بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 26 hadith
ابو سلمہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں کوئی خواب دیکھتا تو بیمار ہو جاتالیکن مجھ پرکپڑا نہ ڈالا جاتایہانتک کہ میں حضرت ابو قتادہؓ سے ملا اور انہیں اس بارہ میں بتایا تو انہوں نے کہا میں نے رسول اللہﷺ کوفرماتے سنا ہے اچھا خواب اللہ کی طرف سے اور بُرا خواب شیطان کی طرف سے ہوتا ہے۔ پس جب تم میں سے کوئی خواب دیکھے جسے وہ ناپسند کرتا ہے تو وہ تین دفعہ اپنے بائیں طرف تھو تھو کر دے اور اس کے شر سے بچنے کے لئے اللہ کی پناہ مانگے تو یہ (خواب) ہر گز اسے نقصان نہیں پہنچائے گا۔ ایک اور روایت میں کُنْتُ أَرَی الرُّؤْیَا أُعْرَی مِنْہَا غَیْرَ أَنِّی لَا أُزَمَّلُ کے الفاظ نہیں ہیں۔ اور ایک روایت میں أُعْرَی مِنْہَا کے الفاظ نہیں ہیں جبکہ ایک روایت میں یہ اضافہ ہے کہ جب وہ نیند سے بیدار ہو تو اپنی بائیں جانب تین بار تھوتھو کرے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایامؤمن کی رؤیا نبوت کے اجزاء میں سے چھیالیسواں جزء ہے۔
ابو سلمہ بن عبدالرحمان بیان کرتے ہیں کہ حضرت ابو قتادہؓ نے بتایا کہ میں نے رسول اللہﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ اچھا خواب اللہ کی طرف سے ہے اور بُرا خواب شیطان کی طرف سے ہے اس لئے جب تم میں سے کوئی ایسی بات دیکھے جسے وہ ناپسند کرتا ہے تو اپنے بائیں طرف تین بار تھو تھو کرے اور اس کے شر سے اللہ کی پناہ طلب کرے تو یہ (خواب) اسے نقصان نہیں پہنچائے گا۔ وہ (ابوسلمہ) کہتے ہیں میں ایسا خواب دیکھتا تھا جو مجھ پر پہاڑ سے بھی زیادہ بوجھل ہوتا۔ جب سے میں نے یہ حدیث سنی ہے میں (اب ایسے خواب) کی پرواہ نہیں کرتا۔ایک اور روایت میں ابو سلمہ کے اس قول کا ذکر نہیں ہے اور ایک روایت میں یہ مزید ہے کہ پھر وہ اپنے پہلو کوجس پروہ تھابدل دے۔
حضرت ابو قتادہؓ سے مروی ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا اچھا خواب اللہ کی طرف سے ہے اور بُرا خواب شیطان کی طرف سے۔ پس جو شخص خواب دیکھے جسے وہ ناپسند کرتا ہے تو وہ اپنے بائیں تھوتھو کرے اور شیطان کے (شر سے)اللہ تعالیٰ کی پناہ طلب کرے تو وہ(خواب) اُسے نقصان نہیں پہنچائے گااور وہ یہ (خواب)کسی کو نہ بتائے۔ اور اگر وہ اچھا خواب دیکھے تو خوش ہو اور سوائے اس کے جس سے وہ محبت رکھتا ہو کسی کو نہ بتائے۔
ابو سلمہ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں میں رؤیا دیکھا کرتا تھا جو مجھے بیمار کر دیتی تھی۔ وہ کہتے ہیں میں حضرت ابو قتادہؓ سے ملا تو انہوں نے کہا میں (بھی) ایسا خواب دیکھتا جس سے میں بیمار ہو جاتا یہانتک کہ میں نے رسول اللہﷺ کو یہ فرماتے سنا اچھی رؤیا اللہ کی طرف سے ہے۔ اس لئے جب تم میں سے کوئی (ایسی رؤیا) دیکھے جسے وہ پسند کرتا ہے تو نہ بتائے مگر اس کو جس سے وہ محبت کرتا ہے اور اگر وہ کوئی ایسا (خواب) دیکھے جسے وہ ناپسند کرتا ہے تو وہ تین بار اپنے بائیں تھو تھوکرے اور شیطان کے شر سے اور اس (خواب)کے شر سے اللہ کی پناہ طلب کرے اور یہ (خواب) کسی کے پاس بیان نہ کرے تو وہ(خواب) اسے نقصان نہ دے گا۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی ایسا خواب دیکھے جسے وہ ناپسند کرتا ہے تو وہ تین دفعہ اپنے بائیں تھوکے اور تین بار شیطان (کے شر)سے اللہ کی پناہ طلب کرے اور جس پہلو پر وہ ہو اس کو بدل دے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا جب زمانہ(اپنے اختتام کے) قریب ہوگا تو مسلمان کی رؤیا بالعموم جھوٹی نہ ہوگی اور تم میں سے سب سے سچا خواب اس کا ہوگا جو تم میں سے اپنی گفتار میں سب سے سچا ہوگا اور مسلمان کا خواب نبوت کے پنتالیس اجزاء میں سے ایک جزء ہے اور خواب تین قسم کا ہوتا ہے۔ رؤیا صالحہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے خوشخبری ہے اور افسردہ کرنے والا خواب شیطان کی طرف سے ہے اور ایک خواب حدیث النفس ہوتا ہے۔ پس اگر کوئی شخص ایسا خواب دیکھے جسے وہ ناپسند کرتا ہے تو اُسے چاہے کہ وہ اٹھے اور نماز پڑھے اور وہ اِسے (خواب کو) لوگوں کے پاس بیان نہ کرے اور انہوں نے کہا میں بیڑی (دیکھنا)پسند کرتا ہوں اور طوق (دیکھنا) ناپسند کرتا ہوں اور بیڑیوں کی تعبیر دین میں ثابت قدمی ہے۔ راوی کہتے ہیں میں نہیں جانتا کہ یہ حدیث کے الفاظ ہیں یا ابن سیرین کا قول ہے۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا میں بیڑی(دیکھنا) پسند کرتا ہوں اور طوق (دیکھنا) ناپسند کرتا ہوں۔ اور بیڑیاں (دیکھنے کی)تعبیردین میں ثابت قدمی ہے اور نبیﷺ نے فرمایاہے مؤمن کا خواب نبوت کا چھیالیسواں حصہ ہے۔ ایک اور روایت حضرت ابو ہریرہؓ سے اسی طرح مروی ہے لیکن اس میں عَنِ النَّبِیِّﷺ کے الفاظ نہیں ہیں۔ ایک اور روایت میں وَأَکْرَہُ الْغُلَّ۔ ۔ ۔ الخ۔ اپنی بات شامل کر دی ہے اور الرُّؤْیَا جُزْء ٌ مِنْ سِتَّۃٍ وَأَرْبَعِینَ جُزْء ًا مِنَ النُّبُوَّۃِ کے الفاظ نہیں ہیں۔
حضرت عبادہ بن صامتؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا مؤمن کا خواب نبوت کا چھیالیسواں حصہ ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا ایک مسلمان کی رؤیا جو وہ (اپنے لئے) دیکھتا ہے یا اس کے لئے کسی اور کو دکھائی جاتی ہے نبوت کا چھیالیسواں حصہ ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا نیک شخص کا خواب نبوت کے اجزاء کا چھیالیسواں جزء ہے۔