بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 130 hadith
یحیٰ بن یحیٰ بیان کرتے ہیں کہ میں نے مالک سے پوچھا کیا آپ کو عبداللہ بن فضل نے بتایا تھا کہ نافع بن جبیر نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا بیوہ اپنے ولی کی نسبت اپنے نفس کی زیادہ حق دار ہے اور کنواری لڑکی سے اس کے بارہ میں اجازت لی جائے اور اس کی خاموشی اس کی اجازت ہے۔ انہوں نے کہا ہاں۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے ان سے شادی کا فیصلہ کیا اور وہ سات سال کی تھیں اور ان کی آپؐ کے ہاں رخصتی ہوئی اور وہ نو سال کی تھیں اور اُن کے کھیلنے کا سامان ان کے ساتھ تھا اور آپؐ کی وفات ہوئی اور وہ اٹھارہ سال کی تھیں۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ نبیﷺ نے فرمایا بیوہ اپنے ولی کی نسبت اپنے نفس کی زیادہ حقدارہے اور کنواری لڑکی سے پوچھا جائیگا اس کی خاموشی اس کی اجازت ہے۔ ایک اور روایت میں ہے کہ بیوہ اپنے ولی سے اپنے نفس کی زیادہ حقدار ہے۔ اور کنواری سے اس کا باپ اس کے بارہ میں پوچھے گا اور اس کی خاموشی اس کی اجازت ہے۔ وہ بسا اوقات کہتے اس کی خاموشی اس کا اقرار ہے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپؓ فرماتی ہیں مجھ سے رسول اللہﷺ نے چھ سال کی عمر میں شادی کا فیصلہ فرمایا۔ میرا رخصتانہ ہوا اور میں نو برس کی تھی۔ وہ کہتی ہیں ہم مدینہ آئے تو ایک ماہ تک مجھے بخار آتا رہا اور میرے بال کانو ں تک رہ گئے۔ میرے پاس ام رومان آئیں اور میں جھولے (see saw) میں تھی اور میرے ساتھ میری سہیلیاں تھیں۔ انہوں (امِ رومان) نے مجھے بلایا اور میں ان کے پاس آئی۔ میں نہیں جانتی تھی کہ وہ مجھ سے کیا چاہتی ہیں۔ انہوں نے میرا ہاتھ پکڑااور مجھے دروازہ پر کھڑا کر دیا۔ میں تیز سانس لیتے ہوئے ھہ ھہ کر رہی تھی یہانتک کہ میرے سانس کی تیزی دور ہوئی تو انہوں نے مجھے ایک کمرہ میں داخل کر دیاتو کیا دیکھا کہ وہاں انصار کی عورتیں ہیں۔ انہوں نے کہا’’خیر اور برکت اور نیک قسمت کے ساتھ‘‘۔ (ام رومان) نے مجھے ان کے سپرد کر دیا۔ انہوں نے میرا سر دھویا اور مجھے تیارکیا۔ پھر چاشت کے وقت رسول اللہﷺ تشریف لائے تو انہوں نے مجھے آپؐ کے سپرد کر دیا۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپؓ فرماتی ہیں نبیﷺ نے میرے ساتھ شادی کا فیصلہ کیا اور میں چھ سال کی تھی اور میری رخصتی ہوئی اور میں نو سال کی تھی۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپؓ فرماتی ہیں رسول اللہﷺ نے ان سے شادی کا فیصلہ فرمایااور وہ چھ سال کی تھیں اور ان کی رخصتی ہوئی اور وہ نو سال کی تھیں اور آپؐ فوت ہوئے اور وہ اٹھارہ سال کی تھیں۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپؓ فرماتی ہیں مجھ سے رسول اللہﷺ نے ماہِ شوال میں نکاح کیا تھا اور شوال میں ہی میری رخصتی ہوئی۔ پس رسول اللہﷺ کی کون سی بیوی آپؐ کے پاس مجھ سے زیادہ نصیب والی ہوئی؟ راوی کہتے ہیں حضرت عائشہؓ پسند کرتی تھیں کہ ان کے خاندان کی عورتوں کی رخصتی شوال میں ہو۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ میں نبیﷺ کے پاس تھاکہ آپؐ کے پاس ایک شخص آیا اور آپؐ سے عرض کیا کہ اس نے ایک انصاری عورت سے شادی کا فیصلہ کیا ہے۔ رسول اللہﷺ نے اسے فرمایا کیا تو نے اسے دیکھا ہے؟ اس نے کہا نہیں۔ آپؐ نے فرمایا جاؤ اور اسے دیکھ لو! کیونکہ انصار کی عورتوں کی آنکھوں میں کچھ (نقص) ہوتا ہے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ایک شخص نبیﷺ کے پاس آیا اور اس نے کہا میں نے ایک انصاری عورت سے شادی کا فیصلہ کیا ہے۔ نبیﷺ نے اسے فرمایا کیا تو نے اس کو دیکھا ہے؟ کیونکہ انصار کی آنکھوں میں (بعض دفعہ) کچھ (نقص) ہوتا ہے۔ اس نے کہا میں نے اسے دیکھ لیا۔ آپؐ نے فرمایاکتنے(حق مہر) پرتو نے اس سے شادی کی ہے؟ اس نے کہا چار اوقیہ پر۔ نبیﷺ نے اسے فرمایا چار اوقیہ پر۔ گویاتم اس پہاڑ کے کونے سے چاندی تراش کرکے لاتے ہو۔ ہمار ے پاس تو نہیں ہے جو تمہیں دیں۔ یہ ہو سکتا ہے کہ ہم تمہیں ایک دستے میں بھیج دیں اور تم اس میں کچھ حاصل کرو۔ راوی کہتے ہیں پھر آپؐ نے ایک دستہ بنو عبس کی طرف بھیجا اور اس شخص کو اس میں بھیجا۔
سہل بن سعد ساعدی سے روایت ہے وہ کہتے ہیں ایک عورت رسول اللہﷺ کے حضور حاضر ہوئی اور کہا یا رسولؐ اللہ! میں اپنے نفس کو آپؐ کی خدمت میں ہبہ کرنے حاضر ہوئی ہوں۔ آپؐ نے اس کی طرف نظر اُٹھائی اور نیچے کر لی۔ پھر رسول اللہﷺ نے اپنا سر جھکا لیا۔ جب اس عورت نے دیکھا کہ رسول اللہﷺ نے اس کے بارہ میں کوئی فیصلہ نہیں فرمایا تو وہ بیٹھ گئی۔ آپؐ کے صحابہؓ میں سے ایک شخص کھڑا ہوا اور کہا یا رسولؐ اللہ! اگر آپؐ نہیں چاہتے تو اس کی شادی مجھ سے کر دیجئے۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا کیا تمہارے پاس کوئی چیز ہے؟ اس نے کہا نہیں۔ اللہ کی قسم یا رسولؐ اللہ!۔ آپؐ نے فرمایا اپنے گھر والوں کے پاس جاؤ اور دیکھو کہ تم کوئی چیز پاتے ہو۔ وہ گیا پھر لوٹ کر آیا اور کہا نہیں اللہ کی قسم! میں نے کوئی چیز نہیں پائی۔ رسول اللہﷺ نے فرمایا دیکھو، خواہ لوہے کی ایک انگوٹھی ہی ہو۔ وہ گیا پھر واپس آیا اور کہا اللہ کی قسم! یا رسولؐ اللہ! لوہے کی کوئی انگوٹھی بھی نہیں ہے البتہ میرا یہ ازار ہے _سہلؓ کہتے ہیں اس کے پاس (بدن ڈھاپنے کو) چادر نہ تھی۔ اس کا نصف(عورت کا) ہوا۔ اس پر رسول اللہﷺ نے فرمایاتم اپنے ازار کا کیا کرو گے؟ اگر یہ تم نے پہنا تو اس کے پہننے کو اس میں سے کچھ نہیں ہوگااور اگر اس نے اس کو پہنا تو تمہارے پہننے کے لئے اس میں سے کچھ نہ ہوگا۔ اس پر وہ آدمی بیٹھ گیایہانتک کہ کافی دیر بیٹھ رہنے کے بعد وہ کھڑا ہوا۔ رسول اللہﷺ نے اسے مڑ کرجاتے ہوئے دیکھا توآپؐ نے اس کے بارہ میں ارشاد فرمایااسے بلایا گیا جب وہ آیا توآپؐ نے ارشاد فرمایا تجھے قرآن میں سے کتنا یاد ہے؟ اس نے کہامجھے فلاں سورۃ یاد ہے اور فلاں سورۃ یاد ہے اس نے انہیں شمار کیا۔ آپؐ نے فرمایا تم انہیں زبانی پڑھ سکتے ہو؟ اس نے کہا ہاں۔ آپؐ نے فرمایا جاؤ جو قرآن تمہیں یاد ہے اس کے عوض وہ تمہاری ہو گئی۔ ایک اور روایت میں (اِذْھَبْ فَقَدْ مُلِّکْتَھَا بِمَا مَعَکَ مِنَ الْقُرْآنِ کی بجائے) اِنْطَلِقْ فَقَدْ زَوَّجْتُکَھَا فَعَلِّمْھَا مِنَ الْقُرْآنِ کے الفاظ ہیں یعنی جاؤ میں نے اس کو تم سے بیاہ دیا۔ پس تم اس کو قرآن سے کچھ تعلیم دو۔