بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 5 of 505 hadith
عمر بن حفص (بن غیاث) نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا ۔ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ عمرو بن مرہ نے مجھے بتایا۔ اُنہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابنِ عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ ابو لہب نے کہا:تم پر تباہی ہو، کیا اس لیے تم نے ہمیں اکٹھا کیا تھا۔اس وقت یہ سورۃ نازل ہوئی تَبَّتْ يَدَاۤ اَبِيْ لَهَبٍ۔
(تشریح)ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ ابوالزناد نے ہم سے بیان کیا۔ اُنہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی، آپؐ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ابن آدم نے مجھے جھٹلایا اور اُسے یہ نہیں چاہیے تھا اور اس نے مجھے گالی دی اور اُسے یہ نہیں چاہیے تھا۔ جو اس کا مجھے جھٹلانا ہے تو اس کا یہ کہنا ہے کہ وہ مجھے دوبارہ ہرگز پیدا نہیں کرے گا جیسا کہ اس نے پہلے پہل پیدا کیا۔ حالانکہ میرے لئے پہلی پیدائش اس کو دوبارہ پیدا کرنے سے زیادہ آسان نہیں اور جو اس کا مجھے گالی دینا ہے تو اس کا یہ کہنا ہے کہ اللہ نے ایک بیٹا بنایا۔ حالانکہ میں اکیلا ہوں، بے نیاز ہوں، نہ میں نے جنا اور نہ جنا گیا اور کوئی بھی میرے جوڑ کا نہیں۔
(تشریح)اسحاق بن منصور نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔معمر نے ہمیں خبر دی۔ اُنہوں نے ہمام (بن منبہ) سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی، انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:) ابن آدم نے مجھے جھٹلایا اور اس کو یہ نہیں چاہیے تھا اور اس نے مجھے گالی دی اور اسے یہ نہیں چاہیئے تھا اور جو اس کا مجھے جھٹلانا ہے تو اس کا یہ کہنا ہے کہ میں اس کو ہرگز دوبارہ پیدا نہیں کروں گا جس طرح کہ پہلے پیدا کیا اور جو اس کا مجھے گالی دینا ہے تو اس کا یہ کہنا ہے کہ اللہ نے ایک بیٹا بنا لیا۔ حالانکہ میں بے نیاز (بادشاہ) ہوں کہ میں نے نہ جنا اور نہ جنا گیا اور نہ ہی کوئی میرا ہمسر ہے یعنی نہ اس نے کسی کو جنا ہے اور نہ وہ جنا گیا ہے۔اور (اس کی صفات میں) اس کا کوئی بھی شریکِ کار نہیں۔ كُفُؤًااور كَفِيئًا اور كِفَاءً سب ایک ہی ہیں۔
(تشریح)علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیاکہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔عبدہ بن ابی لبابہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے زرّ بن حُبَیش سے روایت کی۔ (سفیان نے کہا۔)نیز عاصم (بن ابی نجود) نے بھی ہمیں بتایا۔ انہوں نے زرّ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت اُبَیّ بن کعبؓ سے پوچھا۔ میں نے کہا: ابومنذر! آپؓ کے بھائی حضرت ابن مسعودؓ ایسا ایسا کہتے ہیں تو حضرت اُبَیؓ نے کہا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پوچھا تو آپؐ نے مجھے فرمایا: مجھے کہا گیا (کہ کہو) میں نے بھی ویسا کہا، حضرت اُبَیؓ کہتے تھے: اس لئے ہم بھی ویسے ہی کہتے ہیں جو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا۔
(تشریح)