حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں کہ ہم نبیﷺ کے ساتھ ایک سفر میں تھے وہ کہتے ہیں کہ لوگوں کے توشے ختم ہو گئے یہاں تک کہ آپؐ نے ان کے کچھ سواری کے اونٹ ذبح کرنے کا ارادہ فرمایا۔ اس پر حضرت عمرؓ نے کہا یا رسول اللہ!کیوں نہ آپؐ لوگوں کے باقی ماندہ زاد سفر جمع کرکے اس پر دعا کریں۔ راوی کہتے ہیں آپؐ نے ایسا ہی کیا۔ وہ کہتے ہیں جس کے پاس گندم تھی وہ گندم لے آیا اور کھجور والا کھجور لے آیا۔ مجاہد کہتے ہیں کہ جس کے پاس گٹھلی تھی وہی لے آیا۔ میں نے کہا وہ گٹھلی سے کیا کرتے تھے؟ انہوں نے کہا اس کو چوستے تھے اور اوپر سے پانی پی لیتے تھے۔ راوی کہتے ہیں آپؐ نے ان پر دعا کی اور لوگوں نے اپنے توشہ دان ان سے بھر لئے۔ اس وقت آپؐ نے فرمایا: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور میں اللہ کا رسولؐ ہوں۔ اللہ سے جو بندہ ان دونوں (شہادتوں ) کے ساتھ اس حال میں ملے گا کہ اس کو ان دونوں باتوں پر شک نہیں ہو گا تو ضرور جنت میں داخل ہو گا۔
حضرت ابو ہریرہؓ یا حضرت ابو سعیدؓ (اعمش کو شک ہے) سے روایت ہے کہ جب غزوئہ تبوک کے دن تھے تو لوگوں کو سخت بھوک لگی۔ انہوں نے کہا یا رسول اللہ ! اگر آپؐ ہمیں اجازت دیں تو ہم اپنے پانی لانے والے اونٹ ذبح کرلیں اور ہم کھائیں اور چکنائی استعمال کریں۔ آپؐ نے فرمایا کر لو۔ راوی کہتے ہیں اس پر حضرت عمرؓ آئے اور عرض کیا یا رسول اللہ! اگر آپؐ نے ایسا کیا تو سواریاں کم ہو جائیں گی ہاں لوگوں کو اپنا باقی ماندہ زاد راہ لانے کا ارشاد فرمائیں اور پھر ان کے لئے اس پر برکت کے لئے دعا کریں۔ بعیدنہیں کہ اللہ تعالیٰ اس میں برکت رکھ دے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا: ہاں۔ راوی کہتے ہیں آپؐ نے ایک چمڑے کا دسترخوان منگوایا اور بچھا دیا اور پھر ان کے باقی ماندہ زاد منگوائے۔ راوی کہتے ہیں کوئی مٹھی بھر مکئی لایااور کوئی مٹھی بھر کھجوریں اور کوئی روٹی کا ٹکڑ اوغیرہ لے آیا یہاں تک کہ اس دستر خوان پراس میں سے کچھ تھوڑاسا اکٹھا ہو گیا۔ راوی کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے اس پر برکت کی دعا کی، پھر فرمایا: اپنے برتنوں میں لے لو۔ انہوں نے برتنوں میں اس کو لے لیا یہاں تک کہ لشکر میں کوئی برتن نہ چھوڑا مگر اس کو بھر لیا پھر سب نے کھایا اور سیر ہو گئے اور کچھ بچ بھی گیا۔ تب رسول اللہﷺ نے فرمایا: میں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودنہیں اور میں اللہ کا رسولؐ ہوں اور جو شخص بغیر کسی شک کے ان دونوں (شہادتوں ) کے ساتھ خدا سے ملے گاوہ جنت سے روکا نہیں جائے گا۔
حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایاجس نے کہامیں گواہی دیتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبودنہیں، وہ ایک ہے اس کا کوئی شریک نہیں اور محمدؐ اس کے بندے اور اس کے رسولؐ ہیں اور یہ کہ عیسٰی اللہ کا بندہ اور اس کی بندی کا بیٹا ہے اور اس کا کلمہ ہے جو اس نے مریم کی طرف القاء کیا اور اس کی طرف سے ایک روح ہے اور یہ کہ جنت حق ہے اور جہنم حق ہے۔ اللہ تعالیٰ اسے جنت کے آٹھ دروازوں میں سے جس سے چاہے گا جنت میں داخل کرے گا۔ عمیر بن ھانی اسی سندسے یہی روایت کرتے ہیں سوائے اس کے کہ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ اس کو جنت میں داخل کرے گا جو بھی اس کا عمل ہواور یہ ذکر نہیں کیا کہ جنت کے آٹھ دروازوں میں سے جس میں سے چاہے۔
صُنابِحِی سے روایت ہے کہ میں حضرت عبادہ بن صامتؓ کے پاس گیا جب کہ وہ موت کے قریب تھے۔ میں رو پڑا تو انہوں نے کہاٹھہرو، کیوں رو رہے ہو؟ خدا کی قسم اگر مجھ سے گواہی طلب کی جائے تو میں تمہارے حق میں گواہی دوں گا اور مجھے شفاعت کا حق دیا گیاتو میں تمہاری شفاعت کروں گااور اگر مجھے طاقت ہوئی تو میں تجھے فائدہ پہنچاؤں گا۔ پھر انہوں نے کہا: اللہ کی قسم ہر حدیث جو میں نے رسول اللہﷺ سے سنی تھی جس میں تمہارے لئے بھلائی تھی وہ میں نے تمہارے سامنے بیان کر دی ہے سوائے ایک حدیث کے جو میں آج تمہیں بتاؤں گاجبکہ میں موت کی گرفت میں ہوں میں نے رسول اللہﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے کہ جس نے گواہی دی کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور محمدؐ اللہ کے رسولؐ ہیں اللہ تعالیٰ نے اس پر آگ حرام کر دی ہے۔
حضرت معاذ بن جبلؓ کہتے ہیں کہ میں سواری پر نبیﷺ کے پیچھے بیٹھا ہو اتھا۔ میرے اور آپؐ کے درمیان کجاوہ کا پچھلا حصہ تھا۔ آپؐ نے فرمایا: اے معاذ بن جبل! میں نے کہا: میں حاضر ہوں یا رسول اللہ ! اور یہ میری سعادت ہے۔ پھر آپؐ تھوڑی دیر چلے اور فرمایا: اے معاذ بن جبل! میں نے پھر عرض کیا: لبیک یا رسول اللہ! میری سعادت ہے۔ پھر آپؐ تھوڑی دیر چلے اور فرمایا اے معاذ بن جبل ! میں نے عرض کیا لبیک یا رسول اللہ! میری سعادت ہے۔ فرمایا: کیا تم جانتے ہو کہ اللہ کا بندوں پر کیا حق ہے؟ میں نے کہا: اللہ اور اس کا رسولؐ بہتر جانتے ہیں۔ فرمایا: اللہ کا بندوں پر یہ حق ہے کہ وہ اس کی عبادت کریں اور کسی کو اس کا شریک نہ بنائیں۔ پھر آپؐ کچھ دیر چلے اور فرمایا: اے معاذ بن جبل! میں نے کہا: لبیک یا رسول اللہ ! میری سعادت ہے۔ فرمایا کیا تم جانتے ہو کہ بندوں کا اللہ پر کیا حق ہے جب وہ ایسا کریں؟ میں نے کہا اللہ اور اس کا رسولؐ بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایایہ کہ وہ انہیں عذاب نہ دے۔
حضرت معاذ بن جبلؓ کہتے ہیں کہ میں رسول اللہﷺ کے پیچھے ایک گدھے پرجس کا نام عُفَیْر تھا بیٹھا ہوا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: اے معاذ! کیا تم جانتے ہو کہ اللہ کا بندوں پر کیا حق ہے اور بندوں کا اللہ پر کیا حق ہے؟ میں نے کہا : اللہ اور اس کا رسولؐ بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: اللہ کاحق بندوں پر یہ ہے کہ وہ اللہ کی عبادت کریں اور کسی کو اس کا شریک نہ بنائیں اور بندوں کا اللہ عزوجل پر یہ حق ہے کہ جو اس کا کسی کو شریک نہ بنائے وہ اس کو عذاب نہ دے۔ میں نے کہا یا رسول اللہ ! کیا میں لوگوں کو یہ بشارت نہ دوں؟ آپؐ نے فرمایا: ان کو یہ نہ بتانا ورنہ وہ اس پر تکیہ کر بیٹھیں گے۔
عَنِ الأَسْوَدِ بْنِ هِلاَلٍ قَالَ سَمِعْتُ مُعَاذًا يَقُولُ دَعَانِي رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَأَجَبْتُهُ فَقَالَ
هَلْ تَدْرِي مَا حَقُّ اللَّهِ عَلَى النَّاسِ
. نَحْوَ حَدِيثِهِمْ .
حضرت معاذ بن جبلؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایااے معاذ! کیا تم جانتے ہو کہ اللہ کا بندوں پر کیا حق ہے؟ انہوں نے کہا: اللہ اور اس کا رسولؐ بہتر جانتے ہیں۔ فرمایا(حق یہ ہے) کہ اللہ کی عبادت کی جائے اور کسی کو اس کا شریک نہ بنایا جائے۔ پھرآپؐ نے فرمایا: کیا تم جانتے ہو کہ بندوں کا اللہ پر کیا حق ہے اگر وہ ایسا کریں؟ میں نے کہا اللہ اور اس کا رسولؐ ہی بہتر جانتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایایہ کہ وہ انہیں عذاب نہ دے۔
اسودبن ھلال کہتے ہیں کہ میں نے حضرت معاذ ؓ کو کہتے سنا کہ مجھے رسول اللہﷺ نے بلایا میں نے لبیک کہا۔ آپؐ نے فرمایا تم جانتے ہو کہ اللہ کالوگوں پر کیا حق ہے؟ باقی روایت اُن کی روایت کے مطابق ہے۔
حَدَّثَنِي زُهَيْرُ بْنُ حَرْبٍ حَدَّثَنَا عُمَرُ بْنُ يُونُسَ الْحَنَفِيُّ حَدَّثَنَا عِكْرِمَةُ بْنُ عَمَّارٍ قَالَ حَدَّثَنِي أَبُو كَثِيرٍ قَالَ حَدَّثَنِي أَبُو هُرَيْرَةَ قَالَ كُنَّا قُعُودًا حَوْلَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مَعَنَا أَبُو بَكْرٍ وَعُمَرُ فِي نَفَرٍ فَقَامَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مِنْ بَيْنِ أَظْهُرِنَا فَأَبْطَأَ عَلَيْنَا وَخَشِينَا أَنْ يُقْتَطَعَ دُونَنَا وَفَزِعْنَا فَقُمْنَا فَكُنْتُ أَوَّلَ مَنْ فَزِعَ فَخَرَجْتُ أَبْتَغِي رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم حَتَّى أَتَيْتُ حَائِطًا لِلأَنْصَارِ لِبَنِي النَّجَّارِ فَدُرْتُ بِهِ هَلْ أَجِدُ لَهُ بَابًا فَلَمْ أَجِدْ فَإِذَا رَبِيعٌ يَدْخُلُ فِي جَوْفِ حَائِطٍ مِنْ بِئْرٍ خَارِجَةٍ - وَالرَّبِيعُ الْجَدْوَلُ - فَاحْتَفَزْتُ كَمَا يَحْتَفِزُ الثَّعْلَبُ فَدَخَلْتُ عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَقَالَ أَبُو هُرَيْرَةَ . فَقُلْتُ نَعَمْ يَا رَسُولَ اللَّهِ . قَالَ مَا شَأْنُكَ . قُلْتُ كُنْتَ بَيْنَ أَظْهُرِنَا فَقُمْتَ فَأَبْطَأْتَ عَلَيْنَا فَخَشِينَا أَنْ تُقْتَطَعَ دُونَنَا فَفَزِعْنَا فَكُنْتُ أَوَّلَ مَنْ فَزِعَ فَأَتَيْتُ هَذَا الْحَائِطَ فَاحْتَفَزْتُ كَمَا يَحْتَفِزُ الثَّعْلَبُ وَهَؤُلاَءِ النَّاسُ وَرَائِي فَقَالَ يَا أَبَا هُرَيْرَةَ . وَأَعْطَانِي نَعْلَيْهِ قَالَ اذْهَبْ بِنَعْلَىَّ هَاتَيْنِ فَمَنْ لَقِيتَ مِنْ وَرَاءِ هَذَا الْحَائِطِ يَشْهَدُ أَنْ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ مُسْتَيْقِنًا بِهَا قَلْبُهُ فَبَشِّرْهُ بِالْجَنَّةِ فَكَانَ أَوَّلَ مَنْ لَقِيتُ عُمَرُ فَقَالَ مَا هَاتَانِ النَّعْلاَنِ يَا أَبَا هُرَيْرَةَ . فَقُلْتُ هَاتَانِ نَعْلاَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم بَعَثَنِي بِهِمَا مَنْ لَقِيتُ يَشْهَدُ أَنْ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ مُسْتَيْقِنًا بِهَا قَلْبُهُ بَشَّرْتُهُ بِالْجَنَّةِ . فَضَرَبَ عُمَرُ بِيَدِهِ بَيْنَ ثَدْيَىَّ فَخَرَرْتُ لاِسْتِي فَقَالَ ارْجِعْ يَا أَبَا هُرَيْرَةَ فَرَجَعْتُ إِلَى رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَأَجْهَشْتُ بُكَاءً وَرَكِبَنِي عُمَرُ فَإِذَا هُوَ عَلَى أَثَرِي فَقَالَ لِي رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم مَا لَكَ يَا أَبَا هُرَيْرَةَ . قُلْتُ لَقِيتُ عُمَرَ فَأَخْبَرْتُهُ بِالَّذِي بَعَثْتَنِي بِهِ فَضَرَبَ بَيْنَ ثَدْيَىَّ ضَرْبَةً خَرَرْتُ لاِسْتِي قَالَ ارْجِعْ . فَقَالَ لَهُ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَا عُمَرُ مَا حَمَلَكَ عَلَى مَا فَعَلْتَ . قَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ بِأَبِي أَنْتَ وَأُمِّي أَبَعَثْتَ أَبَا هُرَيْرَةَ بِنَعْلَيْكَ مَنْ لَقِيَ يَشْهَدُ أَنْ لاَ إِلَهَ إِلاَّ اللَّهُ مُسْتَيْقِنًا بِهَا قَلْبُهُ بَشَّرَهُ بِالْجَنَّةِ . قَالَ نَعَمْ . قَالَ فَلاَ تَفْعَلْ فَإِنِّي أَخْشَى أَنْ يَتَّكِلَ النَّاسُ عَلَيْهَا فَخَلِّهِمْ يَعْمَلُونَ . قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَخَلِّهِمْ .
حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں کہ ہم رسول اللہﷺ کے گرد بیٹھے ہوئے تھے اور حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ سمیت اور لوگ بھی تھے۔ رسول اللہﷺ ہمارے درمیان سے اٹھ کر چلے گئے مگر آپؐ کو واپسی میں دیر ہو گئی اور ہم ڈرے کہ آپؐ ہم سے کٹ نہ جائیں اور ہم گھبراگئے اور اُٹھ کھڑے ہوئے۔ سب سے پہلے مجھے فکر پیدا ہوئی تو میں رسول اللہﷺ کو ڈھونڈنے کے لئے باہر نکل پڑا، یہاں تک کہ میں انصارؓ کے ایک باغ کے پاس آیا جو بنو نجار کا تھا۔ میں نے اس کے گرد چکر لگایا کہ دروازہ ڈھونڈوں مگر میں نے دروازہ نہ پایا۔ پھر دیکھا کہ پانی کی ایک کھال باہر ایک کنویں سے باغ کے اندر جاتی ہے۔ ربیع بڑی کھال کو کہتے ہیں ٭۔ میں اس میں لومڑی کے سمٹنے کی طرح سمٹ سمٹا کرداخل ہوا اور رسول اللہﷺ کے پاس چلا گیا۔ آپؐ نے پوچھا ابوہریرہ؟ میں نے کہا: جی ہاں یا رسول اللہ!فرمایا کیابات ہے؟ میں نے کہا آپؐ ہمارے درمیان تشریف فرما تھے پھر آپؐ اُٹھ کھڑے ہوئے مگر واپسی میں آپؐ کو دیر ہو گئی تو ہم ڈر گئے کہ آپؐ ہم سے کٹ نہ جائیں تو ہم گھبرا گئے۔ سب سے پہلے مجھے فکر پیدا ہوئی اور میں اس باغ کے پاس آیا اور لومڑی کی طرح سمٹ کر اس باغ میں داخل ہوا اور وہ لوگ میرے پیچھے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا اے ابو ہریرہ اور مجھے اپنے جوتے دئیے اور فرمایا: میرے یہ دونوں جوتے لے جاؤ اور جو کوئی اس باغ کے پرے تمہیں ملے اور یہ گواہی دیتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی قابلِ عبادت نہیں اور دل سے اس پر یقین رکھتا ہو اسے جنت کی بشارت دے دو۔ میں سب سے پہلے حضرت عمرؓ سے ملا انہوں نے کہا اے ابوہریرہ! یہ جوتے کیسے ہیں؟ میں نے کہا: یہ رسول اللہﷺ کے جوتے ہیں اور آپؐ نے مجھے ان دونوں کے ساتھ بھیجا ہے کہ میں جس سے ملوں اور وہ گواہی دیتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی معبودنہیں اور دل سے اس پر یقین رکھتا ہو تو میں اسے جنت کی بشارت دے دوں۔ اس پر حضرت عمرؓ نے میرے سینہ پر اپنا ہاتھ مارا اور میں پشت کے بل گرا اور انہوں نے کہا: اے ابوہریرہؓ ! واپس جاؤ۔ میں رسول اللہﷺ کے پاس گیا اور رونے ہی لگا تھا کہ حضرت عمرؓ بھی میرے پیچھے پیچھے آ پہنچے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایااے ابوہریرہ! تمہیں کیا ہوا؟ میں نے کہامَیں عمرؓ سے ملا تھا اور اُن سے جو آپؐ نے مجھے دے کر بھیجا تھا بیان کیا۔ تو عمرؓ نے مجھے سینہ پر زور سے مارا، میں پشت کے بل گر گیا۔ انہوں نے کہاواپس جاؤ۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا اے عمر! تم نے ایسا کیوں کیا؟ انہوں نے کہا: یا رسول اللہ ! میرے ماں باپ آپؐ پر فدا ہوں، کیا آپؐ نے اپنی جوتیوں کے ساتھ ابو ہریرہ ؓ کو بھیجا تھا کہ جو اسے ملے اور وہ گواہی دیتا ہو کہ اللہ کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں اور اس کا دل اس بات پر یقین رکھتا ہو اسے جنت کی بشارت دے دے؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ انہوں نے کہا: ایسا نہ کیجیے کیوں کہ مجھے ڈر ہے کہ لوگ اسی پر بھروسہ کرنے لگ جائیں گے۔ آپؐ ان کوعمل کرنے دیں۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا اچھا رہنے دو۔
حضرت انسؓ بن مالک سے روایت ہے کہ اللہ کے نبیﷺ سواری پر تھے اور حضرت معاذ ؓ بن جبل آپؐ کے ساتھ پیچھے بیٹھے ہوئے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اے معاذ! انہوں نے عرض کیا: میں حاضر ہوں یا رسول اللہ اور یہ میری سعادت ہے۔ آپؐ نے فرمایا اے معاذ!انہوں نے پھر عرض کیامیں حاضر ہوں یارسول اللہ اور یہ میری سعادت ہے۔ آپؐ نے پھر فرمایا: اے معاذ! انہوں نے کہا: یا رسول اللہ ! میں حاضر ہوں اور یہ میری سعادت ہے۔ آپؐ نے فرمایا جو بندہ بھی یہ گواہی دے گا کہ اللہ کے سوا کوئی معبودنہیں اور محمدؐ اس کے بندے اور اس کے رسول ہیں تو اللہ تعالیٰ اسے آگ پر حرام قرار دے گا۔ حضرت معاذ ؓ نے کہا: یا رسولؐ اللہ !کیا میں یہ لوگوں کو بتا نہ دوں کہ وہ خوش ہو جائیں؟ آپؐ نے فرمایااس صورت میں وہ (اس پر) بھروسہ کربیٹھیں گے۔ چنانچہ حضرت معاذ ؓ نے اپنی موت کے وقت گناہ سے ڈرتے ڈرتے یہ حدیث بیان کردی۔
حضرت محموؓ د بن ربیع کہتے ہیں کہ میں مدینہ آیا تو حضرت عتبان بن مالکؓ سے ملا۔ میں نے کہامجھے ایک حدیث آپ کی روایت سے پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا میری نظر کمزور ہو گئی تو میں نے رسول اللہﷺ کی خدمت میں پیغام بھیجا کہ میری خواہش ہے کہ آپؐ میرے گھر پر تشریف لائیں اور وہاں نماز پڑھیں تاکہ میں اس جگہ کو جائے نماز بنا لوں۔ چنانچہ نبیﷺ تشریف لائے اور آپؐ کے وہ صحابہؓ بھی جن کے متعلق اللہ نے چاہا داخل ہو گئے اور آپؐ میرے گھر میں نماز پڑھ رہے تھے۔ آپؐ کے صحابہؓ آپس میں باتیں کرنے لگے۔ پھر انہوں نے مالک بن دخشم پراس معاملہ کا (منافقوں سے تعلقات کا)الزام لگایا راویوں نے کہا کہ انہوں نے چاہا کہ رسول اللہﷺ اس کے خلاف دعا کریں اور وہ ہلاک ہوجائے (اور) انہوں نے چاہا کہ اسے شر پہنچے۔ رسول اللہﷺ نماز سے فارغ ہوئے اور فرمایا کیا وہ گواہی نہیں دیتا کہ اللہ کے سوا کوئی معبودنہیں اور میں اللہ کا رسولؐ ہوں؟ صحابہؓ نے کہا وہ کہتا ہے مگر یہ بات اس کے دل میں نہیں ہے۔ آپؐ نے فرمایاجو شخص یہ گواہی دیتا ہے کہ اللہ کے سوا کوئی معبودنہیں اور میں اس کا رسولؐ ہوں نہ وہ آگ میں داخل ہوگا یانہ اس کو آگ کھائے گی۔ حضرت انسؓ کہتے ہیں مجھے یہ حدیث بہت اچھی لگی اور میں نے اپنے بیٹے سے کہا اسے لکھ لو چنانچہ اس نے لکھ لیا۔ حضرت عتبان بن مالکؓ کہتے ہیں کہ وہ نابینا ہو گئے تو انہوں نے رسول اللہﷺ کے پاس کہلا بھیجا کہ تشریف لائیں اور میرے لئے مسجد کی جگہ مقرر کر دیں چنانچہ رسول اللہﷺ تشریف لائے اور اس (یعنی عتبانؓ بن مالک) کی قوم بھی آگئی۔ ان میں سے ایک آدمی کا ذکرکیا گیا جسے مالک بن دخشم کہا جاتا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے سلیمان بن المغیرہ کی طرح روایت بیان کی۔