بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 232 hadith
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ مسلمانوں کی ایک بڑی مجلس میں تھے اور آپؐ نے فرمایا کیا میں تمہیں انصارؓ کے گھروں میں سے بہترین کے بارہ میں بتاؤں۔ لوگوں نے عرض کیا جی ہاں یا رسولؐ اللہ! رسول اللہﷺ نے فرمایا بنو عبد الاشہل۔ انہوں نے عرض کیا پھر کون یا رسولؐ اللہ؟ آپؐ نے فرمایا پھر بنو نجار۔ انہوں نے عرض کیا پھر کون یا رسولؐ اللہ؟ آپؐ نے فرمایا پھر بنو الحارث بن الخزرج۔ انہوں نے عرض کیا پھر کون یا رسولؐ اللہ؟ آپؐ نے فرمایا پھر بنو ساعدہ انہوں نے عرض کیا پھر کون یا رسول اللہ؟ آپؐ نے فرمایا پھر انصارؓ کے سب گھروں میں بھلائی ہے۔ اس پر حضرت سعد بن عبادہؓ غصہ میں کھڑے ہوئے اور عرض کیا کہ ہم چاروں کے آخر میں ہیں جب رسول اللہﷺ نے ان کے گھر کا نام لیا۔ حضرت سعدؓ نے رسول اللہﷺ سے بات کرنے کا ارادہ کیا اس پر ان کی قوم کے آدمیوں نے کہا کہ بیٹھ جاؤ کیا تم اس پر راضی نہیں کہ رسول اللہﷺ نے ان چار گھروں میں تمہارے گھر کا نام بھی لیا جن کا آپؐ نے ذکر فرمایا ہے۔ تو جن کو آپؐ نے چھوڑ دیا اور نام نہیں لیا وہ ان سے زیادہ ہیں جن کا آپؐ نے نام لیا ہے۔ اس پر حضرت سعدؓ بن عبادہ رسول اللہﷺ سے بات کرنے سے رک گئے۔
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ میں حضرت جریرؓ بن عبد اللہ البَجَلِیّ کے ساتھ ایک سفر میں گیا۔ وہ میری خدمت کرتے تھے میں نے ان سے کہا کہ ایسا نہ کیجئے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے انصارؓ کو رسول اللہﷺ کی ایسی خدمت کرتے دیکھا کہ میں نے قسم کھائی کہ جب بھی میں اُن میں سے کسی کے ساتھ ہوں گا تو اس کی خدمت کروں گا۔ ایک اور روایت میں ہے کہ حضرت جریرؓ حضرت انسؓ سے بڑے تھے۔ اور ایک روایت میں ہے کہ حضرت جریرؓ حضرت انسؓ سے عمر میں زیادہ تھے۔
حضرت ابوذرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا غِفار! اللہ ان کو بخش دے اور اسلم! اللہ ان کو سلامتی عطا فرمائے۔
حضرت ابو ذرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے مجھے فرمایا کہ اپنی قوم کے پاس جاؤ اور کہو کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ہے کہ اسلم ! اللہ ان کو سلامتی عطا فرمائے اور غِفار ! اللہ ان کو بخش دے۔
حضرت ابو ہریرہؓ اور حضرت جابرؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا اسلم ! اللہ ان کو سلامتی عطا فرمائے اور غِفار ! اللہ ان کو بخش دے۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے فرمایا اسلم! اللہ ان کو سلامتی عطا فرمائے اور غِفار! اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور یہ میں نہیں کہہ رہا بلکہ اللہ عزّ وجل نے فرمایا ہے۔
خفاف بن اِیماء غِفاریؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے ایک نماز میں کہا اے اللہ! بنی لحیان، رعل، ذکوان اور عُصَیّہ پر لعنت کر۔ انہوں نے اللہ اور اس کے رسولؐ کی نافرمانی کی اور غِفار کی مغفرت فرما اور اسلم کو سلامتی عطا فرما۔
حضرت ابن عمرؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا غِفار! اللہ ان کی مغفرت فرمائے اور اسلم! اللہ انہیں سلامتی عطا فرمائے۔ اور عُصَیّہ نے اللہ اور اس کے رسول کی نافرمانی کی۔ ایک اور روایت میں ہے کہ رسول اللہﷺ نے یہ بات منبر پر فرمائی۔
حضرت ابو ایوبؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا انصار اور مزینہ اور جہینہ اور غِفار اور اشجع اور وہ جو بنی عبد اللہ میں سے ہیں، دوسرے لوگوں کے مقابلہ میں میرے مددگار ہیں اور اللہ اور اس کا رسولؐ ان کا مولیٰ ہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ قریش اور انصار اور مزینہ اور اسلم اور غِفار اور اشجع میرے مددگار ہیں اور اللہ اور اس کے رسولؐ کے سوا ان کا کوئی مولیٰ نہیں۔