بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 130 hadith
ربیع بن سبرہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ نبیﷺ نے نکاح متعہ سے منع فرمایا ہے۔
ربیع بن سبرہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فتحِ مکہ کے موقع پر عورتوں سے متعہ کرنے سے منع فرمادیا تھا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا(ایک شخص کے نکاح میں ) کسی عورت اور اس کی پھوپھی اور نہ ہی کسی عورت اور اس کی خالہ کو اکٹھا کیا جائے۔
ربیع بن سبرہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے انہیں بتایا کہ رسول اللہﷺ نے فتحِ مکہ کے زمانہ میں عورتوں سے متعہ کرنے سے منع فرمایا تھا اور یہ کہ ان کے والدنے دو سرخ چادروں کے عوض متعہ کیا تھا٭۔
عروہ بن زبیرؓ بیان کرتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن زبیرؓ مکہ میں کھڑے ہوئے اور انہوں نے کہایقینا کچھ لوگ ہیں جن کے دلوں کو اللہ تعالیٰ نے اندھا کر دیا ہے۔ جیسا کہ ان کی آنکھوں کو اندھا کر دیا ہے۔ وہ متعہ(کے جواز) کافتویٰ دیتے ہیں ان کا اشارہ ایک شخص کی طرف تھا۔ پس اس شخص نے انہیں پکار کرکہا آپ خشک مزاج اور کم فہم انسان ہیں۔ میری عمر کی قسم! امام المتقینؐ کے زمانہ میں متعہ کیا جاتا تھا۔ اس سے اس کی مراد رسول اللہﷺ سے تھی۔ حضرت ابن زبیرؓ نے اس سے کہا تو پھر تم خود متعہ کر کے دیکھ لو۔ اللہ کی قسم! اگر تم نے ایسا کیا تو میں تمہیں تمہارے ہی پتھروں سے رجم کر ڈالوں گا۔ ابن شہاب کہتے ہیں مجھ سے خالد بن مہاجر بن سیف اللہ نے بیان کیا۔ کہ وہ ایک آدمی کے پاس بیٹھے ہوئے تھے کہ ان کے پاس ایک شخص آیا۔ اس نے ان سے متعہ کے بارہ میں فتویٰ پوچھا۔ انہوں نے اسے اس کی اجازت دی۔ تو انہیں ابن ابی عمرہ انصاری نے کہا ذرا توقف کریں ! اس نے کہا یہ کیا بات ہے؟ اللہ کی قسم ! (متعہ) امام المتقینؐ کے زمانہ میں کیا گیا تھا۔ ابن ابی عمرہ نے کہا اسلام کے ابتدائی زمانہ میں متعہ کی اجازت اس شخص کے لئے تھی جواس کے لئے اضطرار کی حالت میں ہو۔ مردار، خون اور سؤر کے گوشت (کی اضطراری رخصت کی طرح) پھر اللہ تعالیٰ نے دین کو محکم کیا اور اس سے منع فرمادیا۔ ایک اور روایت میں ہے کہ ربیع بن سبرہ جہنی بیان کرتے ہیں کہ ان کے والدنے بتایا کہ میں نے رسول اللہﷺ کے زمانہ میں بنی عامر کی ایک عورت سے دوسرخ چادروں کے عوض متعہ کیا تھا۔ پھر رسول اللہﷺ نے متعہ سے منع فرما دیا۔ ابن شہاب کہتے ہیں میں نے ربیع بن سبرہ کو یہ بات عمر بن عبدالعزیز سے کرتے سنااور میں بیٹھا ہوا تھا۔
ربیع بن سبرہ جہنی اپنے والد سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے متعہ سے منع کیا تھا اور آپؐ نے فرمایا تھاغور سے سنو! یہ تمہارے آج کے دن سے قیامت کے دن تک حرام ہے اور جو شخص کوئی چیز دے چکا ہے تو وہ اسے واپس نہ لے۔
حضرت علیؓ بن ابی طالب سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے خیبر کے دن عورتوں سے متعہ کرنے اور پالتو گدھوں کے گوشت کھانے سے منع فرمایا تھا۔ ایک اور روایت میں ہے کہ حضرت علی بن ابی طالب ؓ کسی شخص کو فرما رہے تھے کہ تو ایک گمراہ شخص ہے رسول اللہﷺ نے ہمیں منع فرمایا تھا باقی روایت پہلی روایت کی طرح ہے۔
حضرت علیؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے خیبر کے دن نکاح متعہ سے اور پالتو گدھوں کے گوشت سے منع فرمایا تھا۔
حضرت علیؓ کے بارہ میں روایت ہے کہ انہوں نے حضرت ابن عباسؓ کو عورتوں سے متعہ کرنے کے بارہ میں نرم رائے ظاہرکرتے ہوئے سنا اس پر انہوں نے فرمایا اے ابن عباس! ذرا توقف کرو۔ یقینا رسول اللہﷺ نے خیبر کے دن اس (متعہ)سے اور پالتو گدھوں کے گوشت سے منع فرمایا تھا۔
محمد بن علیؓ بن ابی طالب کے دو بیٹے حسن اور عبداللہ اپنے باپ سے روایت کرتے ہیں کہ انہوں نے حضرت علیؓ بن ابی طالب کو حضرت ابن عباسؓ سے کہتے سنا۔ رسول اللہﷺ نے خیبر کے دن عورتوں سے متعہ کرنے اور پالتو گدھوں کے گوشت سے منع فرمایا تھا۔