بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 274 hadith
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا ، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انسؓ سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت ابوبکر اور حضرت عمر رضی اللہ عنہما نماز اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ سے شروع کرتے تھے۔
حجاج نے ہم سے بیان کیا ،( کہا :) شعبہ نے ہم سے بیان کیا ۔ انہوں نے کہا: ابواسحق نے ہمیں بتایا۔ کہتے تھے: میں نے عبداللہ بن یزید کوخطبہ پڑھتے سنا۔ انہوں نے کہا کہ حضرت برائؓ نے ہم سے بیان کیا اور وہ غلط نہ کہتے تھے کہ وہ جب نبی
قتیبہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دھاری دار سیاہ لوئی میں نماز پڑھی۔ اس پر بیل بوٹے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اس کے نقش و نگار نے میری توجہ ہٹادی۔ یہ ابوجہمؓ کے پاس لے جائو اور اس کی سادہ لوئی مجھے لادو۔
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا ، کہا: عبدالواحد بن زیاد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عمارہ بن قعقاع نے ہم سے بیان کیا ، کہا : ہم سے ابوزرعہ نے بیان کیا ۔ انہوں نے کہا: حضرت ابوہریرہؓ نے ہمیں بتایا ، کہا: رسول اللہ ﷺ تکبیر اور اقامت کے درمیان کچھ خاموش رہتے۔ (ابوزرعہ) کہتے تھے: میرا خیال ہے کہ انہوں نے کہا: تھوڑی دیر تک۔ تو میں نے کہا: یا رسول اللہ! میرے ماں باپ (آپؐ پر) قربان۔ تکبیر اور قرأت کے درمیان آپؐ جو خاموش رہتے ہیں آپؐ کیا پڑھتے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: میں کہتا ہوں: الٰہی میرے اور میری خطائوں کے درمیان اتنی دوری ڈال دے جتنی دوری تو نے مشرق اورمغرب میں ڈالی ہے۔ الٰہی مجھے خطائوں سے ایسا پاک و صاف کردے۔ جیسے سفید کپڑا میل کچیل سے پاک و صاف کردیا جاتا ہے۔ الٰہی میری خطا ئیں پانی اور برف اور اولوں سے دھوڈال۔
(تشریح)ابن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا ، کہا :نافع بن عمر نے ہمیں بتایا ،کہا: ابومُلَیکہ کے بیٹے نے مجھے خبر دی۔ حضرت اسماء بنت ِابوبکرؓ سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے سورج گرہن کی نماز پڑھی۔ آپؐ کھڑے ہوئے اور دیر تک کھڑے رہے۔ پھر آپؐ نے رکوع کیا اور دیر تک رکوع میں رہے۔پھر آپؐ کھڑے ہوئے اور دیر تک کھڑے رہے۔ پھر آپؐ نے رکوع کیا اور دیر تک رکوع میں رہے ۔ پھر آپؐ نے سر اٹھایا۔ اس کے بعد سجدہ کیا اور دیر تک سجدہ میں رہے۔ پھر آپؐ نے سر اٹھایا۔ اس کے بعد سجدہ کیا اور دیر تک سجدہ میں رہے۔ پھر آپؐ کھڑے ہوئے اور دیر تک کھڑے رہے ۔ پھر رکو ع کیااور دیر تک رکوع میں رہے۔ پھر سر اٹھایااور دیر تک کھڑ ے رہے۔ پھر رکوع کیا اور دیر تک رکوع میں رہے۔ پھر سر اٹھایا پھر سجدہ کیا اور دیر تک سجدہ میں رہے۔ پھر سر اٹھایا ۔ پھر سجدہ کیا اور دیر تک سجدہ میں رہے۔ پھر (نماز سے) فارغ ہوئے اور فرمایا: جنت میرے اتنی قریب ہوگئی تھی کہ اگرمیں جرأت کرتا تو اس کے خوشوں میں سے ایک خوشہ تمہیں لادیتا اور آگ بھی میرے اتنے قریب کی گئی کہ میں پکار اٹھا کہ اے میرے رب! کیا میں بھی ان کے ساتھ ہی ہوں ۔ اتنے میں کیا دیکھتا ہوں کہ ایک عورت ہے ۔ (نافع کہتے تھے:) میرا خیال ہے کہ آپؐ نے فرمایا: اس کو بلی نوچ رہی تھی۔ میں نے پوچھا: اس عورت کی یہ حالت کیوں ہے؟ انہوں نے کہا: اس نے اس کو روکے رکھا تھا۔ یہاں تک وہ بھوکی مرگئی۔ نہ اسے کھلاتی نہ اسے چھوڑتی کہ وہ کھائے۔ نافع کہتے تھے: میرا خیال ہے ۔ (ابن ابی ملیکہ نے) کہا: زمین کے کیڑے مکوڑے خَشِیْشِ (الْاَرْضِ) فرمایا یا خَشَاشِ الْاَرْضِ۔
(تشریح)اسماعیل نے ہم سے بیان کیا ، کہا : مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے زید بن اسلم سے، زید نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانہ میں سورج گرہن ہوا اور آپؐ نے نماز پڑھائی۔ صحابہ نے کہا: یا رسول اللہ ! ہم نے آپؐ کو دیکھا کہ آپؐ نے اپنی جگہ کھڑے کھڑے کسی چیز کو لینے کے لئے ہاتھ بڑھایا ہے۔ پھر ہم نے آپؐ کو دیکھا کہ آپؐ پیچھے ہٹے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: مجھے جنت دکھائی گئی تھی۔ اور میں اس میں سے ایک خوشہ لینے کو بڑھا تھا اور اگر وہ لے لیتا تو تم جب تک دنیا رہتی اس میں سے کھاتے رہتے۔
محمد بن سنان نے ہم سے بیان کیا ، کہا : فلیح نے ہم سے بیان کیا ۔ انہوں نے کہا: ہلال بن علی نے ہمیں بتایا کہ حضرت انسؓ بن مالک سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں نماز پڑھائی ۔ پھر آپؐ منبر پر کھڑے ہوئے اور آپؐ نے مسجد کے قبلہ کی جانب دونوں ہاتھوں سے اشارہ کیا اور فرمایا: میں نے ابھی جبکہ تمہیں نماز پڑھائی جنت ودوزخ دیکھیں جو اس دیوار پر متمثل تھیں۔ میں نے خیر وشر میںآج کے دن کی طرح کوئی دن نہیں دیکھا۔ تین بار آپؐ نے ایسافرمایا۔
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ بن سعید نے ہم سے بیان کیا ، کہا : ابن ابی عروبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا کہ قتادہ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت انسؓ بن مالک نے انہیں بتایا۔ وہ کہتے تھے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ان لوگوں کو کیا ہواہے جو نماز میں اپنی نگاہیں آسمان کی طرف اٹھاتے ہیں؟ آپؐ نے اس کے متعلق سخت ارشاد فرمایا: یہاں تک فرمایا کہ انہیں اس سے باز رہنا ہوگا۔ ورنہ ان کی بینائیاں اُچک لی جائیں گی۔
(تشریح)مسدد نے ہم سے بیان کیا ، کہا : ابوالاحوص نے ہم سے بیان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اشعث بن سُلیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی ۔ وہ کہتی تھیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نماز میں ادھر ادھر دیکھنے کے متعلق پوچھا تو آپؐ نے فرمایا: یہ شیطان کی ایک جھپٹ ہے جو بندے کی نماز پر مارتا ہے اوراس میں سے کچھ لے لیتاہے۔