بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 87 hadith
حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا اللہ عزوجل فرماتا ہے کہ میں اپنے بندہ کے، میرے متعلق ظن کے مطابق ہوں اور جب وہ میرا ذکر کرتا ہے تو میں اس کے ساتھ ہوتا ہوں۔ اگر وہ اپنے دل میں میرا ذکر کرتا ہے تو میں بھی اپنے دل میں اس کا ذکر کرتا ہوں اور اگر وہ کسی محفل میں میرا ذکر کرتا ہے تو میں اس سے بہتر محفل میں اس کا ذکر کرتا ہوں۔ اگر وہ ایک بالشت میرے قریب آتا ہے تو میں ایک ہاتھ اس کے قریب ہوجاتا ہوں۔ اگر وہ ایک ہاتھ میرے قریب ہوتا ہے تو میں دو ہاتھ اس کے قریب آتا ہوں۔ اگر وہ چل کر میرے پاس آتا ہے تو میں دوڑ کر اس کے پاس آتا ہوں۔ ایک اور روایت میں وَاِنْ تَقَرَّبَ اِلَیَّ ذِرَاعًا تَقَرَّبْتُ مِنْہُ بَاعًا کے الفاظ نہیں ہیں
نضر بن انس سے روایت ہے_اور حضرت انسؓ ابھی زندہ تھے_ حضرت انسؓ نے بیان کیا کہ اگر رسول اللہﷺ نے یہ نہ فرمایا ہوتا کہ تم میں سے کوئی موت کی ہرگز تمنا نہ کرے تو میں ضرور اس کی تمنا کرتا۔
حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا یقینا اللہ نے فرمایا ہے جب میرا بندہ ایک بالشت میری طرف بڑھتا ہے تو میں ایک ہاتھ(بڑھ کر)اس سے ملتا ہوں اور جب وہ ایک ہاتھ (بڑھ کر) مجھے ملتا ہے تو میں دو ہاتھ اس کی طرف بڑھتا ہوں اور جب وہ دو ہاتھ میری طر ف آتا ہے تو میں اس سے بھی زیادہ تیزی سے اس کی طرف آتا ہوں
حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ مکہ کے ایک رستہ پر چلتے ہوئے ایک پہاڑ پر سے گذرے جسے جمدان٭ کہا جاتا ہے تو آپؐ نے فرمایا چلوچلویہ جمدان ہے۔ مفرّدون آگے نکل گئے ہیں۔ انہوں نے عرض کیا یا رسو لؐ اللہ! مفرّدون کون ہیں؟ آپؐ نے فرمایا کثرت سے اللہ کا ذکر کرنے والے اور ذکر کرنے والیا ں۔
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا اللہ کے نناوے نام ہیں جس نے انہیں یاد رکھا وہ جنت میں داخل ہو گیا۔ یقینا اللہ وتر ہے اور وتر کو پسند کرتا ہے۔ ایک روایت میں (حَفِظَھَاکی بجائے) اَحْصَاھَا کے الفاظ ہیں یعنی جس نے ان کا شمار کیا۔
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا اللہ کے نناوے نام ہیں _یعنی ایک کم سو_جس نے ان کا شمار کیا وہ جنت میں داخل ہو گیا۔ ایک روایت میں حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے فرمایا کہ وہ(اللہ) وتر ہے اور وتر کو پسند کرتا ہے
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی دعا کرے تو اسے چاہئے کہ وہ دعا میں عزم سے کام لے اور یہ نہ کہے اے اللہ! اگر تو چاہے تو مجھے عطا فرما کیونکہ اللہ کو کوئی مجبور نہیں کرسکتا۔
حضرت ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایاجب تم میں سے کوئی دعا کرے تو یہ نہ کہے کہ اے اللہ! اگر تو چاہے تو مجھے بخش دے، بلکہ چاہئے کہ وہ مانگنے میں عزم سے کام لے اور اسے چاہئے کہ وہ رغبت کوبہت بڑھائے کیونکہ اللہ پر کوئی چیز عطا کرنا بڑی بات نہیں۔
حضرت ابوہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے فرمایا تم میں سے کوئی ہرگز یہ نہ کہے کہ اے اللہ ! اگر تو چاہے تو مجھے بخش دے۔ اے اللہ! اگر تو چاہے تو مجھ پر رحم فرما بلکہ اسے چاہئے کہ وہ دعا میں عزم سے کام لے کیونکہ اللہ جو چاہتاہے کر تا ہے اسے کوئی مجبور نہیں کرسکتا۔
حضرت انسؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تم میں سے کوئی کسی تکلیف کے اترنے پر موت کی خواہش نہ کرے۔ اگر اسے خواہش کئے بغیر کوئی چارہ نہیں تو یہ کہے اللَّھُمْ اَحْیِنِیْ مَا کَانَتِ الْحَیَاۃُ خَیْرًا لِیْوَتَوَفَّنِیْ اِذَا کَانَتِ الْوَفَاۃُ خَیْرًا لِیْاے اللہ! مجھے اس وقت تک زندہ رکھیو جب تک زندگی میرے لئے بہتر ہے اور مجھے اس وقت وفات دینا جب وفات میرے لئے بہترہو۔ایک اور روایت میں (لِضُرٍّ نَزَلَ بِہِکی بجائے) مِنْ ضُرٍّ اَصَابَہُ کے الفاظ ہیں