بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 288 hadith
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ رات کو گیارہ رکعت پڑھتے اور ان میں سے ایک (رکعت) سے وتر کر لیتے۔ جب اس سے فارغ ہو جاتے تو اپنے دائیں پہلو پر لیٹ جاتے یہاں تک کہ آپؐ کے پاس مؤذّن آتا تو آپؐ دو ہلکی رکعتیں پڑھتے۔
نبیﷺ کی زوجہ مطہّرہ حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں کہ رسول اللہﷺ عشاء کی نماز جسے لوگ ’’عتمہ‘‘ کہتے ہیں سے فجر تک گیارہ رکعت پڑھتے اور ہر دو رکعتوں کے بعد آپؐ سلام پھیرتے اور ایک رکعت سے وتر کر لیتے۔ پھر جب مؤذن فجر کی اذان دے کر خاموش ہوتا اور فجر آپؐ پر خوب واضح ہو جاتی اور مؤذن آپؐ کے پاس آتا تو آپؐ کھڑے ہوتے اور دو ہلکی رکعتیں پڑھتے اور پھر اپنے دائیں پہلو پر لیٹ جاتے یہاں تک کہ مؤذن اقامت کے لئے آپؐ کے پاس آتا۔ دوسری روایت جو ابن شہاب سے اسی سند سے مروی ہے جبکہ حرملہ نے اس جیسی روایت بیان کی سوائے اس کے کہ انہوں نے وَتَبَیّنَ لَہُ الْفَجْرُ وَجَائَہُ الْمُؤَذِّنُ اور اَلْاِقَامَۃَ کا بھی ذکر نہیں کیا اور باقی روایت عمرو کی روایت کے مطابق ہے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں کہ رسول اللہﷺ رات کو تیرہ رکعت ادا فرماتے جن میں سے پانچ (رکعتوں) سے وتر کرتے۔ آپؐ صرف ان کے آخر پر ہی بیٹھتے۔
عروہ سے روایت ہے کہ حضرت عائشہؓ نے انہیں بتایا کہ رسول اللہﷺ فجر کی دو رکعت سمیت تیرہ رکعت پڑھتے۔
ابو سلمہ بن عبدالرحمان سے روایت ہے کہ انہوں نے حضرت عائشہؓ سے پوچھا کہ رمضان میں رسول اللہﷺ کی نماز کیسی ہوتی تھی؟ انہوں نے فرمایا رسول اللہﷺ رمضان میں اور اس کے علاوہ بھی گیارہ رکعت سے زائد نہیں (پڑھا) کرتے تھے۔ آپؐ چار رکعت پڑھتے۔ تم ان کی خوبصورتی اور طوالت کے بارہ میں مت پوچھو۔ پھر آپؐ چار رکعت پڑھتے۔ تم ان کی خوبصورتی اور طوالت کے بارہ میں مت پوچھو۔ پھر آپؐ تین رکعت پڑھتے۔ حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ میں نے عرض کیا یا رسولؐ اللہ! کیا آپؐ وتر ادا کرنے سے قبل سو جاتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا اے عائشہ! میری آنکھیں سوتی ہیں اور میرا دل نہیں سوتا۔
ابو سلمہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے حضرت عائشہؓ سے رسول اللہﷺ کی نماز کے بارہ میں سوال کیا تو انہوں نے بتایا کہ آپؐ تیرہ رکعت پڑھتے۔ (پہلے) آٹھ رکعت پڑھتے پھر وتر پڑھتے، پھر دو رکعت بیٹھ کر پڑھتے۔ پھر جب رکوع کرنے لگتے تو کھڑے ہو جاتے۔ پھر رکوع فرماتے۔ پھر اذان اور صبح کی نماز کی اقامت کے درمیان دو رکعت پڑھتے۔ ایک دوسری روایت ابو سلمہ سے مروی ہے انہوں نے بتایا کہ انہوں نے حضرت عائشہؓ سے رسول اللہﷺ کی نماز کے بارہ میں پوچھا۔ آگے پہلی روایت کی طرح ہی ہے مگر اس میں تِسْعَ رَکَعَاتٍ قَائِمًا یُوْتِرُ مِنْھُنَّ کے الفاظ ہیں۔
ابو سلمہ کہتے ہیں میں حضرت عائشہؓ کے پاس گیا اور کہا اے میری امَّاں ! مجھے رسول اللہﷺ کی نماز کے بارہ میں بتائیں۔ آپؓ نے فرمایا کہ حضور کی رات کی نماز رمضان میں اور اس کے علاوہ تیرہ رکعت ہوتی جس میں فجر کی دو سنتیں شامل ہیں۔
قاسم بن محمد سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے حضرت عائشہؓ کو فرماتے ہوئے سنا کہ رسول اللہﷺ کی رات کی نماز دس رکعت ہوتی۔ آپؐ ایک رکعت سے وتر کر لیتے اور فجر کی دو رکعتیں (سنتیں ) پڑھتے۔ یہ کل تیرہ رکعت ہیں۔
ابو اسحاق سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں نے اسود بن یزید سے اس بارہ میں پوچھا جو حضرت عائشہؓ نے انہیں رسول اللہﷺ کی نماز کے بارہ میں بتایا۔ آپؓ فرماتی ہیں کہ حضورؐ رات کے پہلے حصہ میں سوتے اور اس کے آخری حصہ کو زندہ کرتے۔ پھر اگر آپؐ کو اپنے گھر والوں سے کوئی کام ہوتا تو اسے پورا فرماتے، پھر سو جاتے۔ پھر جب پہلی اذان ہوتی تو فرماتی ہیں کہ آپؐ تیزی سے اٹھتے۔ اور اللہ کی قسم! انہوں نے یہ نہیں فرمایا تھا کہ آپؐ کھڑے ہو جاتے پھر اپنے اوپر پانی ڈالتے اور اللہ کی قسم! انہوں نے یہ نہیں فرمایا کہ آپؐ غسل فرماتے اور جو اُن (حضرت عائشہؓ) کی مراد ہے وہ میں جانتا ہوں۔ اور اگر آپؐ جنبی نہ ہوتے تو وضوء فرماتے جیسے کوئی شخص نماز کے لئے وضوء کرتا ہے۔ پھر دو رکعت پڑھتے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ رات کو نماز پڑھتے یہاں تک کہ وتر آپؐ کی آخری نماز ہوتی۔