بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 42 hadith
اسحق بن ابراہیم بن نصر نے مجھ سے بیان کیا، کہا:عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا،کہا:ہمیںابن جریج نے خبردی۔ وہ کہتے ہیں: مجھ کو عطاء (بن ابی رباح)نے بتایا۔حضرت جابربن عبداللہ (انصاریؓ) سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابرؓ سے سنا۔وہ کہتے تھے: عیدالفطر کے دن نبی ﷺ کھڑے ہوئے اور پہلے نماز پڑھائی ۔پھر آپؐ نے خطبہ پڑھا۔ جب آپؐ فارغ ہوگئے تو عورتوں کے پاس نیچے آئے اور انہیں نصیحت کی۔ آپؐ حضرت بلالؓ کے ہاتھ پر سہارا لئے ہوئے تھے اور حضرت بلالؓ اپنا کپڑا پھیلائے ہوئے تھے۔ اس میں عورتیں صدقہ ڈال رہی تھیں۔ (ابن جریج کہتے ہیں:) میں نے عطاء سے پوچھا۔ صدقہ فطر دے رہی تھیں؟ انہوں نے کہا: نہیں بلکہ صدقہ تھا جو اس وقت دے رہی تھیں۔ کوئی عورت تو اپنے چھلے ڈال رہی تھی۔ دوسری عورتیں بھی کچھ ڈالتی تھیں۔ (ابن جریج کہتے تھے:) میں نے (عطاء سے) پوچھا کہ کیا اَب امام کے لئے ضروری ہے کہ وہ انہیں نصیحت کرے؟ انہوں نے جواب دیا: بے شک ان پر یہ فرض ہے اور انہیں کیا ہے کہ ایسا نہ کریں۔
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا، کہا: لیث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: کثیر بن فرقد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم عید گاہ میں اونٹ کی یا دوسرے جانور کی قربانی کرتے۔
(تشریح)مسلم نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسود (بن قیس) سے، اسود نے حضرت جندبؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے عیدالاضحیہ کے دن نماز پڑھائی۔ پھر خطبہ پڑھا۔ اس کے بعد آپؐ نے ذبح کیا اور فرمایا: جس نے نماز پڑھنے سے پہلے ذبح کیا ہو اس کو چاہیے کہ وہ اس کی جگہ ایک اور جانور ذبح کرے اور جس نے ابھی ذبح نہ کیا ہو وہ بھی اللہ کا نام لے کر ذبح کرے۔
ابن جریج کہتے ہیں کہ حسن بن مسلم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے نبی ﷺ، حضرت ابوبکر، حضرت عمر اورحضرت عثمان رضی اللہ عنہم کے ساتھ عید الفطر پڑھی ہے۔ وہ خطبہ سے پہلے نماز پڑھا کرتے تھے۔ پھر اس کے بعد خطبہ ہوتا۔ نبی ﷺ نکلے۔ (یہ مجھے ایسا یاد ہے) جیسے میں (اب بھی) آپؐ کو دیکھ رہا ہوں۔ جب آپؐ اپنے ہاتھ سے لوگوں کو بٹھاتے تھے۔ آپؐ صفوں کو چیرتے ہوئے عورتو ںکے پاس آئے۔ حضرت بلالؓ آپؐ کے ساتھ تھے۔ آپؐ نے (سورۂ ممتحنہ کی آیتیں) پڑھیں: }اے نبی! جب مومن عورتیں تیرے پاس آئیں (اور) اس (امر) پر تیری بیعت کریں۔…{ جب آپؐ ان آیات کی تلاوت سے فارغ ہوئے تو آپؐ نے فرمایا: کیا تم ان باتوں پر قائم ہو؟ اس پر اُن میں سے ایک عورت نے کہا: ہاں۔ دوسری عورتوں نے آپؐ کو جواب نہیں دیا۔ حسن ( بن مسلم) نہیں جانتے کہ وہ کون تھی۔ آپؐ نے فرمایا: اچھا صدقہ دو۔ حضرت بلالؓ نے اپنا کپڑا پھیلا دیا اور کہا: لائوڈالو۔ میرے ماں باپ تم پر قربان اور وہ چھلے اور انگوٹھیاں حضرت بلالؓ کے کپڑے میں ڈالتی جاتی تھیں۔ عبدالرزاق نے کہا: فَتَخَکے معنی بڑی انگوٹھیوں کے ہیں جو زمانہ جاہلیت میں ہوا کرتی تھیں۔
(تشریح)ابومعمر نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ایوب نے ہمیں بتایا۔ حفصہ بنت سیرین سے مروی ہے کہ وہ کہتی تھیں: ہم اپنی لڑکیوں کو عید کے دن باہر نکلنے سے منع کیا کرتی تھیں۔ ایک عورت آئی۔ وہ بنی خلف کے محل میں اتری (جو بصرہ میں تھا) میں اس کے پاس آئی۔ اس نے بیان کیا کہ اس کے بہنوئی نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ بارہ غزوات کئے تھے اورچھ غزوات میں اس کی بہن بھی آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھی۔ اس نے کہا: ہم بیماروں کی خدمت کیا کرتیں اور زخمیوں کا علاج معالجہ کرتیں اور اس نے پوچھا : یا رسول اللہ! اگر ہم میںسے کسی کے پاس جلباب نہ ہو اور وہ عید کے دن نہ نکلے۔ تو کیا٭ کوئی حرج ہے؟ آپؐ نے فرمایا: اس کی ساتھن اپنے جلباب کا ایک حصہ اسے اوڑھا دے اور چاہیے کہ عورتیں نیک کاموں میں اور مومنوں کی دعا میں شریک ہوا کریں۔ حفصہ کہتی تھیں۔ جب حضرت ام عطیہ ؓ (بصرہ میں) آئیں تو میں ان کے پاس آئی اور ان سے پوچھا: کیا آپؓ نے فلاں فلاں بات کے متعلق سنا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں ۔ میرا باپ آپؐ پر قربان اور جب بھی وہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر کرتیں تو کہتیں میرا باپ آپؐ پر قربان ہو۔ آپؐ نے فرمایا: پردہ دار جوان عورتیں یا فرمایا: چاہیے جو ان عورتیں اور پردہ نشین بھی نکلیں؟ ایوب نے شک کیا ( کہ ان دونوں میںسے کونسے الفاظ تھے) اور حیض والیاں بھی نکلا کریں مگر حیض والیاں نماز گاہ سے الگ رہیں اور نیک کاموں اور مومنوں کی دعا میں شریک ہوں۔ (حفصہ) کہتی تھیں کہ میں نے ان سے کہا: کیا حیض والیاں بھی نکلیں؟ تو انہوں نے جواب دیا: ہاں۔ کیا حائضہ (حج کے موقع) پر عرفات میں موجود نہیں ہوتی اور فلاں فلاں مقام میں بھی حاضر نہیں ہوتی؟
(تشریح)مسدد (بن مسرہد) نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوالاحوص (سلام بن سلیم) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: منصور بن معتمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عامر) شعبی سے، شعبی نے حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم عید الاضحیہ کے دن نماز کے بعد ہم سے مخاطب ہوئے اور فرمایا: جس نے ہماری نماز جیسی نماز پڑھی اور ہماری قربانی کی طرح قربانی کی تو اس نے ٹھیک قربانی کی اور جس نے نماز سے پہلے قربانی کرلی وہ بکری گوشت ہی کے لئے ہوئی ۔ اس پرحضرت ابوبردہ بن نیارؓ اُٹھے اور کہا: یا رسول اللہ! میں نے تو بخدا نماز کے لئے نکلنے سے پہلے ہی قربانی کرلی ہے اور میں یہ سمجھا تھا کہ آج کا دن کھانے پینے کا ہے۔ اس لئے میں نے جلدی کی خود بھی کھایا اور اپنے گھر والوں اور پڑوسیوںکو بھی کھلایا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: یہ بکری تو گوشت ہی کے لئے ہوئی۔ (حضرت ابوبردہؓ نے) کہا: میرے پاس ایک سال کی پٹھیا بھی ہے۔ وہ گو شت کی دوبکریوں سے بہتر ہے۔ کیا یہ میری طرف سے کافی ہوگی؟ فرمایا: ہاںمگر تمہارے بعد کسی کو کافی نہ ہوگی۔
حامد بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حماد بن زید سے، حماد نے ایوب سے، ایوب نے محمد سے روایت کی کہ حضرت انس بن مالکؓ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے عیدالاضحیہ کے دن نماز پڑھائی۔ پھر آپؐ لوگوں سے مخاطب ہوئے اور جس نے نماز سے پہلے ذبح کرلیا تھا آپؐ نے اس سے فرمایا کہ وہ دوبارہ ذبح کرے۔ اس پر انصار میں سے ایک شخص اٹھا اور کہا: یا رسول اللہ ! میرے کچھ ہمسایہ ہیں، یا کہا: انہیں بھوک کی تکلیف رہتی ہے۔ یا کہا: (انہیں) محتاجی رہتی ہے اور میں نے نماز سے پہلے ذبح کرلیا اور اب میرے پاس ایک سال کی پٹھیا ہے جو مجھے گوشت کی دوبکریوں سے زیادہ پیاری ہے۔ آپؐ نے اسے ذبح کرنے کی اجازت دی۔
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوتُمیلہ یحيٰ بن واضح نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے فلیح بن سلیمان سے، فلیح نے سعید بن حارث سے، سعید نے حضرت جابرؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم جب عید کا دن ہوتا تو ایک راستے سے جاتے اور دوسرے راستے سے آتے۔ (ابوتُمیلہ کی طرح) یونس بن محمد نے بھی فلیح سے، فلیح نے سعید سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ٭ سے یہ روایت نقل کی ہے اور حضرت جابر کی روایت زیادہ صحیح ہے۔
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا،کہا: لیث( بن سعید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ حضرت ابوبکررضی اللہ عنہ منیٰ کے دنوں میں ان کے ہاں آئے اور ان کے پاس دو لڑکیاں تھیں، جو دَف بجا رہی تھیں اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم اپنا کپڑا اپنے اوپر لئے ہوئے تھے۔ حضرت ابوبکرؓنے ان کو جھڑکا تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے منہ سے کپڑا ہٹایا اور فرمایا: ابوبکرؓ! انہیں رہنے دو یہ توعید کے دن ہیں اور یہ دن منیٰ کے دن تھے۔