بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 274 hadith
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا ، کہا : لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حضرت انسؓ بن مالک سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم گھوڑے پر سے گر پڑے اور آپ ؐکا جسم چھل گیا ۔ اس لئے آپؐ نے بیٹھ کر ہمیں نماز پڑھائی اور ہم نے آپؐ کے ساتھ بیٹھ کر نماز پڑھی۔ پھر( نماز سے) فارغ ہوئے اور آپؐ نے فرمایا: امام تو اس لئے ہے یا ( یہ فرمایا کہ) امام تو اس لئے مقرر کیا گیا ہے کہ اس کی پیروی کی جائے۔ پس جب وہ اَللّٰہُ اَکْبَرُ کہے تو تم بھی اَللّٰہُ اَکْبَر کہو اور جب وہ رکوع کرے تو تم بھی رکوع کرو اور جب وہ سر اٹھائے تو تم بھی سر اٹھائو اور جب وہ کہے سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ تو تم کہو رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدُ اور جب وہ سجدہ کرے تو تم بھی سجدہ کرو۔
اسماعیل نے ہم سے بیان کیا ، کہا : مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابو ہریرہؓؓ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کیا تم سمجھتے ہوکہ میرا منہ اِدھر ہوتا ہے۔ بخدا مجھ پر تو نہ تمہارا رکوع پوشیدہ رہتا ہے اور نہ خشوع ۔ میں تو تمہیں اپنی پیٹھ کے پیچھے سے دیکھتا ہوں۔
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا ، کہا : غندر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: شعبہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے قتادہ سے سنا۔ وہ حضرت انسؓ بن مالک سے، حضرت انسؓنبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: رکوع اور سجدہ ٹھیک طور سے کیا کرو۔ بخدا جب تم رکوع اور سجدہ کرتے ہو تو میں تمہیں اپنے پیچھے سے یا فرمایا: اپنی پیٹھ کے پیچھے سے دیکھتا ہوں۔
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا ، کہا : شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ابوزناد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کی۔ (حضرت ابوہریرہؓ)نے کہا: نبی ﷺنے فرمایا: امام تو اسی لئے مقرر کیا گیا ہے کہ اس کی پیروی کی جائے ۔ پس جب وہ اَللّٰہُ اَکْبَرُ کہے تو تم بھی اَللّٰہُ اَکْبَرُکہو اور جب وہ رکوع کرے تو تم بھی رکوع کرو اور جب کہے سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ تو تم کہو رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْدُ اور جب وہ سجدہ کرے تو تم بھی سجدہ کرو اور جب بیٹھ کر نماز پڑھے تو تم بھی سب بیٹھ کر نماز پڑھو۔
(تشریح)عبداللہ بن مسلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سالم بن عبداللہ سے، سالم نے اپنے باپ سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز شروع کرتے تو اپنے دونوں ہاتھ مونڈھوں تک اٹھاتے اور اس وقت بھی اٹھاتے جب آپؐ رکوع کے لئے اَللّٰہُ اَکْبَرُ کہتے اور جب رکوع سے اپنا سر اٹھاتے اور فرماتے: سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْدُ اور سجدوں میں آپؐ ایسا نہ کرتے۔
(تشریح)محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا ، کہا : عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ یونس نے ہمیں خبردی کہ زہری سے مروی ہے کہ سالم بن عبداللہ نے مجھے بتایا کہ ( ان کے باپ) حضرت عبداللہ بن عمررضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ جب آپؐ نماز کے لئے کھڑے ہوتے تو اپنے دونوں ہاتھ اس قدر اٹھاتے کہ آپؐ کے مونڈھوں کے برابر ہوجاتے اورجب آپ ؐرکوع کے لئیاَللّٰہُ اَکْبَرُ کہتے تو بھی ایسا کرتے اور رکوع سے جب سر اٹھاتے تب بھی ایسا کرتے اور سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ کہتے اور آپؐ سجدوں میں ایسا نہ کرتے۔
ہم سے ابوالیمان نے بیان کیا ، کہا : شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: سالم بن عبداللہ (بن عمرؓ) نے ہمیں بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عمررضی اللہ عنہما کہتے تھے: میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا آپؐ نے نماز اَللّٰہُ اَکْبَرسے شروع کی اور جب آپؐ اَللّٰہُ اَکْبَر کہتے تو اپنے دونوں ہاتھ اٹھاتے یہاں تک کہ انہیں اپنے دونوں مونڈھوں کے برابر کرتے اور جب آپؐ رکوع کے لئے اللہ اکبر کہتے تو اسی طرح کرتے اور جب آپؐ سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ کہتے تو بھی اسی طرح کرتے اور آپؐ کہتے: رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْدُ اور آپؐجب سجدہ کرتے تو ایسا نہ کرتے اور نہ اس وقت کہ جب سجدہ سے اپنا سر اٹھاتے۔
(تشریح)عیاش (بن ولید) نے ہم سے بیان کیا ، کہا: عبدالاعلیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ نے ہمیں بتایا کہ نافع سے مروی ہے کہ حضرت ابن عمر ؓجب نماز شروع کرتے تو اَللّٰہُ اَکْبَرُ کہتے اور اپنے دونوں ہاتھ اٹھاتے اور جب رکوع کرتے تو بھی دونوں ہاتھ اٹھاتے اور جب سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ کہتے تو بھی اپنے دونوں ہاتھ اٹھاتے اور جب دو رکعتیں پڑھ کر اٹھتے تب بھی دونوں ہاتھ اٹھاتے اورحضرت ابن عمرؓ نے یہ نبی اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے مرفوعاً بیان کیا۔ اس حدیث کو حماد بن سلمہ نے ایوب سے، انہوں نے نافع سے، انہوں نے حضرت ابن عمرؓ سے، انہوں نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم سے (مرفوعاً) روایت کیا اور ابن طہمان نے بھی ایوب اور موسیٰ بن عقبہ سے اختصار کے ساتھ یہ روایت کی۔
(تشریح)عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابوحازم سے، ابوحازم نے سہل بن سعدسے روایت کی۔انہوں نے کہا: لوگوں کو یہ حکم دیا جاتا تھا کہ ہر آدمی نماز میں داہنا ہاتھ اپنے بائیں بازو پر رکھے۔ (اور) ابوحازم کہتے تھے: میں تو یہی جانتا ہوں کہ وہ( یعنی سہل) اس بات کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب کرتے تھے۔ اسماعیل نے کہا: انہوں نے لفظ یَنْمِیْ نہیں کہا: بلکہ یُنْمیٰ ذٰلِکَ کہا۔یعنی اسے منسوب کیا جاتاتھا۔
(تشریح)