بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 257 hadith
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ابوعمران نے مجھے خبر دی، کہا: میں نے طلحہ (بن عبداللہ بن عثمان) سے سنا۔ طلحہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی۔ وہ بیان کرتی ہیں: میں نے کہا: یا رسول اللہ! میرے دو ہمسائے ہیں۔ اُن میں سے کس کو ہدیہ بھیجوں؟ آپؐ نے فرمایا: اُن میں سے جس کا دروازہ تم سے زیادہ نزدیک ہو۔
علی بن عیاش نے ہم سے بیان کیا کہ ابوغسان نے ہمیں بتایا۔انہوں نے کہا: محمد بن منکدر نے مجھ سے بیان کیا۔ محمد نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے، حضرت جابرؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: ہر بھلی بات صدقہ ہوتی ہے۔
عبداللہ بن عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت سے، ثابت نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ ایک گنوار نے مسجد میں پیشاب کر دیا۔ لوگ اُٹھ کر اُس کی طرف لپکے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس کا پیشاب مت روکو۔ پھر آپؐ نے پانی کا ایک ڈول منگوایا اور وہاں ڈال دیا گیا۔
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا۔ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو بُردہ بُرید (بن عبد اللہ) بن ابی بُردہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میرے دادا ابو بُردہ نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے اپنے باپ حضرت ابو موسیٰؓ سے، حضرت ابو موسیٰؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپؐ فرماتے تھے: مؤمن مؤمن کے لیے عمارت کی طرح ہے جس کا ایک حصہ دوسرے حصہ کو مضبوط کیے رکھتاہے۔ اور آپؐ نے اپنی انگلیوں کو قینچی کیا۔
اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھے ہوئے تھے کہ ایک شخص آیا جو سوال کر رہا تھا یا کسی ضرورت کو ہمارے سامنے پیش کر رہا تھا تو آپؐ نے (لوگوں سے) فرمایا: تم بھی سفارش کرو، تمہیں ثواب ملے گا۔ اور اللہ اپنے نبی کی زبان سے جتنی چاہے گا حاجت پوری کردے گا۔
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرَید سے، بُرَید نے ابوبُردہ سے، ابوبُردہ نے حضرت ابوموسیٰ (اشعریؓ) سے، حضرت ابوموسیٰ (اشعریؓ) نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ جب آپؐ کے پاس کوئی سائل یا حاجت مند آتا تو آپؐ (لوگوں سے) فرماتے: تم بھی سفارش کرو تا کہ تمہیں بھی اجر دیا جائے۔ اور پھر اللہ جو چاہے اپنے رسول کی زبان سے اس کی حاجت کو پورا کردے۔
آدم بن ابی ایاس نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ سعید بن ابی بُردہ بن ابی موسیٰ اشعری نے ہم سے بیان کیا۔ سعید نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ان کے دادا سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہر ایک مسلمان کے ذمہ ایک صدقہ ہے۔ لوگوں نے کہا: اگر نہ پا سکے؟ آپؐ نے فرمایا: تو اپنے ہاتھ سے محنت کرے اور اپنے آپ کو بھی فائدہ پہنچائے اور صدقہ بھی کرے۔ لوگوں نے کہا: اگر محنت نہ کر سکے یا نہ کرے۔ آپؐ نے فرمایا: تو اُس حاجت مند کی مدد کرے جو تھک کررہ گیا ہو۔ لوگوں نے کہا: اگر یہ بھی نہ کرے؟ آپؐ نے فرمایا: تو بھلی بات کا حکم کرے یا فرمایا: تو معروف بات ہی کہے۔ آپؐ نے فرمایا: اگر یہ بھی نہ کرے۔ فرمایا: تو شر سے رُکا رہے کیونکہ یہ بھی اُس کے لئے صدقہ ہوگا۔
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، کہا: عمرو نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے خیثمہ سے، خیثمہ نے حضرت عدی بن حاتمؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے دوزخ کا ذکر کیا اور اس سے پناہ مانگی اور اپنا منہ پھیر لیا۔ پھر آپؐ نے دوزخ کا ذکر کیا اور اس سے پناہ مانگی اور اپنا منہ پھیر لیا۔ شعبہ نے کہا: دو دفعہ آپؐ نے ایسا کیا، اِس کے متعلق مجھے کوئی شک نہیں پھر آپؐ نے فرمایا: دوزخ سے بچو اگرچہ کھجور کا ایک ٹکڑا ہی دے کر۔ اگر (یہ بھی) نہ ہو تو اچھی بات ہی سے۔
عبدالعزیز بن عبداللہ (اویسی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے صالح (بن کیسان) سے، صالح نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی تھیں: یہودیوں کی ایک جماعت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئی اور انہوں نے کہا: السَّامُ عَلَيْكُمْ۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں ان کی یہ بات سمجھ گئی۔ میں نے کہا: وَعَلَيْكُمُ السَّامُ وَاللَّعْنَةُ۔ کہتی تھیں: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عائشہ! ٹھہرو۔ اللہ ہر معاملے میں نرمی پسند کرتا ہے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! آپؐ نے نہیں سنا جو انہوں نے کہا ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: میں جواب دے چکا ہوں وَعَلَيْكُمْ۔
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سلیمان سے روایت کی۔ (کہا:) میں نے ابووائل سے سنا۔ (ابووائل نے کہا:) میں نے مسروق سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت عبداللہ بن عمرو (بن عاصؓ) نے کہا۔ نیز قتیبہ نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے شقیق بن سلمہ، شقیق نے مسروق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ہم حضرت عبداللہ بن عمر وؓ کے پاس آئے جب وہ معاویہ کے ساتھ کو فہ کی طرف گئے۔ انہوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر کیا۔ کہنے لگے کہ آپؐ نہ بدخُلق تھے اور نہ بد زبان۔ اور کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سب سے بہتر وہی ہیں جن کے اَخلاق اچھے ہیں۔