بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 319 hadith
حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں میں نے عرض کیا یا رسول اللہ! کون سا اسلام افضل ہے؟ فرمایا جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں۔ بُرَید بن عبداللہ سے اسی اسناد سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ سے سوال کیا گیا کہ بہترین مسلمان کون ہے؟ پھر انہوں نے یہی بیان کیا۔
حضرت انسؓ کہتے ہیں کہ اللہ کے نبیﷺ نے فرمایا جس میں تین باتیں ہوں اس نے ان کے ذریعہ ایمان کی مٹھاس پالی۔ جس کو اللہ اور اس کا رسولؐ ہر دوسری چیز سے زیادہ محبوب ہوں اور جو کسی شخص سے محض اللہ کی خاطر محبت کرے اور وہ کفر میں لوٹنے کو جبکہ اللہ نے اسے اس سے بچا لیا ہے ناپسند کرے جس طرح وہ آگ میں پھینکے جانے کو ناپسند کرتا ہے۔
حضرت انسؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جس میں تین باتیں ہوں اس نے ایمان کا مزہ پا لیا۔ جو کسی سے محبت کرتا ہو اور اُس سے صرف اللہ کی خاطر محبت کرتا ہو اور جس کو اللہ اور اس کا رسولؐ ہر دوسری چیز سے زیادہ محبوب ہوں۔ اور وہ جس کو آگ میں ڈالا جانا اس سے زیادہ پسند ہو کہ وہ کفر میں لوٹ جائے جبکہ اللہ نے اسے اس سے بچا لیا ہے۔ حضرت انسؓ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا پھر وہی حدیث بیان کی سوائے اس کے کہ انہوں نے کہا کہ وہ دوبارہ یہودی یا نصرانی ہو جائے۔
حضرت انسؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کوئی بندہ مومن نہیں ہوتا۔ (عبدالوارث کی روایت میں رجل (آدمی) کا لفظ ہے) جب تک کہ میں اسے اس کے اہل اور اس کے مال اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔
حضرت انس بن مالکؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تم میں سے کوئی شخص مومن نہیں ہوتا جب تک کہ میں اسے اس کی اولاد اور اس کے والد اور تمام لوگوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جاؤں۔
حضرت انسؓ بن مالک رسول اللہﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا تم میں سے کوئی مومن نہیں ہوتا جب تک کہ اپنے بھائی یا فرمایا کہ اپنے پڑوسی کے لئے وہی کچھ پسند نہ کرے جو اپنے لئے پسند کرتا ہے۔
حضرت انسؓ نبیﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کوئی بندہ مومن نہیں ہوتا جب تک کہ وہ اپنے پڑوسی یا فرمایا اپنے بھائی کے لئے وہی کچھ پسند نہ کرے جو اپنے لئے پسند کرتا ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا وہ شخص جنت میں داخل نہیں ہوگا جس کا ہمسایہ اس کی ایذاء رسانیوں سے امن میں نہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو شخص اللہ اور آخری دن پر ایمان رکھتا ہے وہ اچھی بات کہے یا خاموش رہے اور جو شخص اللہ اور آخری دن پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنے ہمسایہ کی عزت کرے اور جو شخص اللہ اور آخری دن پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنے مہمان کی عزت کرے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جو شخص اللہ اور آخری دن پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنے ہمسایہ کو تکلیف نہ دے اور جو شخص اللہ اور آخری دن پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنے مہمان کی عزت کرے اور جو شخص اللہ اور آخری دن پر ایمان رکھتا ہے وہ اچھی بات کرے یا خاموش رہے۔ حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔ پھر ابو حَصِین کی روایت کے مطابق ہے سوائے اس کے کہ آپؐ نے فرمایا کہ وہ اپنے پڑوسی سے حسن سلوک کرے۔