ: اور کھاؤ اور پیو یہاں تک کہ تمہارے لئے(صبح کی) سفید دھاری (رات کی) سیاہ دھاری سے ممتاز ہو جائے۔ راوی کہتے ہیں ایک شخص سفید دھاگہ اور سیاہ دھاگہ لیتا تھا۔ وہ کھاتا رہتا تھا یہاں تک وہ دونوں (دھاگے) اسے واضح نظر آجاتے تھے۔ پھراللہ تعالیٰ نے’’مِنَ الْفَجْرِ‘‘(کے الفاظ) نازل فرمائے تو اس(اللہ) نے یہ بات کھول دی۔
حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں جب یہ آیت وَکُلُوْا وَاشْرَبُوْا۔ ۔ ۔ (البقرہ: 188)نازل ہوئی(ترجمہ): اور کھاؤ اور پیو یہاں تک کہ تمہارے لئے(صبح کی) سفید دھاری (رات کی) سیاہ دھاری سے ممتاز ہو جائے۔ راوی کہتے ہیں ایک شخص جب روزے کا ارادہ کرتا تو اپنے دونوں پاؤں میں سیاہ دھاگہ اور سفید دھاگہ باندھ لیتا اور وہ کھاتا اور پیتا رہتا یہاں تک کہ اس کو وہ دونوں واضح نظر آتے۔ اس کے بعداللہ تعالیٰ نے مِنَ الْفَجْرِ(کے الفاظ) نازل فرمائے توانہیں علم ہوا کہ اس سے مراد رات اور دن ہیں۔
حضرت عبداللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا بلالؓ (ابھی) رات (ہی ہوتی ہے کہ) اذان (دے) دیتے ہیں۔ پس تم کھاؤ اور پیو یہاں تک کہ تم ابن ام مکتومؓ کی اذان سن لو۔
حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ کے دو مؤذن تھے بلالؓ اور ابن ام مکتومؓ (جو) نابینا (تھے) رسول اللہﷺ نے فرمایابلالؓ رات میں ہی اذان دیتے ہیں تم کھاؤ اور پیویہاں تک کہ ابن امؓ مکتوم اذان دیں۔ راوی کہتے ہیں ان (دونوں )کے درمیان اتنا ہی وقفہ ہوتا تھاکہ یہ اترتے تھے اور وہ اوپر جاتے تھے۔
حضرت ابن مسعودؓ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا تم میں سے کسی کو اس کی سحری(کھانے) سے بلالؓ کی اذان_یا فرمایا بلال کی نداء _ نہ روکے۔ وہ رات میں اذان یا فرمایا نداء دیتے ہیں تا کہ وہ تم میں سے عبادت کرنے والے کوواپس لائے اور تم میں سے سونے والے کوجگائے۔ اور آپؐ نے فرمایا (طلوعِ فجر) اس اس طرح نہیں ہے اور آپؐ نے اپنا ہاتھ سیدھا کیا اور بلند کیا_ بلکہ اس طرح ہے _ اور آپؐ نے اپنی دو انگلیوں کے درمیان فاصلہ کیا۔ ایک روایت میں ہے کہ آپؐ نے فرمایا کہ فجر یوں نہیں اور آپؐ نے اپنی انگلیاں جمع کر کے ان کو زمین کی طرف جھکایا _بلکہ اس طرح ہے_ اور آپؐ نے اپنی شہادت کی انگلی کو شہادت کی انگلی پر رکھا اور اپنے ہاتھ پھیلائے۔ ایک اور روایت میں ہے آپؐ نے فرمایا کہ وہ (بلالؓ ) تم میں سے سونے والے کوبیدار کرتے ہیں اور تم میں سے عبادت کرنے والے کو واپس لے آتے ہیں۔ راوی جریر اپنی روایت میں کہتے ہیں کہ اس طرح نہیں بلکہ اس طرح یعنی فجر__ چوڑائی کے رُخ ہے لمبے رُخ(عمودی) نہیں۔