بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 505 hadith
محمد بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (بن سعید قطان)نے ہمیں بتایا کہ ہشام (بن عروہ) نے ہم سےبیان کیا۔انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے۔ انہوں نے فرمایا: عاشورہ کا دن ایسا تھا کہ اس روز قریش زمانہ جاہلیت میں روزہ رکھا کرتے تھے اور نبی صلی ا للہ علیہ وسلم بھی اس دن روزہ رکھتے۔ جب آپؐ مدینہ آئے آپؐ نے اس دن روزہ رکھا اور لوگوں سے بھی فرمایا کہ وہ اس دن روزہ رکھیں۔ جب رمضان (کے بارے میں حکم) نازل ہواتو رمضان فرض ہوگیا اور عاشورہ چھوڑ دیا گیا۔ پھر یہ ہوتا کہ جو چاہتا اس دن روزہ رکھتا اور جو چاہتا اس دن روزہ نہ رکھتا۔
(تشریح)عیاش بن ولید نے ہمیں بتایا کہ عبدالاعلیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے (سورۂ بقرہ کی آیت نمبر ۱۸۵ کو ) یوں پڑھا: فِدْيَةٌ طَعَامُ مَسَاكِيْنَ۔ کہا: یہ منسوخ ہے۔
عبید اللہ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا ۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے حضرت براء (بن عازبؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: (عرب) لوگ زمانہ جاہلیت میں جب احرام میں ہوتے تو گھر میں اس کے پچھواڑے کی طرف سے آتے۔ اس لئے اللہ نے یہ آیت نازل کی: نیکی یہ نہیں ہے کہ تم گھروں میں ان کے پچھواڑے کی طرف سے آؤ۔ بلکہ نیکی تو اس شخص کی ہے جو بدیوں سے بچا اور تم گھروں میں ان کے دروازوں سے آیا کرو۔
اسحاق (بن راہویہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ روح( بن عبادہ) نے ہمیں خبردی کہ زکریا بن اسحاق نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن دینار نے ہمیں بتایا۔ عطاء(بن ابی رباح) سے روایت ہے کہ انہوں نےحضرت ابن عباسؓ کو یوں پڑھتے ہوئے سنا: وَعَلَى الَّذِيْنَ يُطَوَّقُونَهُ یعنی جو اپنی طاقت سے بڑھ کر تکلیف سے روزہ رکھتے ہیں (وہ بے شک روزہ نہ رکھیں) ان پر فدیہ دینا ضروری ہوگا ایک آدمی کا کھانا۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: یہ(حکم) منسوخ نہیں، اس سے مراد بہت ہی بوڑھا شخص اور بہت ہی بوڑھی عورت ہے جو روزہ رکھنے کی طاقت نہیں رکھتے وہ ہرروز کا فدیہ ایک مسکین کو کھلائیں۔
(تشریح)قتیبہ(بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ بکر بن مُضر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن حارث سے، عمرو نے بُکَیر بن عبداللہ سے، بُکَیر نے حضرت سلمہ بن اکوَعؓ کے آزاد کردہ غلام یزید سے، یزید نے حضرت سلمہ(بن اکوَعؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: وَ عَلَى الَّذِيْنَ يُطِيْقُوْنَهٗ فِدْيَةٌ طَعَامُ مِسْكِيْنٍ جو روزہ نہ رکھتا اور فدیہ دینا چاہتا تو ایسا کرلیتا، یہاں تک کہ وہ آیت جو اس کے بعد ہے نازل ہوئی۔ (یعنی فَمَنْ شَهِدَ مِنْكُمُ الشَّهْرَ فَلْيَصُمْهُ ) تو اس آیت نے اس کو منسوخ کردیا۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: بُکَیر(جو یزید کے شاگرد تھے) یزید سے پہلے فوت ہوگئے۔
(تشریح)عبیداللہ(بن موسیٰ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نےحضرت براء( بن عازبؓ) سے روایت کی۔ اور ہمیں احمد بن عثمان نے بتایا کہ شُریح بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم بن یوسف نے مجھے بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے ، ان کے باپ نے ابواسحاق سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نےحضرت براء رضی اللہ عنہ سے سنا: جب رمضان میں روزہ رکھنے کا حکم ہوا تو لوگ رمضان بھر عورتوں کے قریب نہیں جاتے تھے اور اپنے نفسوں کی حق تلفی کرتے تھے۔ اس لئے اللہ نے یہ وحی نازل کی: عَلِمَ اللّٰهُ اَنَّكُمْ كُنْتُمْ تَخْتَانُوْنَ اَنْفُسَكُمْ- اللہ کو علم ہے کہ تم اپنے نفسوں کی حق تلفی کرتے تھے، اس لئے اس نے تم پر رحم کیا اورتم سے درگزر کیا۔
(تشریح)موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین (بن عبدالرحمٰن) سے، حصین نے (عامر) شعبی سے، شعبی نے حضرت عدی(بن حاتمؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت عدیؓ نے ایک سفید ڈوری اور ایک سیاہ ڈوری لی۔ کچھ رات گزری، انہوں نے دیکھا تو کچھ امتیاز نہ کرسکے۔ جب صبح ہوئی انہوں نے کہا: یا رسول اللہ ! میں نے اپنے تکیے کے نیچے دو ڈوریاں رکھی تھیں۔ آپؐ نے فرمایا: تب تو تمہارا تکیہ بہت ہی لمبا چوڑا ہے، اس لئے کہ سفید اور سیاہ دھاری تمہارے تکیہ کے نیچے سماگئی۔
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مطرف سے، مطرف نے شعبی سے، شعبی نےحضرت عدی بن حاتم ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! الْخَيْطُ الْاَبْيَضُ مِنَ الْخَيْطِ الْاَسْوَدِ سے کیا مراد ہے؟ کیا یہ دو دھاگے ہیں؟ آپؐ نے فرمایا: تمہاری گُدّی تو بہت چوڑی ہے اگر تم نے ان دھاریوں کو دیکھ لیا ۔ پھر فرمایا: نہیں، اس سے مراد رات کی سیاہی اور دن کی سفیدی ہے۔
(سعید) بن ابی مریم نے ہمیں بتایا۔ ابوغسان محمدبن مطرف نے ہم سے بیان کیا کہ ابوحازم (سلمہ بن دینار) نے مجھے بتایا کہ حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: یہ آیت جو نازل ہوئی : اس وقت تک کھاؤ اور پئو کہ تمہارے لئے سفید دھاری سیاہ دھاری سے نمایاں ہوجائے، اور(اس میں) مِنَ الْفَجْرِ کے الفاظ نازل نہیں ہوئے اور کچھ لوگ ایسے تھے کہ جب وہ روزہ رکھنا چاہتے تو ان میں سے ایک اپنے پاؤں میں سفید دھاگہ اور سیاہ دھاگہ باندھ لیتا اور کھاتا رہتا۔ یہاں تک کہ ان کو الگ الگ دیکھ لیتا۔ اس لئے اللہ نے اس کے بعد یہ الفاظ نازل کئے یعنی مِنَ الْفَجْرِاور اس سے انہوں نے جان لیا کہ اس کے تو معنی رات کا دن سے نمایاں ہونا ہے۔
(تشریح)محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ عبدالوہاب نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ(عمری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت (عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ حضرت (عبداللہ) بن زبیرؓ کے فتنے کے وقت اُن کے پاس دو شخص آئے، کہنے لگے: (آپؓ دیکھتے ہیں) جو لوگوں نے کیا ہے اورآپؓ حضرت عمرؓ کے بیٹے اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے صحابی ہیں، (ایسے وقت میں) آپؓ کو نکلنے سے کیا روک ہے؟ آپؓ نے فرمایا: مجھے یہ بات روکتی ہے کہ اللہ نے میرے بھائی کا خون حرام قرار دیا ہے۔ (یہ سن کر) ان دونوں نے کہا: کیا اللہ نے یہ نہیں فرمایا: تم اس وقت تک اُن سے لڑتے رہو کہ فتنہ نہ رہے۔ حضرت ابن عمرؓ نے جواب دیا: ہم لڑتے رہے یہاں تک کہ فتنہ نہ رہا اور دین اللہ ہی کی خاطر ہوگیا اور تم اس لئےلڑنا چاہتے ہو کہ فتنہ ہو اور دین اللہ کے سوا اَوروں کی خاطر ہوجائے۔