بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 40 hadith
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم اور حُصین سے، ان دونوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم انیس دن (فتح مکہ کے ایام میں) ٹھہرے تھے، نماز قصر کرتے رہے۔ اس لئے ہم اگر سفر میں انیس دن رہیں تو قصر کرتے ہیں اور اگر اس سے زیادہ ہوتو پوری نماز پڑھتے ہیں۔
ابومعمر نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا۔انہوں نے کہا: یحيٰ بن ابی اسحق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہم نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ( حجۃ الوداع میں) مدینہ سے مکہ جانے کے لئے نکلے۔ آپؐ دودورکعتیں پڑھتے رہے ۔ یہاں تک کہ ہم مدینہ واپس آگئے۔ میں نے پوچھا: کیا آپ لوگ مکہ میں کچھ ٹھہرے تھے؟ انہوں نے جواب دیا: ہم وہاں دس روز ٹھہرے تھے۔
مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نافع نے مجھے خبردی۔ حضرت عبداللہ (بن عمر) رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے منیٰ میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم اورحضرت ابوبکرؓ اورحضرت عمرؓ کے ساتھ دو رکعت نماز پڑھی اورحضرت عثمانؓ کے ساتھ بھی ان کی خلافت کے شروع میں دورکعت ہی نماز پڑھی۔ حضرت عثمانؓ بعد میں پوری نماز پڑھا کرتے تھے۔
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا، کہا: شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔( انہوں نے کہا:) ابواسحق (عمروبن عبداللہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے حارثہ بن وہب سے سنا۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے جبکہ آپؐ ہر طرح امن میں تھے، منیٰ میں دورکعت ہمیں نمازپڑھائی۔
اسحق بن ابراہیم حنظلی نے ہم سے بیان کیا، کہا: میںنے ابواسامہ سے کہا: عبیداللہ (عمری) نے آپ کو بتایا۔ انہوں نے نافع سے، انہوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: عورت تین دن کا سفر بغیر اپنے محرم رشتہ دار نہ کرے۔
ابونعیم نے ہم سے بیان کیا، کہا: سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن منکدر اور ابراہیم بن میسرہ سے، ان دونوں نے حضرت انس (بن مالک) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ مدینہ میں ظہر کی چار رکعتیں اور ذوالحلیفہ میں عصر کی دورکعتیں پڑھیں۔
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا، کہا: عبدالواحد (بن زیاد) نے ہمیں بتایا کہ اعمش سے مروی ہے۔انہوں نے کہا: ابراہیم( نخعی) نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے عبدالرحمن بن یزید سے سنا۔ کہتے تھے: حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ نے منیٰ میں ہمیں چار رکعتیں پڑھائیں۔ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کو اس کے متعلق بتایا گیا تو انہوں نے اِنَّالِلّٰہِ پڑھا پھر کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ منیٰ میں دورکعتیں پڑھیں اور حضرت ابوبکر (صدیق) رضی اللہ عنہ کے ساتھ منیٰ میں دورکعتیں پڑھیں اور حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ کے ساتھ بھی منیٰ میں دورکعتیں پڑھیں۔ کاش ! مجھے ان چار رکعتوں کے بدلے میں دومقبول رکعتیں نصیب ہوں۔
(تشریح)موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا، کہا: وُہیب (بن خالد) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ایوب (سختیانی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالعالیہ براء سے، براء نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپؐ کے صحابہؓ چوتھی ذوالحج کی صبح کو حج کے لئے لبیک پکارتے ہوئے آئے اور آپؐ نے ان کو حکم دیا کہ (حج) کو عمرہ کردیں سوائے اس شخص کے جس کے ساتھ قربانی ہو۔ (ابوالعالیہ کی طرح) عطاء (بن ابی رباح) نے بھی حضرت جابرؓ سے یہ روایت کی ہے۔
(تشریح)مسدد نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ(بن سعید قطان) نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ سے مروی ہے ۔ انہوں نے نافع سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓنے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: کوئی عورت تین دن کا سفر نہ کرے سوا ئے اس کے کہ اس کے ساتھ کوئی محرم رشتہ دار ہو۔ (مسدد کی طرح) احمد (بن محمد مروزی) نے (عبداللہ) بن مبارک سے، انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمرؓ سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے یہی روایت کی۔
آدم نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابن ابی ذئب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: سعید مقبری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی ۔ انہوں نے کہا: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کسی عورت کے لئے جو اللہ اور یوم آخرت پر یقین رکھتی ہو، جائز نہیں کہ وہ ایسی حالت میں ایک رات دن کی مسافت کا سفر کرے کہ اس کے ساتھ کوئی محرم رشتہ دار نہ ہو۔ (ابن ابی ذئب کی طرح) یحيٰ ابن ابی کثیر، سہیل اور مالک نے بھی مقبری سے، اور انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے یہ روایت بیان کی ہے ۔
(تشریح)