بِسْمِ ٱللّٰهِ ٱلرَّحْمٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Al Islam
The Official Website of the Ahmadiyya Muslim Community
Muslims who believe in the Messiah,
Hazrat Mirza Ghulam Ahmad Qadiani(as)
Showing 10 of 240 hadith
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ جب امام آمین کہے تو تم بھی آمین کہو کیونکہ جس کی آمین فرشتوں کی آمین سے موافقت کرگئی تو اس کے پہلے گناہ معاف کر دئیے جائیں گے۔ ابن شہاب کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ آمین کہا کرتے تھے۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی نماز میں آمین کہتا ہے اور فرشتے آسمان میں آمین کہتے ہیں اور ان میں سے ایک آمین دوسری سے موافقت پا جاتی ہے تو اس کے پہلے گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے انہوں نے کہاکہ رسول اللہﷺ نے فرمایا جب تم میں سے کوئی (نماز میں ) آمین کہتا ہے اور آسمان میں فرشتے بھی آمین کہتے ہیں اور ان میں سے ایک(آمین) دوسری سے موافقت پا جاتی ہے تو اس کے پہلے گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں۔
حضرت انس بن مالکؓ کہتے ہیں کہ نبیﷺ گھوڑے سے گر گئے اور آپؐ کا دایاں پہلو زخمی ہو گیا اور ہم آپؐ کے پاس آپؐ کی عیادت کے لئے آئے اور نماز کا وقت ہوگیا تو آپؐ نے ہمیں بیٹھ کر نماز پڑھائی اور ہم نے بھی آپؐ کے پیچھے بیٹھ کر نماز پڑھی پھر جب آپؐ نماز ادا فرماچکے تو فرمایا کہ امام اس لئے بنایا گیا ہے تاکہ اس کی اقتداء کی جائے۔ پس جب وہ تکبیر کہے تو تم بھی تکبیر کہو اور جب وہ سجدہ کرے تو تم بھی سجدہ کرو اور جب و ہ سر اٹھائے تو تم بھی سر اٹھاؤ اور جب وہ سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ کہے (سن لی اللہ نے اس کی جس نے اس کی تعریف کی) تو کہو رَبَّنَا وَلَکَ الْحَمْدُکہ اے ہمارے رب تمام تعریف تیرے ہی لئے ہے۔ اور جب وہ بیٹھ کر نماز پڑھائے تو تم سب بھی بیٹھ کرنماز پڑھو۔ حضرت انس بن مالکؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ گھوڑے سے گر گئے اور زخمی ہو گئے۔ آپؐ نے انہیں بیٹھ کر نماز پڑھائی۔ پھر راوی نے اسی طرح ذکر کیا ہے۔ ابن شہاب سے روایت ہے کہ مجھے حضرت انس بن مالکؓ نے بتایا کہ رسول اللہﷺ گھوڑے سے گر گئے اور آپؐ کا دایاں پہلو زخمی ہو گیا گزشتہ دونوں کی روایتوں کی طرح اور مزید کہا کہ جب وہ (امام) کھڑے ہوکر نماز پڑھے تو تم بھی کھڑے ہو کر پڑھو۔ حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ گھوڑے پر سوار ہوئے اور اس سے گر گئے تو آپؐ کا دایاں پہلو زخمی ہو گیا ان کی مذکورہ بالا روایت کی طرح اور اس میں یہ ہے کہ ’’جب وہ کھڑے ہوکر نمازپڑھے تو تم بھی کھڑے ہو کر نماز پڑھو۔ زہری سے روایت ہے کہ حضرت انسؓ نے مجھے بتایا کہ نبیﷺ اپنے گھوڑے سے گر گئے تو آپؐ کا دایاں پہلو زخمی ہو گیا۔ آگے انہوں نے روایت بیان کی لیکن اس میں یونس اور مالک والی زائد بات نہیں ہے۔
حضرت عائشہؓ سے روایت ہے آپؓ فرماتی تھیں کہ رسول اللہﷺ بیمار ہوئے تو آپؐ کے کچھ صحابہؓ آپؐ کی عیادت کے لئے آپؐ کے پاس آئے۔ رسول اللہﷺ نے بیٹھ کر نماز پڑھائی تو وہ کھڑے ہوکر آپؐ کے ساتھ نماز پڑھنے لگے۔ آپؐ نے ان کو اشارہ کیا کہ بیٹھ جاؤ۔ تو وہ سب بیٹھ گئے، پھر جب آپؐ نے سلام پھیرا توفرمایا کہ امام اس لئے بنایا گیا ہے تاکہ اس کی اقتداء کی جائے۔ جب وہ رکوع کرے تو تم بھی رکوع کرو اور جب وہ سر اٹھائے تو تم بھی سر اٹھاؤ اور جب وہ بیٹھ کر نماز پڑھے تو تم بھی بیٹھ کر نماز پڑھو۔
حضرت جابرؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ رسول اللہﷺ بیمار ہوئے تو ہم نے آپؐ کے پیچھے نماز شروع کی اور آپؐ بیٹھے ہوئے تھے اور حضرت ابوبکرؓ لوگوں کو آپؐ کی تکبیر سناتے تھے۔ آپؐ نے ہماری طرف توجہ کی اور آپؐ نے ہمیں کھڑے دیکھا تو آپؐ نے ہمیں اشارہ کیااور ہم بیٹھ گئے اور آپؐ کے ساتھ بیٹھ کر نماز پڑھی۔ جب آپؐ نے سلام پھیرا تو فرمایا کہ قریب تھا کہ ابھی تم اہل فارس وروم کی طرح کرتے جو اپنے بادشاہوں کے سامنے کھڑے ہوتے ہیں جبکہ وہ (بادشاہ) بیٹھے ہوتے ہیں۔ پس تم ایسا مت کروبلکہ اپنے اماموں کی پیروی کرو اگر وہ کھڑے ہوکر نماز پڑھائے تو تم بھی کھڑے ہوکر نماز پڑھو۔ اگر وہ بیٹھ کر نماز پڑھائے تو تم بھی بیٹھ کر نماز پڑھو۔ حضرت جابرؓ سے روایت ہے وہ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے ہمیں نماز پڑھائی جبکہ حضرت ابو بکرؓ آپؐ کے پیچھے تھے۔ پس جب رسول اللہﷺ تکبیر کہتے تو حضرت ابوبکرؓ ہمیں سنانے کے لیے تکبیر کہتے۔ پھر انہوں نے لیث کی روایت کی طرح بیان کیا۔
حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ امام تو اس لئے ہے کہ اس کی اقتداء کی جائے۔ پس اس سے اختلاف نہ کرو۔ اور جب وہ تکبیر کہے تو تم بھی تکبیر کہو جب وہ رکوع کرے تو تم بھی رکوع کرو اور جب وہ سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ کہے (سن لی اللہ نے اس کی جس نے اس کی تعریف کی) تو کہا کرو اللّٰہُمَّ رَبَّنَا لَکَ الْحَمْد اے اللہ ہمارے رب سب تعریف تیرے لئے ہے۔ جب وہ سجدہ کرے تو تم بھی سجدہ کرو جب وہ بیٹھ کر نماز پڑھائے تو تم سب بیٹھ کر نماز پڑھو۔
حضرت ابو ہریرہؓ کہتے ہیں کہ رسول اللہﷺ ہمیں تعلیم دیتے تھے۔ فرماتے تھے امام سے پہل نہ کرو جب وہ تکبیر کہے تو تم بھی تکبیر کہو اور جب وہ وَلَا الضَّآلِّیْنَ کہے تو آمین کہو اور جب وہ رکوع کرے تو تم بھی رکوع کرو اور جب وہ سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ کہے (سن لی اللہ نے اس کی جس نے اس کی تعریف کی) تو کہو اللّٰہُمَّ رَبَّنَاَ لَکَ الْحَمْدکہ اے اللہ ہمارے رب ! تمام تعریف تیرے ہی لئے ہے۔ ایک دوسری روایت میں بھی حضرت ابو ہریرہؓ رسول اللہﷺ سے اسی طرح روایت کرتے ہیں سوائے اس قول کے کہ جب وہ وَلََاالضَّآلِّیْنَ کہے تو تم آمین کہو اور مزید یہ کہا کہ اس سے پہلے نہ اٹھو۔
حضرت ابو ہریرہؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا کہ امام توڈھال ہوتاہے پس جب وہ بیٹھ کر نماز پڑھے تو تم بھی بیٹھ کر نماز پڑھو اور جب وہ سَمِعَ اللّٰہُ لِمَنْ حَمِدَہٗ کہے (سن لی اللہ نے اس کی جس نے اس کی تعریف کی) تو کہو اللّٰہُمَّ رَبَّنَا لَکَ الْحَمْدیعنی اے اللہ ہمارے رب! تمام حمد تیرے ہی لئے ہے۔ پس جب زمین والوں کی بات آسمان والوں کی بات سے موافقت پاجائے تو اس کے گذشتہ گناہ معاف کر دئیے جاتے ہیں۔