بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 6 of 116 hadith
عبداللہ بن سائب سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت عبداللہ بن معقلؓ سے مزارعت (زمین ٹھیکے پر دینے) کی بابت پوچھا۔ انہوں نے کہا مجھے حضرت ثابتؓ بن ضحاک نے بتایا کہ رسول اللہﷺ نے مزارعت سے منع فرمایا۔ ایک اور روایت میں (نَھٰی عَنِ الْمُزَارَعَۃِ کی بجائے) نَھٰی عَنْھَا کے الفاظ ہیں۔
عبداللہ بن سائب کہتے ہیں کہ ہم حضرت عبداللہ بن معقلؓ کے پاس گئے تو ہم نے ان سے مزارعت کے بارہ میں پوچھا۔ انہوں نے کہا کہ ثابتؓ خیال کرتے تھے کہ رسول اللہﷺ نے مزارعت (یعنی کھیتی ٹھیکہ پر دینے سے) منع فرمایا اور اجرت پر دینے کا حکم دیا اور فرمایا اس میں حرج نہیں۔
مجاہدنے طاؤس سے کہا ہمارے ساتھ حضرت رافع بن خدیج ؓ کے پاس چلو اور ان سے ان کے والد کے واسطہ سے نبیﷺ کی حدیث سنو۔ راوی کہتے ہیں انہوں نے انہیں ڈانٹا تو انہوں نے کہا خدا کی قسم! اگر مجھے علم ہوتا کہ رسول اللہﷺ نے اس سے منع فرمایا ہے تو میں ایسا نہ کرتا لیکن مجھے اس نے حدیث سنائی جو اس بارہ میں اُن سے زیادہ عالم ہیں یعنی حضرت ابن عباسؓ کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا ایک شخص کا اپنے بھائی کو زمین دے دینا اس کے لئے زیادہ بہتر ہے بہ نسبت اس کے کہ وہ اس پر کوئی معیّن ٹھیکہ لے۔
طاؤس سے روایت ہے کہ وہ زمین ٹھیکے پر دیتے تھے۔ عمرو کہتے ہیں میں نے ان کو کہا اے ابوعبدالرحمان کاش! آپ ٹھیکے پر زمین دینا چھوڑ دیں کیونکہ لوگ کہتے ہیں کہ نبیﷺ نے زمین ٹھیکے پر دینے سے منع فرمایاہے۔ انہوں نے کہا اے عمرو! مجھے اس نے بتایا جو اس بارہ میں اُن سے زیادہ عالم ہیں یعنی حضرت ابن عباسؓ نے کہ نبیﷺ نے اس سے منع نہیں فرمایا تھا۔ آپؐ نے تو فرمایا تھاکہ تم میں سے ایک شخص اپنے بھائی کو (زمین) دے دے تو اس کے لئے زیادہ بہتر ہے بہ نسبت اس کے کہ وہ اس پر معیّن کرایہ وغیرہ لے۔
ابن طاؤس اپنے والد سے اور وہ حضرت ابن عباسؓ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا تم میں سے کسی شخص کا اپنے بھائی کو زمین دینا اس کے لئے اس سے بہتر ہے کہ وہ اس پر اتنی اتنی کوئی معیّن چیز لے۔ راوی کہتے ہیں حضرت ابن عباسؓ نے کہایہ حقل ہے جسے انصار کی زبان میں محاقلہ کہتے ہیں۔ (یعنی ٹھیکے پر زمین دینا)
حضرت ابن عباسؓ سے مروی ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا کہ جس کی زمین ہو تو اس کے لئے بہتر ہے کہ وہ اسے اپنے بھائی کو دے دے۔