بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 209 hadith
حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا تمہاری سحری کے بارہ میں تمہیں بلالؓ کی اذان غلط فہمی میں نہ ڈالے اور نہ ہی افق کی اس طرح لمبی(عمودی) سفیدی یہاں تک کہ وہ اس طرح پھیل جائے اور حمادنے اپنے ہاتھ پھیلا کر اسے بیان کیایعنی چوڑائی کے رُخ۔
سوادہ کہتے ہیں میں نے حضرت سمرہ بن جندب رضی اللہ عنہ کو خطبہ دیتے ہوئے سنا وہ بیان کررہے تھے کہ نبیﷺ نے فرمایا تمہیں بلالؓ کی اذان اور یہ سفیدی غلط فہمی پیدا نہ کرے۔ راوی نے حَتَّی یَبْدُوَالْفَجْرُ یا یَنْفَجِرَ الْفَجْرُ کے الفاظ کہے تھے۔
حضرت انس ر ضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا سحری کھایا کرو۔ کیونکہ سحری کھانے میں برکت ہے۔
حضرت عمر و بن العاصؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہمارے روزے اور اہل کتاب کے روزے میں فرق سحری کھانا ہے۔
حضرت انسؓ حضرت زید بن ثابت ر ضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے کہاہم نے رسول اللہﷺ کے ساتھ سحری کھائی۔ پھر ہم نمازکے لئے کھڑے ہوئے۔ میں نے کہاان دونوں کے درمیان کتنا وقفہ تھا؟ انہوں نے کہا پچاس آیات (کی تلاوت کے برابر)۔
حضرت سھل بن سعد ر ضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہﷺ نے فرمایا اس وقت تک لوگ بھلائی میں رہیں گے جب تک افطار میں جلدی کریں گے۔
ابو عطیہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں اور مسروق حضرت عائشہؓ کے پاس گئے اور ہم نے کہا اے ام المومنین! حضرت محمدﷺ کے صحابہؓ میں دو آدمی ہیں ان میں سے ایک جلدی افطار کرتے اور جلد ی نماز پڑھتے ہیں اور دوسرے دیرسے افطار کرتے اور دیر سے نماز پڑھتے ہیں۔ حضرت عائشہؓ نے پوچھا ان دونوں میں سے کون جلدی افطار کرتاہے اور جلدی نماز پڑھتا ہے؟ راوی کہتے ہیں ہم نے کہا حضرت عبداللہ یعنی ابن مسعودؓ۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا رسول اللہﷺ بھی ایسا (ہی) کرتے تھے۔ ابو کریب نے مز ید یہ کہا اور دوسرے حضرت ابو موسیؓ تھے۔
ابو عطیہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں اور مسروق حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کے پاس گئے اور مسروق نے ان سے کہا محمدﷺ کے اصحاب میں دو آدمی ہیں وہ دونوں نیکی میں کوئی کمی نہیں کرتے۔ ان میں سے ایک نماز مغرب جلدی پڑھتے ہیں اور افطار (بھی) جلدی کرتے ہیں اور دوسرے نماز مغرب دیر سے پڑھتے ہیں اور افطار بھی دیر سے کرتے ہیں۔ انہوں نے پوچھا کون مغرب اور افطارمیں جلدی کرتے ہیں؟ انہوں نے کہا حضرت عبداللہؓ۔ توحضرت عائشہؓ نے فرمایا رسول اللہﷺ ایسا ہی کیا کرتے تھے۔
حضرت عمر ر ضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ فرماتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایاجب رات آجائے اور دن چلا جائے اور سورج غروب ہوجائے تو روزہ دار روزہ کھول دیتا ہے۔ ابن نمیر نے’’فَقَدْ‘‘ کے لفظ کا ذکر نہیں کیا۔
حضرت عبداللہ بن ابی اوفیٰ ر ضی اللہ عنہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ ہم رمضان کے مہینہ میں رسول اللہﷺ کے ساتھ ایک سفر پر تھے۔ جب سورج غروب ہوا توآپؐ نے فرمایا اے فلاں ! اترو اور ہمارے لئے ستو گھولو۔ اس نے عرض کیاابھی دن ہے۔ آپؐ نے فرمایا اترو اور ستو گھولو۔ راوی کہتے ہیں وہ اترا اور اس نے ستو گھولے۔ پھر وہ اسے آپؐ کے پاس لایا تو نبیﷺ نے نوش فرمایا پھر اپنے ہاتھ (سے اشارہ کرتے ہوئے) فرمایاجب اِدھر سے سورج ڈوب جائے اور اُدھر سے رات آجائے تو روزہ دار افطارکر دیتا ہے۔