بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 288 hadith
حضرت انسؓ نبیﷺ کے بارہ میں روایت کرتے ہیں کہ جب بھی آپؐ کوسفر کی جلدی ہوتی تو آپؐ ظہر کی نماز کو عصر کے اوّل وقت تک مؤخر کر دیتے پھر دونوں کو جمع کرلیتے۔ اورمغرب کو مؤخر کردیتے یہانتک کہ جب شفق غائب ہوجاتی تواسے عشاء کے ساتھ جمع کرلیتے۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے بغیر خوف اور سفر کے ظہر اور عصر جمع کر کے پڑھیں اور مغرب اور عشاء جمع کر کے پڑھیں۔
حضرت معاذؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ ہم رسول اللہﷺ کے ساتھ غزوہ تبوک کے لئے نکلے توآپﷺ ظہر و عصر اور مغرب و عشاء جمع کرکے پڑھتے۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے مدینہ میں سات اور آٹھ (رکعت) ظہر عصر اور مغرب عشاء (جمع کر کے) پڑھیں۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے مدینہ میں بغیر کسی خوف اور سفر کے ظہر اور عصر جمع کر کے پڑھیں۔ ابو زبیر کہتے ہیں کہ میں نے سعید سے پوچھا کہ آپؐ نے ایسا کیوں کیا؟ انہوں نے کہا کہ جس طرح تم نے مجھ سے پوچھا ہے اسی طرح میں نے حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا تھاانہوں نے کہا کہ آپؐ نے ارادہ فرمایا کہ اپنی امت میں سے کسی کو تنگی میں نہ ڈالیں۔
حضرت ابن عباسؓ نے بتایا کہ رسول اللہﷺ نے اس سفر میں جو آپؐ نے غزوئہ تبوک کے لئے فرمایا نمازیں جمع فرمائیں۔ آپؐ نے ظہرو عصر اور مغرب وعشاء اکٹھی پڑھیں۔ سعید کہتے ہیں کہ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا کہ آپؐ کو اس پر کس بات نے آمادہ کیا؟ انہوں نے کہا کہ آپؐ چاہتے تھے کہ اپنی امت میں سے کسی پر تنگی نہ ڈالیں۔
عامر بن واثلہ ابو طفیل کہتے ہیں حضرت معاذؓ بن جبل نے ہمیں بتایاکہ رسول اللہﷺ نے غزوئہ تبوک کے دوران ظہر و عصر اور مغرب و عشاء جمع کیں۔ وہ (عامر بن واثلہ) کہتے ہیں کہ میں نے پوچھا کہ آ پؐ کو اس پر کس بات نے آمادہ کیا؟ راوی کہتے ہیں کہ انہوں (حضرت معاذ ؓ ) نے کہا کہ آپؐ نے چاہا کہ اپنی امت پر تنگی نہ ڈالیں۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے مدینہ میں ظہر اور عصرنیز مغرب اور عشاء بغیر کسی خوف اور بارش کے جمع کر کے پڑھیں۔ وکیع کی روایت میں ہے کہ میں نے حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا کہ آپؐ نے ایسا کیوں کیا؟ انہوں نے کہا تاکہ آپؐ اپنی امت پر کو ئی تنگی نہ ڈالیں۔ ابومعاویہ کی روایت میں (لِمَ فَعَلَ ذَالِکَ کے بجائے) مَا اَراد اِلیٰ ذَالِکَ کے الفاظ ہیں
عبد اللہ بن شقیق سے روایت ہے وہ کہتے کہ ایک روز عصر کے بعد حضرت ابن عباسؓ نے ہم سے خطاب کیا یہانتک کہ سورج غروب ہوگیا اور ستارے نکل آئے اور لوگ کہنے لگے نماز! نماز !راوی کہتے ہیں کہ ان(حضرت عبد اللہ بن عباسؓ )کے پاس بنی تمیم کا ایک شخص آیا جو وقفہ نہیں کرتا تھااور باز نہیں آتا تھا نماز! نماز! کے الفاظ کہتا جاتا تھا۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا کیا تم مجھے سنت سکھاؤ گے؟اللہ تمہارا بھلا کرے پھر کہا کہ میں نے رسول اللہﷺ کو ظہرو عصر اور مغرب وعشاء جمع کرتے دیکھا ہے۔ عبد اللہ بن شقیق کہتے ہیں اس بات سے میرے دل میں خلش پیدا ہوئی۔ چنانچہ میں حضرت ابو ہریرہؓ کے پاس گیااور ان سے یہ پوچھا تو انہوں نے ان کی بات کی تصدیق کی۔