بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 240 hadith
حضرت عائشہؓ فرماتی ہیں کہ نبیﷺ رات کو نماز پڑھ رہے ہوتے اور میں آپؐ کے پہلو میں حائضہ ہونے کی حالت میں ہوتی اور میرے اوپر چادر ہوتی جس کا کچھ حصہ آپؐ پر آپؐ کے پہلو تک ہوتا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ ایک سوال کرنے والے نے رسول اللہ ﷺ سے ایک کپڑے میں نماز کے بارہ میں پوچھا اس پر آپؐ نے فرمایا کہ کیا تم میں سے ہر ایک کے پاس دو کپڑے ہیں؟
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ ایک آدمی نے نبیﷺ کو پکار کر پوچھا کہ کیا ہم میں سے کوئی ایک کپڑے میں نماز پڑھ سکتا ہے؟ آپؐ نے فرمایا کہ کیا تم میں سے ہر ایک کے پاس دو کپڑے ہیں؟
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ تم میں سے کوئی اس طرح ایک کپڑے میں نماز نہ پڑھے کہ اس کے کندھوں پر اس میں سے کچھ نہ ہو۔
حضرت عمر بن ابو سلمہؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو حضرت امّ سلمہؓ کے گھر میں ایک کپڑا لپیٹے ہوئے نماز پڑھتے ہوئے دیکھا اور اس کے دونوں کنارے آپؐ کے کندھوں پر تھے۔ ہشام بن عروہ کی روایت میں مُتَوَشِّحًا کے لفظ ہیں مُشْتَمِلًا نہیں۔ (دونوں لفظ کا مفہوم ایک ہی ہے)۔
عمر بن ابو سلمہؓ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کو حضرت ام سلمہؓ کے گھر میں ایک کپڑے میں نماز پڑھتے دیکھا آپؐ نے اس کپڑے کے دونوں کناروں کو مخالف سمت میں ڈالا ہوا تھا۔
حضرت عمر بن ابی سلمہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہﷺ کو ایک کپڑے میں نماز پڑھتے دیکھا جسے آپؐ لپیٹے ہوئے تھے اور اس کے دونوں کناروں کو مخالف سمت میں ڈال رکھا تھا۔ عیسیٰ بن حماد کی روایت میں عَلٰی مَنْکِبَیْہِ کے الفاظ کا اضافہ ہے یعنی اپنے دونوں کندھوں پر۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی ﷺ کو ایک کپڑے میں اس طرح نماز پڑھتے دیکھا کہ آپؐ مخالف اطراف سے اسے اپنے اوپر لئے ہوئے تھے۔ ابن نمیر کی روایت میں رَأَیْتُ کی بجائے دَخَلْتُ عَلٰی رَسُوْلِ اللّٰہِ ﷺ کے الفاظ ہیں۔
عمرو کہتے ہیں کہ ابو زبیر مکی نے ان کو بتایا کہ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہؓ کو ایک کپڑا لپیٹے ہوئے اس طرح نماز پڑھتے ہوئے دیکھا کہ وہ مخالف اطراف سے چادر اپنے اوپر لئے ہوئے تھے جبکہ ان کے پاس ان کے (اور) کپڑے موجود تھے۔ حضرت جابرؓ نے کہا کہ انہوں نے رسول اللہﷺ کو اسی طرح کرتے ہوئے دیکھا تھا۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ حضرت ابوسعید خدریؓ نے مجھے بتایا کہ وہ نبیﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے وہ کہتے ہیں کہ میں نے آپؐ کو ایک چٹائی پر نماز پڑھتے دیکھا جس پر آپؐ سجدہ کئے ہوئے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ میں نے آپؐ کو ایک کپڑا لپیٹے ہوئے نماز پڑھتے دیکھا۔ اعمش نے اسی اسناد سے روایت کی ہے اور ابو کریب کی روایت میں وَاضِعًا طَرَفَیْہِ عَلٰی عَاتِقَیْہِ کے الفاظ ہیں جبکہ ابو بکر اور سوید کی روایت میں مُتَوَشِّحًا بِہِ کے الفاظ ہیں۔