بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 128 hadith
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ جب رسول اللہ ﷺ جنبی ہونے کی حالت میں سونے کا ارادہ فرماتے تو سونے سے قبل نماز کے وضوء کی طرح وضوء کر لیتے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں کہ جب رسول اللہ ﷺ جنبی ہوتے اور کھانے یا سونے کا ارادہ فرماتے تو نماز کے وضوء کی طرح وضوء فرماتے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ حضرت عمرؓ نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ! کیا ہم میں سے کوئی جنبی ہونے کی حالت میں سو سکتا ہے؟ آپؐ نے فرمایا ہاں جب وضوء کر لے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ حضرت عمرؓ نے نبی ﷺ سے پوچھا کہ کیا ہم میں سے کوئی جنبی ہونے کی حالت میں سو سکتا ہے؟ آپؐ نے فرمایا ہاں، چاہیے کہ وضوء کر لے پھر سوئے پھر جب چاہے غُسل کرے۔
حضرت ابن عمرؓ سے روایت ہے کہ حضرت عمرؓ نے رسول اللہﷺ کی خدمت میں عرض کیا کہ ان کو رات کو جنابت ہوتی ہے۔ رسول اللہﷺ نے آپؓ سے فرمایا کہ وضوء کرو، اپنی شرم گاہ کو دھو ڈالو پھر سو سکتے ہو۔
حضرت عبداللہ بن ابی قیس کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہؓ سے رسول اللہﷺ کے وتر کے بارے میں سوال کیا اور راوی نے یہ حدیث بیان کی۔ (راوی نے کہا) میں نے پوچھا کہ رسول اللہﷺ جنابت کی حالت میں کیا کرتے تھے؟ کیا سونے سے قبل غسل فرماتے تھے یا غسل سے پہلے سو جاتے تھے؟ آپؓ (حضرت عائشہؓ) نے فرمایا کہ آپؐ دونوں طرح کر لیتے تھے۔ کبھی غسل کرتے اور سو جاتے، کبھی وضوء کرتے پھر سوتے۔ میں نے کہا سب تعریف اللہ ہی کے لئے ہے جس نے اس معاملہ میں اتنی وسعت رکھی۔
حضرت ابو سعید خدریؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ جب تم میں سے کوئی اپنی بیوی کے پاس جائے اور پھر دوبارہ جانے کا ارادہ ہو تو اسے چاہیے کہ وضوء کر لے۔ راوی ابو بکر نے اپنی روایت میں مزید کہا کہ دونوں کے درمیان وضوء ہے۔
حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ نبی ﷺ ایک ہی غسل میں اپنی ازواج مطہرات کے پاس سے ہو آتے تھے۔
اسحاق بن ابی طلحہؓ نے کہا مجھے حضرت انس بن مالکؓ نے بتایا۔ کہتے ہیں کہ اسحاق کی دادی حضرت امّ سلیمؓ رسول اللہﷺ کے پاس آئیں۔ انہوں نے اس وقت جبکہ حضرت عائشہؓ آپؐ کے پاس تھیں عرض کیا کہ یا رسول اللہ! عورت وہ دیکھتی ہے جو مرد دیکھتا ہے اور اپنے آپ میں وہ دیکھتی ہے جو مرد اپنے آپ میں سوتے ہوئے دیکھتا ہے۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ اے امّ سلیم! اللہ تیرا بھلا کرے، تونے عورتوں کو شرمندہ کر دیا۔ حضورؐ نے حضرت عائشہؓ سے فرمایا بلکہ تم نے، اللہ تیرا بھلا کرے ہاں اے ام سلیم! اگر ایسا دیکھے تو اسے چاہیے کہ وہ غسل کرے۔
حضرت قتادہؓ سے روایت ہے کہ حضرت انس بن مالکؓ نے انہیں بتایا حضرت ام سلیمؓ نے بیان کیا کہ انہوں نے نبیﷺ سے اس عورت کے بارہ میں سوال کیا جو اپنی نیند میں وہ دیکھے جو مرد دیکھتا ہے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ جب عورت یہ دیکھے تو اسے چاہیے کہ وہ غسل کرے۔ حضرت ام سلیمؓ کہتی ہیں میں اس سے جھجک گئی۔ انہوں نے کہا کیا ایسا ہوتا ہے؟ اس پر اللہ کے نبیﷺ نے فرمایا ہاں (اگر ایسا نہ ہو تو) مشابہت کہاں سے ہو؟ مرد کا پانی گاڑھا سفید ہوتا ہے اور عورت کا پانی پتلا اور پیلا ہوتا ہے۔ پس دونوں میں سے جو غالب آجائے یا سبقت لے جائے تو اس سے مشابہت ہو جاتی ہے۔