بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 520 hadith
مسلم (بن ابراہیم) نے ہمیں بتایا کہ ہشام نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) قتادہ نے ہمیں بتایا کہ حضرت انسؓ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رکوع کے بعد قنوت میں مہینہ بھر عرب کے چند قبیلوں کے خلاف دعا کرتے رہے۔
محمد(بن مقاتل) نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبردی۔ سلیمان تیمی نے ہمیں بتایا۔انہوں نے ابومجلز سے، انہوں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم رکوع کے بعد ایک مہینہ کھڑے ہوکر رعل اور ذکوان (قبیلوں) کے خلاف دعا کرتے رہے اور فرماتے تھے: عصیّہ قبیلہ نے اللہ اور اس کے رسول سے بغاوت کی۔
یعقوب بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن سعید (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے بتایا کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے جنگ اُحد کے دن ان کا جائزہ لیا اور وہ چودہ برس کے تھے، آپؐ نے انہیں (جنگ میں شامل ہونے کی) اجازت نہ دی اور خندق کے دن ان کا جائزہ لیا اور وہ پندرہ برس کے تھے۔ چنانچہ آپؐ نے انہیں جنگ میں شریک ہونے کی اجازت دی۔
قتیبہ(بن سعید) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالعزیز (بن ابی حازم) نے ہمیں بتایا۔انہوں نے (اپنے باپ) ابوحازم (سلمہ بن دینار) سے، ابوحازم نے حضرت سہل بن سعد (ساعدی) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا:ہم رسول اللہ
عبدالاعلیٰ بن حماد نے مجھے بتایا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رعل، ذکوان، عصیہ اور بنولحیان نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ایک دشمن کے برخلاف مدد طلب کی۔ آپؐ نے اُن کی ستر انصار سے مدد کی جنہیں ہم اپنے زمانے میں قاری کہا کرتے تھے،وہ دن کو لکڑیاں لاتے اور رات کو نماز پڑھتے۔ جب بئر معونہ پر پہنچے تو انہوں نے ان (صحابہؓ) سے دغا کیا اور انہیں مارڈالا۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو (یہ خبر) پہنچی تو آپؐ مہینہ بھر صبح کی نماز میں عرب کے چند قبیلوں کے خلاف دعا کرتے رہے۔ یعنی رعل، ذکوان، عصیہ اور بنولحیان کے خلاف۔ حضرت انسؓ نے کہا: ہم سمجھتے رہے کہ یہ بھی قرآن ہے جو اُن کے متعلق نازل ہوا ہے۔ پھر یہ شبہ دور ہوا۔ (اور وہ یہ الفاظ تھے:) ہماری طرف سے ہماری قوم کو کہہ دو کہ ہم اپنے ربّ سے جا ملے ہیں۔ وہ ہم سے خوش ہوا اور ہمیں خوش کردیا۔ اور (اسی سند کے ساتھ) قتادہ سے مروی ہے۔ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی کہ انہوں نے ان کو بتایا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم ایک مہینہ تک صبح کی نماز میں عرب کے بعض قبائل کے خلاف دعا کرتے رہے۔ یعنی رعل، ذکوان، عصیہ اور بنو لحیان پر۔ خلیفہ (بن خیاط) نے اس روایت میں اتنا بڑھایا کہ (یزید) بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے اسی طرح روایت کی کہ حضرت انسؓ نے ہم سے بیان کیا: یہ ستر آدمی انصار میں سے تھے جو بئرمعونہ میں شہید کئے گئے۔ قرآن کا لفظ جو اس روایت میں آیا ہے، اس سے مراد کتاب ہے۔
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام (بن يحيٰ) نے ہمیں بتایا۔ اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے مروی ہے، انہوں نے کہا: حضرت انسؓ نے مجھ سے بیان کیا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کے ماموں (حضرت حرام بن ملحانؓ) کو جو امّ سلیم کے بھائی تھے ستر سواروں کے ساتھ بھیجا اور عامر بن طفیل مشرکوں کا سردار تھا جس نے (آنحضرت ﷺ کو) تین باتوں میں سے ایک کا اختیار دیا تھا۔ اس نے کہا: قصباتی لوگ آپؐ کے ہوں گے اور دیہاتی میرے یا یہ کہ (میں آپؐ کی وفات کے بعد) آپ کا جانشین ہوں گا ورنہ میں دو ہزار غطفان کے آدمیوں کو لے کر آپؐ پر حملہ کردوں گا تو عامر کسی عورت کے گھر طاعون میں مبتلا ہوا، کہنے لگا: یہ ویسی ہی گلٹیوں کی بیماری ہے جو (آل سلول کی) ایک عورت کے گھر میں جوان اونٹ کو ہوئی تھی، میرا گھوڑا لاؤ۔ (وہ اس پر سوار ہوا) اور اپنے گھوڑے کی پیٹھ پر ہی مرگیا۔ حضرت امّ سلیم کے بھائی حضرت حرام (بن ملحانؓ)، ایک لنگڑے آدمی اور ایک اور آدمی کو جو فلاں قبیلہ سے تھا، اپنے ساتھ لے کر (بنی عامر کے پاس) گئے۔ حرام نے ان دونوں سے کہا: تم قریب ہی رہنا، میں ان کے پاس جاتا ہوں۔ اگر انہوں نے مجھے امن دیا تو تم آجانا اور اگر مجھے قتل کردیا تو تم اپنے ساتھیوں کے پاس جاکر انہیں بتانا۔ پھر حضرت حرامؓ نے عامر کے پاس جاکر کہا: کیا تم مجھے امن دیتے ہو کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا پیغام پہنچا دوں؟ یہ کہہ کر وہ اس سے باتیں کرنے لگے۔ قبیلے کے لوگوں نے ایک شخص کو اشارہ کیا۔ وہ ان کے پیچھے سے آیا اور ان کو نیزہ مار کر زخمی کیا۔ ہمام کہتے تھے: میں سمجھتا ہوں کہ اس نے نیزہ ان کے پار کردیا۔ حضرت حرامؓ نے کہا: اللہ اکبر! کعبہ کے ربّ کی قسم! میں نے اپنی مراد پالی۔ پھر وہ لوگ دوسرے آدمی کے پیچھے چلے (اور اسے مار ڈالا اور پھر باقی قاریوں پر جاکر حملہ کردیا اور) وہ سارے کے سارے مارے گئے سوا اُس لنگڑے آدمی کے جو پہار کی چوٹی پر چلا گیا تھا۔ اللہ نے ہم پر وہ بات نازل کی۔ پھر اس کا ذکر اذکار موقوف ہوگیا۔ یعنی ہماری طرف سے ہماری قوم کو کہہ دو کہ ہم اپنے ربّ سے جاملے ہیں ، وہ ہم سے خوش ہوا اور ہمیں خوش کردیا۔ تب نبی صلی اللہ علیہ وسلم تیس دن ہر صبح ان کے خلاف دعا کرتے رہے یعنی رعل، ذکوان، بنولحیان اور عصیہ کے خلاف۔ جنہوں نے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے بغاوت کی۔
حبان (بن موسیٰ) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ نے ہمیں خبردی۔ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: ثمامہ بن عبداللہ بن انس نے مجھ سے بیان کیا کہ انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا، کہتے تھے: جب حضرت حرام بن ملحانؓ کے یوم بئر معونہ میں نیزہ مارا گیا اور وہ حضرت انسؓ کے ماموں تھے تو انہوں نے خون اپنے ہاتھ میں یوں لیا اور اپنے منہ اور اپنے سر پر (یوں) چھڑکا اور اس کے بعد کہا: کعبہ کے ربّ کی قسم! میں نے مراد پالی۔
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ نے ہمیں بتایا۔انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: حضرت ابوبکرؓ کو جب مکہ میں سخت تکلیف دی گئی تو آپؐ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے (مکہ سے) ہجرت کرجانے کی اجازت مانگی تو آنحضرت ﷺ نے ان سے فرمایا: ٹھہرو۔ حضرت ابوبکرؓ نے پوچھا: یا رسول اللہ! آپؐ بھی امید کرتے ہیں کہ آپؐ کو بھی اجازت دی جائے گی؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: میں بھی یہی امید رکھتا ہوں۔ کہتی تھیں: حضرت ابوبکرؓ اس کا انتظار کرتے رہے۔ ایک دن ظہر کے وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے پاس آئے اور آواز دی،آپؐ نے فرمایا: جو آپؓ کے ہاں ہوں ان کو باہر بھیج دیں۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: صرف میری دو بیٹیاں ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا آپؐ کو معلوم ہوا ہے کہ مجھے نکلنے کا حکم ہوگیا ہے؟ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میں بھی ساتھ ہوں گا؟ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: آپؐ بھی ساتھ ہوں گے؟ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: یا رسول اللہ! میرے پاس دو اونٹنیاں ہیں جن کو میں نے جانے کے لئے تیار کررکھا ہے چنانچہ ان میں سے ایک نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو دی، اس کا نام جدعاء تھا۔ وہ دونوں روانہ ہوگئے یہاں تک کہ اس غار پر آئے جو ثور پہاڑ میں ہے اور اس میں چھپ گئے۔ حضرت عامر بن فہیرہ جو عبداللہ بن طفیل بن سخبرہ کے غلام تھےجو حضرت عائشہؓ کے ماں کی طرف سے بھائی تھے اور حضرت ابوبکرؓ کی ایک دودھیل اونٹنی تھی جس کو حضرت عامر بن فہیرہؓ صبح چرانے کے لئے لے جاتے اور شام کو اُن کے پاس لے آتے تھے۔ وہ صبح کو اُٹھتے اور تھوڑی رات رہے دونوں کے پاس جاتے اور صبح ہونے سے پہلے پہلے (چراگاہ میں) چلے آتے۔ اس لئے چرواہوں میں سے کوئی بھی اُن سے آگاہ نہ ہوتا۔ جب آنحضرت ﷺ (اور حضرت ابوبکرؓ) چلے تو (حضرت عامربن فہیرہؓ) بھی ان کے ساتھ چلے۔ دونوں انہیں باری باری اپنے پیچھے بٹھا لیتے یہاں تک کہ مدینہ پہنچے۔ پھر حضرت عامر بن فہیرہؓ بئرمعونہ کے واقعہ میں شہید ہوئے۔ اور اسی سند کے ساتھ ابواسامہ سے مروی ہے، کہتے تھے: ہشام بن عروہ نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا، کہا: جب وہ لوگ بئرمعونہ میں قتل کئے گئے اور حضرت عمرو بن امیہ ضمریؓ قید کئے گئے تو عامر بن طفیل نے ان سے پوچھا: یہ کون ہے؟ اور اس نے ایک مقتول کی طرف اشارہ کیا تو عمرو بن امیہ نے جواب دیا: یہ عامر بن فہیرہؓ ہے۔ عامر بن طفیل نے کہا کہ میں نے (عامر بن فہیرہؓ کو) دیکھا کہ وہ قتل کئے جانے کے بعد آسمان کی طرف اُٹھائے گئے ہیں یہاں تک کہ میں اب بھی دیکھ رہا ہوں کہ آسمان ان کے اور زمین کے درمیان ہے۔ پھر وہ (زمین پر) اُتارے گئے۔نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو ان کی خبر پہنچی اور آپؐ نے ان کے قتل کئے جانے کی خبر صحابہؓ کو دی اور فرمایا: تمہارے ساتھی شہید ہوگئے ہیں اور انہوں نے اپنے ربّ سے دعا کی ہے کہ اے ہمارے ربّ! ہمارے متعلق ہمارے بھائیوں کو بتا کہ ہم تجھ سے خوش ہوگئے اور تو ہم سے خوش ہوگیا۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے ان کے متعلق بتایا اور اس دن ان کے ساتھ عروہ بن اسماء بن صلت بھی شہید ہوئے تھے اور عروہ (بن زبیر) کا نام انہی کے نام پر عروہ رکھا گیا اور ان شہیدوں میں سے حضرت منذر بن عمروؓ بھی تھے۔ انہی کے نام پر (حضرت زبیرؓ کے ایک لڑکے کا نام) منذر رکھا گیا۔
یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسحاق بن عبداللہ بن ابی طلحہ سے، انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ تیس دن تک ان لوگوں کے خلاف دعا کرتے رہے جنہوں نے بئرمعونہ میں آپؐ کے صحابہؓ کو قتل کردیا تھا۔ آپؐ رعل اور لحیان اور عصیّہ جس نے اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے بغاوت کی، کے خلاف دعا کر رہے تھے۔ حضرت انسؓ نے کہا: اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی (صلی اللہ علیہ وسلم) کو اُن لوگوں کی نسبت جو بئرمعونہ میں قتل کئے گئے تھے، قرآن نازل کیا جسے ہم پڑھتے رہے۔ آخر وہ پڑھنا بعد کو موقوف ہوگیا۔ وہ یہ تھا: ہماری قوم کو (یہ بات) پہنچا دو کہ ہم اپنے ربّ سے آملے ہیں۔ وہ ہم سے راضی ہوا اورہم اس سے راضی ہوگئے۔
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا۔ عاصم احول نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے نماز میں دعائے قنوت پڑھنے کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے کہا: ہاں درست ہے۔ میں نے کہا: رکوع سے پہلے پڑھا کرتے تھے یا بعد؟ انہوں نے کہا: رکوع سے پہلے۔ میں نے کہا: فلاں (یعنی محمد بن سیرین) نے تو آپ کے متعلق مجھے بتایا ہے کہ آپؓ نے رکوع کے بعد کہا تھا۔ انہوں نے کہا: غلط کہا ہے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تو رکوع کے بعد ایک مہینہ کھڑے ہوکر دعا کرتے رہے۔ اس کی وجہ یہ ہوئی کہ آپؓ نے کچھ لوگ جنہیں قاری کہتے تھے اور وہ ستر تھے بعض مشرکوں کے پاس بھیجے اور ان کے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے درمیان عہد تھا۔ (اس واقعہ سے) ظاہر ہوگیا کہ حملہ کرنے والے (بنوعامر نہ تھے بلکہ) دوسرے لوگ تھے (یعنی بنوسلیم)۔ اس لئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رکوع کے بعد مہینہ بھر اُن کے خلاف دعا کرتے رہے۔
(تشریح)