بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 89 hadith
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زبیر بن عدی سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا: ہم حضرت انس بن مالکؓ کے پاس آئے اور ہم نے اُن سے اس تکلیف کی شکایت کی جو ہم حجاج سے اُٹھا رہے تھے۔ تو حضرت انسؓ نے کہا: تم صبر کرو کیونکہ اب جو زمانہ بھی تم پر آئے گا وہ پہلے سے بدتر ہوگا یہاں تک کہ تم اپنے ربّ سے جاملو۔ میں نے یہ بات تمہارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنی۔
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے ہم پر ہتھیار اُٹھائے وہ ہم میں سے نہیں۔
محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواُسامہ نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے برید سے، برید نے ابوبردہ سے، ابوبردہ نے حضرت ابوموسیٰؓ سے،حضرت ابوموسیٰؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: جس نے ہم پر ہتھیار اُٹھایا وہ ہم میں سے نہیں۔
محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام سے روایت کی۔ میں نے حضرت ابوہریرہؓ سےسنا، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی اپنے بھائی کے سامنے ہتھیار سے اشارہ نہ کرے کیونکہ وہ نہیں جانتا کہ شاید شیطان اس کے ہاتھ کو جھٹکا دے اور وہ آگ کے گڑھے میں جاگرے۔
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا:میں نے عمرو (بن دینار) سے پوچھا۔ ابومحمد ! کیا تم نے حضرت جابر بن عبد اللہؓ کو یہ کہتے سنا کہ مسجد میں ایک شخص تیر لے کر گزرا تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا: ان کے پھلوں سے پکڑو؟ (راوی کہتے ہیں:) عمرو نے کہا: ہاں۔
ابونعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے حضرت جابرؓ سے روایت کی کہ ایک شخص کچھ تیر لئے ہوئے مسجد میں سے گزرا ۔ اس نے ان کی نوکوں کو سامنے کھلا رکھا ہوا تھا تو اس سے فرمایا کہ وہ ان کو نوکوں سے پکڑے کہ کسی مسلمان کو نہ چبھ جائے۔
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا۔ اعمش نے ہم سےبیان کیا۔ شقیق نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے کہا۔ حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے کہا نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مسلمان کو گالی دینا فسق ہے اور اس سے لڑنا کفر ہے۔
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ واقد (بن محمد) نے اپنے باپ سےمجھے خبر دی۔ انکے باپ نے حضرت ابن عمر ؓسے روایت کی ۔ اُنہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: میرے بعد پھر کافر نہ ہوجاناکہ تم ایک دوسرے کی گردنیں اُڑاتے رہو۔
ابولیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ اُنہوں نے زہری سے روایت کی۔ ا ور اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ میرے بھائی نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے سلیمان بن بلال سے، اُنہوں نے محمد بن ابی عتیق سے، اُنہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے ہند بنت حارثہ فراسیہ سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی زوجہ حضرت اُم سلمہؓ بیان فرماتی ہیں: ایک رات رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم گھبرائے ہوئے جاگے ۔ آپؐ فرما رہے تھے سبحان اللہ کیا کچھ خزانے اللہ نے اُتارے اور کیا کچھ فتنے برپا کئے گئے۔ اِن حُجرات والیوں کو کون جگائے۔ اس سے آپؐ کی مراد اَپنی ازواج تھیں تا کہ وہ نماز (تہجد) پڑھیں۔ بہت سی دنیا میں پہننے والیاں ہیں جو آخرت میں ننگی ہوں گی۔
(تشریح)