بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 128 hadith
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتی ہیں کہ ہم میں سے جب کوئی حائضہ ہوتی تو رسول اللہ ﷺ اُسے حکم فرماتے تو وہ ازار باندھ لیتی۔ آپؐ اس کے بدن سے بدن لگا لیتے تھے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتی ہیں کہ جب ہم میں سے کوئی حائضہ ہوتی تو رسول اللہﷺ اسے حیض کی شدّت میں ازار باندھنے کا حکم فرماتے پھر آپؐ اس کے بدن سے بدن لگا کر لیٹ جایا کرتے تھے۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ تم میں سے کون اپنی خواہش کو قابو میں رکھ سکتا ہے جس طرح رسول اللہﷺ اپنی خواہش پر قابو رکھتے تھے۔
حضرت میمونہؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ اپنی ازواج سے جبکہ وہ حائضہ ہوتیں تو ازار کے اوپر بدن سے بدن لگا کر لیٹتے تھے۔
حضرت ابن عباسؓ کے غلام کریب سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے نبیؐ کی زوجہ مطہرہ حضرت میمونہؓ سے سنا۔ وہ بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہؐ میرے ساتھ جبکہ میں حائضہ ہوتی لیٹ جایا کرتے تو میرے اور آپؐ کے درمیان ایک کپڑا ہوتا۔
زینبؓ بنتِ حضرت امّ سلمہؓ سے روایت ہے کہ انہیں حضرت ام سلمہؓ نے بتایا کہ میں رسول اللہﷺ کے ساتھ ایک مخملی چادر میں لیٹی ہوئی تھی کہ مجھے حیض آگیا۔ میں (اپنی جگہ سے) سرک گئی اور اپنے حیض والے کپڑے لئے۔ مجھ سے رسول اللہﷺ نے فرمایا کیا تمہیں حیض آیا ہے؟ مَیں نے عرض کیا جی ہاں۔ آپؐ نے مجھے بُلایا۔ مَیں آپؐ کے ساتھ اس چادر میں لیٹ گئی۔ حضرت زینبؓ فرماتی ہیں کہ وہ (یعنی حضرت امّ سلمہؓ) اور رسول اللہﷺ ایک برتن سے غسلِ جنابت کر لیا کرتے تھے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتی ہیں کہ نبیﷺ جب اعتکاف فرماتے تو اپنا سر میرے قریب کر دیتے۔ میں آپؐ کو کنگھی کرتی اور آپؐ سوائے انسانی حاجت کے گھر تشریف نہ لاتے۔
نبی ﷺ کی زوجہ مطہّرہ حضرت عائشہؓ بیان کرتی ہیں کہ میں (اعتکاف میں) ضرورت کے لئے گھر جاتی اور گھر میں کوئی مریض ہوتا تو میں چلتے چلتے اس کا حال پوچھ لیتی اور رسول اللہ ﷺ جب مسجد میں (معتکف) ہوتے تو اپنا سر مبارک اندر میری طرف کرتے تو میں آپؐ کو کنگھی کرتی اور جب آپؐ اعتکاف میں ہوتے سوائے ضرورت کے گھر میں تشریف نہ لاتے۔ ابن رُمح نے اِذَا کَانُوا مُعْتَکِفِیْنَ (کے الفاظ کہے ہیں) یعنی جب لوگ معتکف ہوتے تھے۔
نبی ﷺ کی زوجہ مطہّرہ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ جب معتکف ہوتے تو اپنا سر مبارک مسجد سے باہر میری طرف نکالتے اور میں آپؐ کا سر دھوتی جبکہ میں حائضہ ہوتی۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ بیان فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ اپنا سر مبارک میرے قریب کرتے جبکہ میں اپنے حُجرہ میں ہوتی۔ پھر میں آپؐ کے سر کو کنگھی کرتی اور میں حائضہ ہوتی۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ بیان فرماتی ہیں کہ میں رسول اللہﷺ کا سر مبارک دھو دیتی تھی اور میں حائضہ ہوتی تھی۔