بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 171 hadith
یزید بن اصم کہتے ہیں کہ میں نے معاویہؓ بن ابی سفیان سے سنا انہوں نے نبی ﷺ کی ایک حدیث بیان کی اور میں نے ان سے اس کے علاوہ ان کو اپنے منبر پر نبی ﷺ کی کوئی حدیث روایت کرتے نہیں سنا۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اللہ تعالیٰ جس کے بارہ میں بھلائی کا ارادہ کرتا ہے اسے دین کی سمجھ عطا کرتا ہے اور مسلمانوں کا ایک گروہ ہمیشہ حق کے لئے لڑتا رہے گا اور وہ ان لوگوں پر جو ان کا مقابلہ کریں گے اور قیامت تک غالب رہیں گے۔
عبد الرحمان بن شماسہ مہری کہتے ہیں کہ میں مسلمہ بن مخلد کے پاس تھا اور ان کے پاس حضرت عبد اللہ بن عمرو بن العاصؓ (بھی) تھے حضرت عبد اللہؓ نے کہا قیامت نہیں آئے گی مگر شریر مخلوق پر۔ وہ جاہلیت والوں سے بھی زیادہ بُرے ہوں گے۔ وہ اللہ سے جو بھی مانگیں گے وہ اسے ان پر لوٹا دے گا۔ وہ اسی حال میں تھے کہ حضرت عقبہؓ بن عامر آئے۔ مسلمہ نے ان سے کہا اے عقبہؓ! سنو جو حضرت عبد اللہؓ کہہ رہے ہیں؟ حضرت عقبہؓ نے کہا وہ زیادہ جانتے ہیں۔ جہاں تک میرا تعلق ہے میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے میری امت کا ایک گروہ ہمیشہ اللہ عزّوجل کے کام کے لئے اپنے دشمنوں پر غالب ہوتے ہوئے لڑتا رہے گا اور جو ان کی مخالفت کرے گا وہ انہیں کوئی نقصان نہیں پہنچا سکے گا یہاں تک کہ ان پر قیامت آجائے گی اور وہ اسی حال میں ہوں گے۔ اس پر حضرت عبد اللہؓ نے کہا ہاں پھر اللہ تعالیٰ مشک کی خوشبو جیسی ہوا بھیجے گا جو ریشم کی طرح بدن کو لگے گی اور جس کے دل میں ذرہ بھر بھی ایمان ہوگا اس کی روح قبض کر لے گی۔ پھر باقی لوگوں میں بدترین لوگ رہ جائیں گے جن پر قیامت آجائے گی۔
حضرت سعد بن ابی وقاصؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا مغرب کے رہنے والے ہمیشہ ہی حق پر غالب رہیں گے یہانتک کہ قیامت آجائے گی۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم سر سبز علاقہ یا زمین میں سفر کرو تو اونٹوں کو زمین سے ان کا حصہ دو اور جب تم قحط زدہ علاقہ میں سفر کرو تو تیزی سے سفر کرو۔ اور جب تم رات کو آرام کی غرض سے اترو تو گزرگاہ سے بچو کیونکہ وہ رات کو ایذارساں کیڑوں کا ٹھکانہ ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا جب تم سر سبز و شاداب علاقہ میں سفر کرو تو اونٹوں کو زمین سے ان کا حصہ دو اور جب تم قحط زدہ علاقہ میں سفر کرو تو جانوروں کے لاغر ہونے سے پہلے پہلے وہاں سے نکل جاؤ۔ اور جب تم رات کو آرام کرو تو گذر گاہ سے بچو کیونکہ وہ جانوروں کے راستے اور رات کے ایذاء رسان کیڑوں کا ٹھکانہ ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا سفر عذاب کا ٹکڑا ہے جو تمہیں نیند، کھانے اور پینے سے روک دیتا ہے تو جب تم میں سے کوئی اپنا مطلوبہ کام ختم کر لے تو جلدی اپنے اہل کے پاس آجائے۔
حضرت انس بن مالکؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ (سفر سے واپسی پر بغیر اطلاع) رات کے وقت اپنے اہل کے پاس تشریف نہیں لے جاتے تھے۔ آپؐ ان کے پاس صبح یا شام کو تشریف لاتے۔ ایک اور روایت میں (لَایَطْرُقُ کی بجائے) لَایَدْخُلُ کے الفاظ ہیں۔
حضرت جابر بن عبد اللہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ہم ایک غزوہ میں رسول اللہﷺ کے ساتھ تھے۔ جب ہم مدینہ آئے ہم (گھروں میں) جانے لگے تو آپؐ نے فرمایا کچھ ٹھہر جاؤ تاکہ ہم رات کو گھر جائیں یعنی عشاء کے وقت۔ تاکہ پراگندہ بالوں والی کنگھی کر لے اور جس کا خاوند غیر موجود تھا وہ صفائی کر لے۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی رات کو (واپس) آئے تو اپنے گھر والوں کے پاس بغیر اطلاع نہ جائے تاکہ جس کا خاوند غیر موجود ہے وہ صفائی کر لے اور پراگندہ بالوں والی کنگھی کر لے۔
حضرت جابرؓ بن عبداللہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے منع فرمایا ہے کہ جب کوئی شخص ایک لمبا عرصہ (گھر سے) باہر رہے تو وہ (بے اطلاع) رات کو اپنے گھر والوں کے پاس آئے۔