بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 232 hadith
حضرت ابو موسیٰ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا مردوں میں سے بہت سے کامل ہوئے ہیں اور عورتوں میں سے سوائے مریمؑ بنت عمران اور فرعون کی بیوی آسیہؑ کے کوئی کامل نہیں ہوئی اور یقینا عائشہؓ کی فضیلت عورتوں پر ایسی ہے جیسے ثرید کی سب کھانوں پر
حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہﷺ نے حضرت خدیجہؓ بنت خویلد کو جنت میں گھر کی بشارت دی۔
حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ مجھے نبیﷺ کی ازواج مطہراتؓؓ میں سے کسی زوجہ مطہرہ پر اتنا رشک نہ آیا جتنا آپؐ کے کثرت سے ذکر کرنے کی وجہ سے حضرت خدیجہؓ پر رشک آیا حالانکہ میں نے انہیں کبھی نہیں دیکھا تھا۔
حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ نبیﷺ نے حضرت خدیجہؓ کی موجودگی میں اور شادی نہیں کی یہانتک کہ آپؓ وفات پاگئیں۔
حضرت ابو زرعہ سے روایت ہے کہ میں نے حضرت ابو ہریرہؓ کو کہتے ہوئے سنا کہ جبرائیل نبیﷺ کے پاس آئے اور کہا یا رسولؐ اللہ! یہ خدیجہؓ ہیں جو آپؐ کے پاس آئی ہیں۔ ان کے پاس برتن ہے جس میں سالن ہے یاکہا کھانا ہے یاکہا پانی ہے۔ پس جب وہ آپؐ کے پاس آئیں تو ان کو ان کے رب عز وجل کی طرف سے سلام کہیے اور میری طرف سے بھی اور انہیں جنت میں ایسے گھر کی بشارت دیجئے جو خولدار موتی سے بنا ہوا ہو۔ نہ اس میں شورو غو غا ہو گا اور نہ کوئی تھکان ہوگی۔ایک اور روایت میں سَمِعْتُ اور وَمِنِّی کے الفاظ نہیں ہیں۔
اسماعیل بیان کرتے ہیں کہ میں نے حضرت عبد اللہ بن ابی اوفیٰؓ سے کہا کیا رسول اللہﷺ نے حضرت خدیجہؓ کو جنت میں گھر کی بشارت دی تھی؟ انہوں نے کہا ہاں آپؐ نے حضرت خدیجہؓ کو جنت میں ایک ایسے گھر کی بشارت دی تھی جو خولدار موتی کاہوگا اور نہ اس میں کوئی شور ہوگا اور نہ کوئی تھکان۔
حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ مجھے کسی عورت پر رشک نہیں آیا سوائے حضرت خدیجہؓ کے _ وہ آپﷺ کے مجھ سے شادی کرنے سے تین سال قبل وفات پا چکی تھیں _ کیونکہ میں آپؐ کو اُن کا کثرت سے ذکر کرتے سُنا کرتی تھی اور یقینا آپؐ کے رب عزوجل نے آپؐ کو ارشاد فرمایا تھا کہ آپؐ انہیں (حضرت خدیجہؓ کو) جنت میں خولدار موتی کے گھر کی بشارت دیں اور آپؐ بکری ذبح کرتے تو اس (کا گوشت)اُن(حضرت خدیجہؓ ) کی سہیلیوں کو بطور ہدیہ بھجوا دیتے۔
حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں کہ مجھے نبیﷺ کی ازواج مطہراتؓ میں سے کسی پر رشک نہیں آیا سوائے حضرت خدیجہؓ کے حالانکہ میں نے ان کا زمانہ نہیں پایا۔ آپؓ کہتی ہیں کہ رسول اللہﷺ جب(بھی) بکری ذبح کرتے تو فرماتے کہ یہ خدیجہ ؓ کی سہیلیوں کو بھیجو۔ ایک روز میں نے آپﷺ کو ناراض کردیا کہ میں نے کہا خدیجہ! اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ میرے دل میں اس کی محبت دی گئی ہے۔ ایک اور روایت میں صرف بکری (کے گوشت بھیجنے تک) کاذکر ہے اس کے بعد مزید کوئی ذکر نہیں۔
حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ حضرت خدیجہؓ کی بہن ہالہؓ بنت خویلدنے رسول اللہﷺ سے اجازت طلب کی توآپؐ کو حضرت خدیجہؓ کا اجازت طلب کرنا یا د آگیا تو آپؐ نے بشاشت محسوس کی اور فرمایااے اللہ! ہالہؓ بنت خویلد ہے! اس پر مجھے رشک آگیا اور میں نے عرض کیا آپؐ کیا قریش کی بوڑھیوں میں سے ایک بوڑھی سرخ باچھوں والی کا ذکر کرتے ہیں جو ایک زمانہ ہوا فوت ہوگئی اور اللہ نے آپؐ کو اس کے بدلہ میں اس سے بہتر دیں۔
حضرت عائشہؓ بیان فرماتی ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا مجھے تم تین راتیں خواب میں دکھائی گئیں۔ ایک فرشتہ تمہیں میرے پاس ریشم کے اعلیٰ کپڑے میں لایا وہ کہنے لگا یہ آپؐ کی بیوی ہیں۔ میں تمہارے چہرے سے پردہ ہٹاتا ہوں تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہ تم ہو۔ تب میں نے کہا کہ اگر یہ اللہ کی طرف سے ہے تو وہ اسے پورا کردے گا۔