بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 15 hadith
حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں رسول اللہﷺ نے اس آیت کی تلاوت کی ھُوَالَّذِیْ اَنْزَلَ عَلَیْکَ۔ ۔ ۔ وہی ہے جس نے تجھ پر کتاب اتا ری۔ اُسی میں سے محکم آیات بھی ہیں وہ کتاب کی ماں ہیں اور کچھ دوسری متشابہ (آیات) ہیں۔ پس وہ لوگ جن کے دلوں میں کجی ہے وہ فتنہ چاہتے ہوئے اور اس کی تاویل کی خاطر اس میں سے اس کی پیروی کرتے ہیں جو باہم مشابہ ہیں حالانکہ اللہ کے سوا اور ان کے سوا جو علم میں پختہ ہیں کوئی اس کی تاویل نہیں جانتا۔ وہ کہتے ہیں ہم اس پر ایمان لے آئے۔ سب ہمارے رب کی طرف سے ہے اور عقلمند وں کے سوا کوئی نصیحت نہیں پکڑتا۔ ٭ آپؓ فرماتی ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایاجب تم ان لوگوں کو دیکھو جو اس میں سے اس کی پیروی کرتے ہیں جو اس سے مشابہ ہیں (تو جان لوکہ) یہی وہ لوگ ہیں جن کے بارہ میں اللہ نے نام لے کر فرمایا ہے کہ ان سے بچو۔
حضرت جندب بن عبداللہ بَجَلِیّؓ بیان کرتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایاقرآن کریم پڑھو جب تک تمہارے دل اس پر مائل ہوں اور جب تم اختلاف محسوس کرو تو کھڑے ہو جاؤ۔
حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا اللہ کے نزدیک سب سے بُرا وہ شخص ہے جو سخت جھگڑالو ہے۔
حضرت انس بن مالکؓ بیان کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ قیامت کی نشانیوں میں سے ہے کہ علم اٹھا لیا جائے گا اور جہالت قدم جمالے گی اور شراب پی جائے گی اور زنا عام ہو جائے گا۔
حضرت عبداللہ بن عمروؓ بیان کرتے ہیں کہ ایک دن میں رسول اللہﷺ کے پاس گیا۔ وہ کہتے ہیں آپؐ نے دو آدمیوں کی آواز سنی جو ایک آیت کے بارہ میں اختلاف کر رہے تھے تو رسول اللہﷺ ہمارے پاس باہر تشریف لائے۔ آپؐ کے چہرے پر غصہ معلوم ہوتا تھا۔ آپؐ نے فرمایاتم سے پہلے لوگ محض کتاب میں اختلاف کرنے کی وجہ سے ہلاک ہوئے۔
حضرت جندبؓ یعنی ابن عبداللہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا قرآن کریم پڑھو جب تمہارے دل اس پر مائل ہوں اور جب تم اختلاف کرو تو کھڑے ہو جاؤ۔ ایک روایت میں ہے ابو عمران کہتے ہیں ہم کوفہ میں تھے اور بچے تھے کہ ہمیں حضرت جندبؓ نے بتایا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تم قرآن پڑھو
حضرت ابو سعید خدریؓ بیان کرتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا تم ضرور پہلی قوموں کے طریقوں کی پوری طرح قدم بہ قدم پیروی کرو گے یہانتک کہ اگر وہ سو سمار کے سوراخ میں داخل ہوئے تو تم بھی ان کی پیروی کرو گے۔ ہم نے کہا یا رسولؐ اللہ! یہود و نصاریٰ؟ آپؐ نے فرمایا اور کون؟
حضرت عبداللہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا موشگافی کرنے والے ہلاک ہو گئے۔ آپؐ نے یہ تین دفعہ فرمایا۔
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کیا میں تمہیں ایک ایسی حدیث نہ سناؤں جو میں نے رسول اللہﷺ سے سنی ہے؟ میرے بعد تم سے کوئی ایسا شخص اس کو تمہارے پاس بیان نہیں کرے گا جس نے اسے آپﷺ سے خود سنا ہو۔ یقینا قیامت کی نشانیوں میں سے ہے کہ علم اٹھا لیا جائے گا اور جہالت عام ہو جائے گی اور زنا پھیل جائے گا اور شراب پی جائے گی اور مرد کم ہو جائیں گے اور عورتیں رہ جائیں گی یہانتک کہ پچاس عورتوں کے لئے ایک نگران ہو گا۔ایک روایت میں لَا یُحَدِّثُکُمُوْہُ اَحَدٌ بَعْدِیْ کے الفاظ ہیں۔
ابو وائل کہتے ہیں میں حضرت عبداللہؓ اور حضرت ابو موسیٰ ؓ کے پاس بیٹھا تھا۔ ان دونوں نے بتایا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہے قیامت سے پہلے کچھ دن ایسے ہوں گے جن میں علم اٹھا لیا جائے گا اور ان میں جہالت ڈیرے ڈال لے گی اور ہرج کثرت سے ہوگا۔ ہرج سے مراد قتل ہے۔ ایک روایت میں (کُنْتُ جاَلِسًا مَعَ عَبْدِ اللّٰہِ وَاَبِی مُوْسَی فَقَالَا کی بجائے) کُنْتُ جاَلِسًا مَعَ عَبْدِاللّٰہ وَاَبِیْ مُوْسَی وَھُمَا یَتَحَدَّثَانِ فَقَالَا کے الفاظ ہیں۔ اور ایک روایت میں اِ نِّیْ جَالِسٌ مَعَ عَبْدِ اللّٰہِ وَاَبِیْ مُوْسَی وَھُمَا یَتَحَدَّثَانِ فَقَالَ اَبُوْ مُوْسَیکے الفاظ ہیں۔