بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 473 hadith
حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ نے فرمایا کسی عورت کے لئے جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لاتی ہے جائز نہیں کہ وہ تین رات کا سفر کرے سوائے اس کے کہ اس کے ساتھ محرم ہو۔
قزعہ حضرت ابو سعیدؓ سے روایت کرتے ہیں انہوں (قزعہ) نے کہا میں نے ان (ابو سعیدؓ) سے ایک حدیث سنی جو مجھے بہت پسند آئی۔ میں نے ان سے کہا کیا آپ نے خود یہ (حدیث) رسول اللہﷺ سے سنی ہے؟ انہوں نے کہا کیا میں رسول اللہﷺ پر وہ بات کہوں گا جو میں نے آپؐ سے نہیں سنی؟ وہ کہنے لگے میں نے آپؐ کو فرماتے سنا رسول اللہﷺ نے فرمایا (بطور خاص) سفر نہ کرو سوائے تین مساجد کی طرف۔ میری یہ مسجد اور مسجدِ حرام اور مسجدِ اقصیٰ۔ اور میں نے آپؐ سے یہ بھی سنا۔ آپؐ نے فرمایا کوئی عورت کبھی بھی دو دن کا سفر نہ کرے مگر اس کے ساتھ اس کا محرم یا اس کا خاوند ہو۔ ایک اور روایت حضرت ابو سعید خدریؓ سے مروی ہے وہ کہتے ہیں میں نے رسول اللہﷺ سے چار باتیں سنیں جو مجھے بہت پسند آئیں اور بہت اچھی لگیں۔ آپؐ نے منع فرمایا کہ عورت دو دن کا سفر کرے سوائے اس کے کہ اس کے ساتھ اس کا خاوند ہو یا محرم ہو باقی روایت پہلی کے مطابق ہے۔
حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کوئی عورت تین دن کا سفر نہ کرے سوائے اس کے کہ محرم رشتہ دار ساتھ ہو۔
حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے کہ اللہ کے نبیﷺ نے فرمایا کہ کوئی عورت تین دن سے زیادہ سفر نہ کرے سوائے اس کے کہ محرم ساتھ ہو۔ اور سعید نے قتادہ سے اسی سند سے روایت کی اور کہا تین رات سے زیادہ (سفر نہ کرے) سوائے محرم کے ساتھ۔ ایک اور روایت میں فَوْقَ ثَلَاثَ لَیَالٍ کے بجائے اَکْثَر مِنْ ثَلَاثٍ کے الفاظ ہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کسی مسلمان عورت کے لئے جائز نہیں کہ وہ ایک رات کا (بھی) سفر کرے سوائے اس کے کہ اس کے محرم رشتہ داروں میں سے کوئی مرد اس کے ساتھ ہو۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا کسی عورت کے لئے جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لاتی ہے جائز نہیں کہ محرم رشتہ دار کی معیت کے بغیر ایک دن کا (بھی) سفر کرے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ کسی عورت کے لئے جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لاتی ہے جائز نہیں کہ وہ ایک دن اور رات کا سفر کرے سوائے اس کے کہ محرم کی معیت اسے حاصل ہو۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا کسی عورت کے لئے جائز نہیں کہ وہ تین دن سفر کرے سوائے اس کے کہ اس کے ساتھ اس کا محرم ہو۔
حضرت ابو سعید خدریؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اللہ اور یوم آخرت پر ایمان لانے والی کسی عورت کے لئے جائز نہیں کہ وہ تین دن یا اس سے زائد کا سفر کرے سوائے اس کے کہ اس کے ساتھ اس کا والد یا اس کا بیٹا یا اس کا خاوند یا اس کا بھائی یا اس کا کوئی (اور) محرم ہو۔
حضرت ابن عباسؓ بیان کرتے ہیں میں نے نبیﷺ کو خطبہ دیتے سنا۔ آپؐ فرما رہے تھے کوئی مرد کسی عورت کے ساتھ خلوت میں نہ رہے سوائے اس کے کہ اس کے ساتھ اس کا محرم رشتہ دار ہو۔ اور نہ کوئی عورت سفر کرے مگر محرم رشتہ دار کے ساتھ۔ ایک شخص کھڑا ہوا اور اس نے کہا یا رسولؐ اللہ! میری بیوی حج کے ارادہ سے نکلی ہے اور میرا نام فلاں فلاں غزوہ میں لکھا گیا ہے۔ آپؐ نے فرمایا جاؤ اور اپنی بیوی کے ساتھ حج کرو۔ ایک اور ایسی ہی روایت میں لَا یَخْلُوَنَّ رَجُلٌ بِامْرَأَۃٍ اِلَّا وَمَعَھَا ذُوْ مَحْرَمٍ کے الفاظ نہیں ہیں کہ کوئی عورت کسی مرد کے ساتھ تنہائی میں نہ رہے سوائے اس کے کہ اس کے ساتھ اس کا محرم رشتہ دار ہو۔