بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 160 hadith
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا یقینا اللہ تعالیٰ تمہاری صورتوں اور تمہارے اموال کی طرف نہیں دیکھتا بلکہ وہ تمہارے دلوں اور تمہارے اعمال کی طرف دیکھتا ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ جنت کے دروازے پیر کے دن اور جمعرات کے دن کھولے جاتے ہیں پھر ہر بندہ جو اللہ تعالیٰ کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہیں ٹھہراتا بخش دیا جاتا ہے۔ سوائے اس آدمی کے کہ جس کے اور اس کے بھائی کے درمیان کینہ ہو۔ پھر کہا جاتا ہے کہ ان دونوں کو مہلت دو یہانتک کہ یہ دونوں صلح کر لیں ان دونوں کو مہلت دو یہانتک کہ یہ دونوں صلح کر لیں ان دونوں کو مہلت دو یہانتک کہ یہ دونوں صلح کر لیں۔ ایک روایت میں اِلَّا الْمُتَھَاجِرَیْنَ کے الفاظ ہیں اور ایک روایت میں اِلَّا الْمُہْتَجِرَیْنِ ہے۔
ابو صالح سے روایت ہے کہ انہوں نے حضرت ابو ہریرہؓ کو سُنا _ اور ایک دفعہ وہ اس بات کو مرفوع کر رہے تھے _ کہ ہر جمعرات اور پیر کو اعمال پیش کئے جاتے ہیں پھر اللہ عز وّجل اس روز ہر آدمی کو جو اس کے ساتھ کسی چیز کو شریک نہیں ٹھہراتا بخش دیتا ہے سوائے اس آدمی کے جس کے اور اس کے بھائی کے درمیان عداوت ہو۔ تب کہا جاتا ہے ان دونوں کو مہلت دو یہان تک کہ یہ صلح کر لیں، ان دونوں کو مہلت دو کہ یہ صلح کر لیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا لوگوں کے اعمال ہر ہفتہ میں دو دفعہ پیر کے دن اور جمعرات کے دن پیش کئے جاتے ہیں اور ہر مومن بندہ بخش دیا جاتا ہے سوائے اس بندہ کے جس کے اور اس کے بھائی کے درمیان عداوت ہو پھر کہا جاتا ہے انہیں چھوڑ دو یا ان دونوں کو پیچھے ہٹا دو یہانتک کہ وہ دونوں رجوع کر لیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا قیامت کے دن اللہ تعالیٰ فرمائے گا کہاں ہیں میرے جلال کی خاطر آپس میں محبت کرنے والے؟ آج میں انہیں اپنے سائے میں جگہ دوں گا جس دن میرے سائے کے علاوہ اور کوئی سایہ نہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے فرمایا کہ ایک آدمی اپنے بھائی سے ایک دوسری بستی میں ملنے گیا۔ اللہ تعالیٰ نے اس کے انتظار میں کسی فرشتہ کو راستہ میں کھڑا کر دیا۔ چنانچہ جب وہ اس کے پاس پہنچا تو اس نے کہا کہ کہاں کا ارادہ ہے؟ اس نے کہا کہ میں اس بستی میں اپنے بھائی کے پاس جانے کا ارادہ رکھتا ہوں۔ اس (فرشتہ) نے کہا کہ کیا تمہارا اس پر کوئی احسان ہے جسے تم بڑھانا چاہتے ہو؟ اس نے کہا کہ سوائے اس کے اور کوئی وجہ نہیں کہ میں اس سے اللہ عز و جل کی خاطر محبت کرتا ہوں۔ اس پر اس (فرشتہ) نے کہا کہ میں تیری طرف اللہ کا پیغامبر ہوں، اللہ تجھ سے محبت کرتا ہے جس طرح تو اس سے اس (اللہ) کی خاطر محبت کرتا ہے۔
حضرت ثوبانؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا مریض کی عیادت کرنے والا جب تک واپس نہیں جاتا جنت کے باغ میں ہوتا ہے۔
رسول اللہ ﷺ کے آزاد کردہ غلام حضرت ثوبان ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جس نے مریض کی عیادت کی وہ اس وقت تک جنت کے پھلوں میں رہا یہاں تک کہ وہ واپس آجائے۔
حضرت ثوبانؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا ایک مسلمان جب اپنے مسلمان بھائی کی عیادت کرتا ہے جب تک کہ واپس لوٹ نہ آئے جنت کے پھلوں میں ہوتا ہے۔
رسول اللہ ﷺ کے آزاد کردہ غلام حضرت ثوبانؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ جس نے مریض کی عیادت کی وہ ہمیشہ خُرْفَۃ الْجَنَّۃ میں رہتا ہے۔ عرض کیا گیا یا رسولؐ اللہ ! خُرْفَۃ الْجَنَّۃ سے کیا مراد ہے؟ آپؐ نے فرمایا جنت کا پھل۔