بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 160 hadith
حضرت انس بن مالکؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ایک دوسرے سے بغض نہ رکھو، ایک دوسرے سے حسد نہ کرو، ایک دوسرے سے بے رُخی نہ کرو اور اللہ کے بندے بھائی بھائی بنو اور کسی مسلمان کے لئے جائز نہیں کہ وہ اپنے بھائی سے تین دن سے زائد قطع تعلق کرے۔ ایک روایت میں ’’لَا تُقَاطَعُوْا‘‘ کے الفاظ ہیں (یعنی آپس میں قطع تعلقی نہ کرو۔) ایک اور روایت میں وَ لَا تَحَاسَدُوا وَلَا تَقَاطَعُوْا وَلَا تَدَابَرُوا کے الفاظ ہیں۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے نبیﷺ نے فرمایا تم ایک دوسرے سے حسد نہ کرو، ایک دوسرے سے بغض نہ رکھو، ایک دوسرے سے قطع رحمی نہ کرو اور اللہ کے بندے بھائی بھائی بن جاؤ۔ ایک اور روایت میں کَمَا اَمَرَکُمُ اللَّہُ جیسے تمہیں اللہ نے حکم دیا ہے کے الفاظ ہیں۔
حضرت ابو ایّوب انصاریؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کسی مسلمان کے لئے جائز نہیں کہ وہ اپنے بھائی سے تین راتوں سے زائد قطع تعلق کرے کہ جب وہ دونوں ملیں تو یہ ادھر منہ پھیر لے اور وہ اُدھر منہ پھیر لے اور دونوں میں سے بہتر وہ ہے جو سلام میں پہل کرے۔ ایک اور روایت میں (فَیُعْرِضُ ھَذَا وَ یُعْرِضُ ھَذَا کی بجائے) فَیَصُدُّ ھَذَا وَ یَصُدُّ ھَذَا کے الفاظ ہیں معنے وہی ہیں۔
حضرت عبد اللہ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ کسی مومن کے لئے جائز نہیں کہ وہ تین دن سے زائد اپنے بھائی سے قطع تعلق کرے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ تین (دن) کے بعد کوئی قطع تعلقی (جائز) نہیں ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ ظن سے بچو یقینا بد ظنی سب سے بڑا جھوٹ ہے اور ٹوہ نہ لگاؤ اور تجسس نہ کرو دنیا داری میں ایک دوسرے سے بڑھنے کی کوشش نہ کرو، ایک دوسرے سے حسد نہ کرو، ایک دوسرے سے بغض نہ رکھو، ایک دوسرے سے بے رخی نہ کرو، اللہ کے بندے بھائی بھائی بن جاؤ۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ قطع تعلقی مت کرو، ایک دوسرے سے بے رُخی سے پیش نہ آؤ اور ٹوہ نہ لگاؤ اور تم میں سے کوئی کسی کے سودے پر سودا نہ کرے اور اللہ کے بندے بھائی بھائی بن جاؤ۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ آپس میں حسد نہ کرو ایک دوسرے سے بغض نہ رکھو اور تجسّس نہ کرو اور ٹوہ نہ لگاؤ اور دھوکہ دینے کے لئے بولی نہ دو اور اللہ کے بندے بھائی بھائی بن جاؤ۔ ایک روایت میں لَا تَقَاطَعُوا وَلَا تَدَابَرُوا کے الفاظ بھی ہیں اور اس میں (وَکُوْنُوْا عِبَادَ اللَّہِ اِخْوَانًا کی بجائے) وَکُوْنُوا اِخْوَانًا کَمَا اَمَرَکُمُ اللَّہُ کے الفاظ ہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ نبی ﷺ نے فرمایا تم ایک دوسرے سے بغض نہ رکھو نہ ایک دوسرے سے بے رُخی سے پیش آؤ نہ دنیا داری میں ایک دوسرے سے مقابلہ کرو اور اللہ کے بندے بھائی بھائی بن جاؤ۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ تم ایک دوسرے سے حسد نہ کرو اور دھوکہ دینے کے لئے قیمت نہ بڑھاؤ اور نہ ایک دوسرے سے بغض رکھو نہ ہی ایک دوسرے سے بے رُخی کرو اور تم میں سے کوئی کسی کے سودے پر سودا نہ کرے اور اللہ کے بندے بھائی بھائی بن جاؤ۔ مسلمان مسلمان کا بھائی ہے نہ تو وہ اس پر ظلم کرتا ہے نہ ہی اسے بے یارو مددگار چھوڑتا ہے نہ ہی اس کی تحقیر کرتا ہے۔ اور آپؐ نے اپنے سینے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تین مرتبہ فرمایا تقویٰ یہاں ہے۔ آدمی کے لئے یہی شرّ کافی ہے کہ وہ اپنے مسلمان بھائی کی تحقیر کرے۔ ہر مسلمان کا خون، اس کا مال، اور اس کی عزّت دوسرے مسلمان پر حرام ہے۔ ایک روایت میں یہ اضافہ ہے کہ یقینا اللہ تمہارے جسموں کو نہیں دیکھتا اور نہ تمہاری صورتوں کو بلکہ وہ تمہارے دلوں کو دیکھتا ہے اور حضورؐ نے اپنی انگلیوں سے اپنے سینہ کی طرف اشارہ فرمایا۔