بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 160 hadith
حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں کہ دو لڑکے آپس میں لڑ پڑے ایک مہاجرین میں سے اور ایک انصار میں سے پھر مہاجر یا مہاجروں نے پکارا اے مہاجرو! اور انصاری نے پکارا اے انصار !رسول اللہﷺ باہر تشریف لائے اور فرمایا یہ اہل جاہلیت کی پکار کیسی ہے؟ انہوں نے عرض کیا نہیں یا رسولؐ اللہ !سوائے اس کے کوئی بات نہیں کہ دو لڑکے آپس میں لڑ پڑے اور ایک نے دوسرے کی پیٹھ پر مارا ہے۔ آپؐ نے فرمایا تو کیا ہوا؟ایک آدمی کو اپنے بھائی کی مدد کرنی چاہئے خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم اگر وہ ظالم ہے تو اسے چاہئے کہ وہ اسے (ظلم) سے روکے۔ یہ اس کی مدد ہے اور اگر وہ مظلوم ہے تو اسے چاہئے کہ وہ اس کی مدد کرے۔
حضرت جابر بن عبد اللہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ ہم نبیﷺ کے ساتھ ایک غزوہ میں تھے کہ مہاجروں میں سے کسی آدمی نے انصارؓ میں سے کسی آدمی کی پیٹھ پر مارا انصاری ؓ نے کہا اے انصارؓ ! اور مہاجرؓ نے کہا اے مہاجرو! اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایا جاہلیت کی آوازیں کیسی ہیں؟ انہوں نے کہا یا رسولؐ اللہ! مہاجروںؓ میں سے ایک آدمی نے انصارؓ میں سے ایک آدمی کی پیٹھ پر مارا ہے۔ اس پرآپؐ نے فرمایا اس بات کو چھوڑ دو یہ ایک گندی بات ہے۔ جب عبداللہ بن ابی نے یہ سنا تو اس نے کہا کہ انہوں نے تو ایسا کرلیا اللہ کی قسم اگر ہم مدینہ کی طرف لوٹے تو (نعوذ باللہ) ضرور معزز ترین شخص ذلیل ترین شخص کو وہاں سے باہر نکال دے گا۔ حضرت عمرؓ نے عرض کیا (یا رسولؐ اللہ!) مجھے اجازت دیجئے کہ میں اس منافق کی گردن مار دوں۔ اس پر حضورؐ نے فرمایا کہ جانے دو لوگ یہ باتیں نہ کرنے لگیں گے کہ محمدؐ اپنے ساتھیوں کو قتل کرتا ہے۔
حضرت جابر بن عبد اللہؓ بیان کرتے ہیں کہ مہاجروں میں سے ایک آدمی نے انصارؓ میں سے ایک آدمی کی پیٹھ پر ماراتو وہ نبیﷺ کے پاس آیا اور آپؐ سے قصاص طلب کیا نبیﷺ نے فرمایا چھوڑ دو، یہ بُری حرکت ہے۔
حضرت ابو موسیٰؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ ایک مومن دوسرے مومن کے لئے عمارت کی طرح ہے۔ اس کا ایک حصہ دوسرے حصہ کو مضبوط کرتا ہے۔
حضرت نعمان بن بشیرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا مومنوں کی مثال ایک دوسرے سے محبت کرنے اور ایک دوسرے پر رحم کرنے اور ایک دوسرے پر شفقت کرنے میں ایک بدن کی سی ہے جب ایک عضو کو تکلیف پہنچتی ہے تو اس کی وجہ سے باقی سارا بدن بیداری اور بخار میں شامل ہوتا ہے۔
حضرت نعمانؓ بشیر بیان کرتے ہیں ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تمام مسلمان فردِ واحد کی طرح ہیں اگر اس کی آنکھ میں تکلیف ہو تو اس کا سارا وجود تکلیف اٹھاتا ہے اور اگر اس کے سر میں تکلیف ہو تو اس کا سارا (وجود) تکلیف اٹھاتا ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب دوایک دوسرے کو گالی دیں تو اس کا گناہ اس پر ہوگاجس نے ابتدا کی جب تک کہ مظلوم زیادتی نہ کرے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ صدقہ مال میں کمی نہیں کرتا اور عفو کرنے سے اللہ بندہ کو عزت میں ہی بڑھاتا ہے اور کوئی بھی اللہ کی خاطر انکساری نہیں کرتا ہے مگر اللہ اس کا درجہ بڑھاتا ہے۔
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تم جانتے ہو کہ غیبت کیا ہے؟ انہوں نے عرض کیا کہ اللہ اور اس کا رسولؐ بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا کہ تیرا اپنے بھائی کا ایسا ذکر کرنا جسے وہ ناپسند کرے۔ عرض کیا گیا کہ حضور فرمائیے اگر میرے بھائی میں وہ بات ہو جو میں کہہ رہا ہوں تو؟ آپؐ نے فرمایا جو(بات) تم کہتے ہو اگر اس میں موجود ہے تو یقینا تم نے اس کی غیبت کی اور اگر وہ (بات) اس میں نہیں تو تم نے اس پر بہتان لگایا۔