بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 288 hadith
عبداللہ بن شقیق عقیلی سے روایت ہے وہ کہتے ہیں حضرت ابن عباسؓ سے کسی آدمی نے کہا کہ نماز ! لیکن وہ خاموش رہے۔ اس نے کہا نماز!لیکن وہ خاموش رہے۔ اس نے کہا نماز لیکن وہ خاموش رہے اور پھر کہا کہ تیرا بھلا ہو، کیا تم ہمیں نماز کے بارہ میں سکھاؤ گے؟ ہم رسول اللہﷺ کے زمانہ میں دو نمازیں جمع کر لیا کرتے تھے ٭۔
سُدِّیّ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت انسؓ سے پوچھا کہ جب میں نماز پڑھ چکوں تو کس طرف سے جاؤں؟ اپنے دائیں یا اپنے بائیں طرف سے؟ انہوں نے کہا کہ جہاں تک میرا تعلق ہے میں نے تو اکثر رسول اللہﷺ کو اپنے دائیں طرف سے ہی جاتے دیکھا ہے۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ (نماز کے بعد) اپنے دائیں طرف سے واپس جاتے۔
ابن بُحَیْنَہسے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ صبح کی نماز کی اقامت کہی گئی تو رسول اللہﷺ نے ایک آدمی کو دیکھا وہ نماز پڑھ رہاتھا جبکہ مؤذ ن اقامت کہہ رہاتھا۔ حضورؐ نے فرمایا کیا تم صبح کی چار رکعتیں پڑھتے ہو؟
حضرت عبد اللہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ تم میں سے کوئی اپنے نفس میں شیطان کے لئے کوئی حصہ نہ بنائے اس طرح کہ وہ سمجھے کہ اس کے لئے ضروری ہے کہ صرف دائیں طرف ہی مڑے۔ میں نے تو رسول اللہﷺ کو اکثر اپنے بائیں طرف مڑتے دیکھا ہے۔
حضرت براءؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ جب ہم رسول اللہﷺ کے پیچھے نماز پڑھتے تو ہم پسند کرتے کہ ہم آپؐ کے دائیں طرف ہوں آپؐ ہماری طرف چہرہ کرتے وہ کہتے ہیں میں نے آپؐ کو یہ کہتے ہوئے سنا اے میرے رب! مجھے اپنے عذاب سے بچانا جس دن تو اپنے بندوں کو اٹھائے گا یا جمع کرے گا۔ مسعرسے اسی اسناد سے روایت ہے لیکن انہوں نے اس کا ذکر نہیں کیا کہ آپؐ اپنا چہرہ مبارک ہماری طرف پھیرتے تھے۔
حضرت ابو ہریرہؓ نبیﷺ سے روایت کرتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا کہ جب نماز کے لئے اقامت کہہ دی جائے تو فرض نماز کے علاوہ کوئی نماز نہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ نبیﷺ سے روایت کرتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایاجب نماز کے لئے اقامت کہہ دی جائے تو فرض نماز کے علاوہ کوئی نماز نہیں۔ حماد کہتے ہیں کہ میں عمرو سے ملا انہوں نے مجھ سے یہ روایت بیان کی مگر اس کو مرفوع نہیں کیا۔
حضرت عبد اللہ بن مالکؓ بن بُحَیْنَہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ ایک آدمی کے پاس سے گذرے جو نماز پڑھ رہا تھا جبکہ صبح کی نماز کے لئے اقامت کہہ دی گئی تھی۔ آپؐ نے اس سے کوئی بات کہی ہمیں پتہ نہ لگا کہ وہ کیا ہے؟ جب ہم نماز سے فارغ ہوئے تو اسے گھیر لیا اور پوچھنے لگے رسول اللہﷺ نے تمہیں کیا فرمایا ہے؟ اس نے کہا کہ آپؐ نے مجھے فرمایا قریب ہے کہ تم میں سے کوئی صبح کی چار رکعتیں پڑھنے لگے گا۔
عبداللہ بن سرجس سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ ایک آدمی مسجد میں داخل ہوا جبکہ رسول اللہﷺ صبح کی نماز میں تھے اس نے مسجد میں ایک طرف دورکعتیں پڑھیں پھر رسول اللہﷺ کے ساتھ شامل ہوگیا۔ جب رسول اللہﷺ نے سلا م پھیرا تو آپؐ نے فرمایا اے شخص تو نے ان دو نمازوں میں سے کونسی نمازشمار کی ہے؟ کیا اپنی وہ نماز جو تم نے اکیلے ادا کی یا اپنی وہ نماز جو ہمارے ساتھ ادا کی۔