بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 473 hadith
حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت ہے کہ ہم نے رسول اللہﷺ کے ساتھ حدیبیہ کے سال اونٹ کی قربانی سات افراد کی طرف سے اور گائے کی قربانی سات افراد کی طرف سے کی۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ہم رسول اللہﷺ کے ساتھ حج کا احرام باندھ کر نکلے۔ رسول اللہﷺ نے ہمیں ارشاد فرمایا کہ ہم میں سے ہر سات (افراد) ایک اونٹ اور ایک گائے کی قربانی میں شریک ہو جائیں۔
حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ہم نے رسول اللہﷺ کے ساتھ حج کیا تو ہم نے اونٹ کی قربانی سات افراد کی طرف سے اور گائے کی قربانی (بھی) سات افراد کی طرف سے کی۔
حضرت جابر بن عبداللہؓ کہتے ہیں ہم رسول اللہﷺ کے ساتھ حج اور عمرہ میں ہر سات افراد ایک قربانی میں شریک ہوئے۔ ایک شخص نے حضرت جابرؓ سے کہا کیا (گائے کی) قربانی میں اتنے ہی افراد شریک ہوں گے جتنے آدمی اونٹ کی قربانی میں ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ (جانور) ’’البُدَن‘‘ میں شامل ہیں اور راوی کہتے ہیں حضرت جابرؓ حدیبیہ میں شامل ہوئے تھے۔ وہ کہتے تھے اس دن ہم نے ستر اونٹوں کی قربانی کی۔ ہر سات افراد ایک قربانی میں شریک تھے۔
حضرت جابر بن عبداللہؓ نبیﷺ کے حج کے بارہ میں بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں آپؐ نے ہمیں ارشاد فرمایا کہ جب ہم احرام کھولنے لگیں تو قربانی کریں اور ہم میں سے کئی ایک قربانی میں شامل ہو جائیں اور یہ اس وقت کی بات ہے جب آپؐ نے انہیں ان کے حج کے احرام کھولنے کا ارشاد فرمایا تھا۔
حضرت جابر بن عبداللہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ہم نے رسول اللہﷺ کی معیت میں حج کے ساتھ عمرہ کا فائدہ اٹھایا اور ہم نے گائے سات (افراد) کی طرف سے ذبح کی۔ ہم اس میں شریک ہوئے۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے قربانی والے دن حضرت عائشہؓ کی طرف سے ایک گائے ذبح کی۔
حضرت جابر بن عبداللہؓ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے اپنی ازواجِ مطہرات کی طرف سے قربانی کی۔ اور ابن بکر کی روایت میں ہے حضرت عائشہؓ کی طرف سے اپنے حج میں ایک گائے (ذبح کی)۔
زیاد بن جُبیر سے روایت ہے کہ حضرت ابن عمرؓ ایک شخص کے پاس آئے۔ وہ بیٹھی ہوئی اونٹی کو ذبح کر رہا تھا انہوں نے کہا اسے اٹھاؤ اور کھڑا کر کے باندھ کر (قربانی کرو)۔ اپنے نبی ﷺ کی سنت کو لازم پکڑو۔
عروہ بن زبیر اور عَمرہ بنت عبدالرحمان سے روایت ہے کہ حضرت عائشہؓ فرماتی تھیں رسول اللہﷺ مدینہ سے قربانی بھجواتے اور میں آپؐ کی قربانی کی گانیاں بٹتی تھی۔ پھر آپؐ اُن چیزوں سے جن سے مُحرِم اجتناب کرتا ہے اجتناب نہیں کرتے تھے۔ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپؓ فرماتی ہیں گویا کہ میں اب بھی اپنے آپ کو دیکھ رہی ہوں کہ میں رسول اللہﷺ کی قربانی کی گانیاں بٹ رہی ہوں۔