بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 240 hadith
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے پردہ ہٹایا۔ لوگ صف باندھے حضرت ابوبکرؓ کے پیچھے کھڑے تھے۔ آپؐ نے فرمایا اے لوگو اب نبوت کی بشارتوں میں سے صِرف رؤیاصالحہ باقی رہ گئی ہے جسے مسلمان دیکھتا ہے یا اس کے لئے دکھائی جاتی ہے اور سنو کہ مجھے اس سے منع کیاگیا ہے کہ میں رکوع و سجدہ کی حالت میں قُرآن پڑھوں۔ جہاں تک رکوع کا تعلق ہے تو اس میں ربّ عزّ وجل کی عظمت بیان کرو اور جہاں تک سجدے کا تعلق ہے اُس میں خوب دُعا کرواور وہ اس لائق ہے کہ تمہارے حق میں قبول کی جائے۔ حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے پردہ ہٹایا۔ آپؐ کے سر پر پٹی بندھی ہوئی تھی اس بیماری میں جس میں آپؐ کی وفات ہوئی۔ پھر آپؐ نے تین دفعہ فرمایا اے اللہ کیا میں نے پیغام پہنچا دیا۔ اب نبوت کی بشارات میں سے صرف رؤیا صالحہ باقی رہ گئی ہے جو کوئی نیک بندہ دیکھتا ہے یا اس کے لئے دکھائی جاتی ہے۔ باقی روایت سفیان کی روایت کی طرح بیان کی۔
حضرت علیؓ بن ابی طالب کہتے ہیں کہ مجھے رسول اللہﷺ نے قرآن کی قرا ءت سے منع فرمایا ہے جبکہ میں رکوع یا سجدہ کر رہا ہوں۔
حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ مجھے اس سے منع کیا گیا ہے کہ میں (قرآن کی) قراءت کروں جبکہ میں رکوع میں ہوں اور وہ سند میں حضرت علیؓ کا ذکر نہیں کرتے۔
حضرت علیؓ بن ابی طالب کہتے ہیں کہ مجھے رسول اللہﷺ نے اس سے منع فرمایا کہ میں رکوع یا سجدہ کی حالت میں قراءت کروں۔
حضرت ابن عباسؓ حضرت علیؓ سے روایت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ مجھے میرے محبوبﷺ نے منع فرمایا کہ میں رکوع و سجدہ کی حالت میں قراءت کروں۔ حضرت ابن عباسؓ حضرت علیؓ سے روایت کرتے ہیں حضرت علیؓ نبیﷺ سے روایت کرتے ہیں کہ مجھے نبیﷺ نے منع فرمایا کہ میں قرآن کی قراءت کروں جبکہ میں رکوع میں ہوں۔ راویوں نے اپنی روایات میں سجدے میں اس کی ممانعت کاذکر نہیں کیا۔ عبد اللہ بن حنین نے ’’سجدہ میں‘‘ کے الفاظ کا ذکر نہیں کیا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ بندہ اپنے رب سے سب سے زیادہ قریب سجدہ کی حالت میں ہوتا ہے پس (اس میں ) کثرت سے دعا کیا کرو۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ اپنے سجدے میں یہ دعا کیا کرتے تھے، اے اللہ! میرے سب گناہ معاف فرمادے، چھوٹے اور بڑے پہلے اور بعد کے ظاہر اور پوشیدہ۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپ بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہﷺ اپنے رکوع اور سجدے میں بکثرت یہ دعا کیا کرتے تھے پاک ہے تو اے اللہ ہمارے رب! اور اپنی حمد کے ساتھ اے اللہ مجھے بخش دے۔ آپؐ قرآن کریم کی تعمیل فرماتے تھے٭۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے وہ بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہﷺ اپنی وفات سے قبل بکثرت یہ دعا کیا کرتے تھے پاک ہے تو اور اپنی حمد کے ساتھ میں تجھ سے بخشش طلب کرتا ہوں اور تیرے حضور توبہ کرتا ہوں۔ وہ (حضرت عائشہؓ ) بیان کرتی ہیں کہ میں نے عرض کیا یا رسول اللہ! یہ کیسے کلمات ہیں جو میں دیکھتی ہوں، آپؐ نے نئے رنگ میں کہنے شروع کر دئیے ہیں۔ آپؐ نے فرمایامیرے لئے میری امت میں ایک علامت مقرر کی گئی تھی کہ جب میں اس کو دیکھوں تویہ کہوں۔ اِذَا جَآئَ نَصْرُ اللّٰہِ وَالْفَتْحُ۔ ۔ ۔ سورۃ کے آخر تک۔